۳۱ فروردین ۱۴۰۳ |۱۰ شوال ۱۴۴۵ | Apr 19, 2024
حجۃ الاسلام محمد شریف

حوزہ/صدر جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن قم نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انسان کی کامیابی کے راز کو والدین کے احترام اور ان کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ میں حوزہ نیوز کے نامہ نگار جعفر حسن سبحانی کے والد محترم معلم قرآن مرحوم حاجی اسحاق کے چہلم کی مناسبت سے قرآن خوانی اور مجلس ترحیم منعقد ہوئی جس میں جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن کے اراکین سمیت علمائے کرام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام محمد شریف میر نے مرحوم و مغفور کی قرآنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور آیات اور روایات کی روشنی میں انسان کی دنیوی اور اخروی کامیابی کے دارومدار کو والدین کے احترام اور ان کی دعا کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں تقریباً 5 مقامات پر اللہ تعالیٰ نے اپنی وحدانیت کا اعلان کرتے ہوئے والدین کے ساتھ نیکی کا بھی حکم دیا ہے،اس کے علاوہ متعدد روایات میں بھی اس بات پر تاکید ہوئی ہے۔

جواد الائمہ اسلامک فاؤنڈیشن کے صدر نے رسول اللہ(ص)کی ایک حدیث کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ نے فرمایا:نظر الولد الی والدیه حبا لھما عبادة.بچوں کا اپنے والدین کے چہرے کی طرف محبت بھری نگاہ سے دیکھنا عبادت ہے۔

حجۃ الاسلام محمد شریف نے والدین کی وفات کے بعد بھی ان کی دعاؤں کے آثار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام(ص)فرماتے ہیں:من زار قبر والديه أو أحدهما فى كل جمعة غفر الله له و كتب بِرّا.جو شخص ہر جمعے کو اپنے والدین کی قبر کی زیارت کرے یا دونوں میں سے کسی ایک کی قبر پر حاضری دے،تو اللہ تعالیٰ اس کے تمام گناہوں کو بخش دے گا اور اس کے نامہ اعمال میں ایک نیکی لکھے گا،لہذا ہمیں اپنے والدین کی قدر و منزلت کو جاننے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنے والدین کی نافرمانی کرے یا ان کو دکھ پہنچائے تو یہ عمل خداوند متعال کے غضبناک ہونے کا سبب بنے گا حدیث میں آیا ہے کہ علی علیہ السلام فرماتے ہیں:مَنْ احزنَ والديه فقد عاقهما.جس نے اپنے ماں باپ کو دکھ پہنچایا گویا وہ ان کی طرف سے عاق ہو گیا۔
اس کے علاوہ بڑے بڑے علمائے کرام اور بزرگوں کی زندگی کا مطالعہ کرنے سے بھی یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ ان کی کامیابی میں والدین کا کتنا کردار ہے۔آیۃ اللہ العظمی سید شہاب الدین مرعشی،رہبر معظم انقلاب حضرت امام خامنہ ای اور شہید مرتضی مطہری کے حالات زندگی میں یہ بات ملتی ہے کہ یہ حضرات فرماتے ہیں کہ ہماری کامیابی کی اصل وجہ والدین کی دعا ہے۔

حجۃ الاسلام شریف میر نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زندگی میں ان کی والدہ گرامی کی دعاؤں کے آثار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دفعہ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کوہ طور پر گئے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے پہلے کی نسبت عنایات نہیں ہوئیں تو آنحضرت نے سوال کیا کہ اے اللہ کیا مجھ سے کوئی خطا سرزد ہوئی ہے؟ تو آواز آئی موسیٰ اس سے پہلے تمہارے ساتھ تمہاری ماں کی دعا بھی تھی لیکن اب تمہاری ماں اس دنیا سے رخصت ہو گئیں ہیں۔ایک اور واقعہ ملتا ہے کہ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے دنیا میں ہی آخرت میں اپنے ہمسایہ کو دیکھنے کی خواہش کی تو اللہ تعالیٰ نے شہر کے قصاب کو دکھایا،اس قصاب کی خصوصیت یہ تھی کہ وہ اپنی بوڑھی ماں کی خدمت کرتا تھا۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جو شخص اپنے والدین کی خدمت اور ان کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے گا اسے قیامت کے دن اللہ رب العزت اولوالعزم انبیاء علیہم السلام کی ہمسائیگی میں جگہ عنایت فرماتا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .