حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نوابشاھ کے گوٹھ اللہ رکھیو کانھیو کی مسجد میں خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے صالحین سے روئے زمین کی حاکمیت کا جو وعدہ کیا ہے وہ یقینی ہے اور ہمیں خدا کے وعدوں پر یقین ہے۔ دنیا بھر میں مستکبرین کی ذلت ورسوائی کے ساتھ شکست کے بعد مستضعفین عالم کی رہبری کے دور کا آغاز ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام عراق افغانستان کے بعد دنیا بھر میں شیطان بزرگ امریکہ کی شکست کے بعد اب کوئی اسے سپر پاور ماننے کے لئے تیار نہیں۔ مشرق وسطی کے ہر محاذ پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی یکے بعد دیگرے شکست کے بعد اب انقلابی افکار کی حامل اسلامی تحریکیں اور مقاومتی بلاک ایک قوت بن کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ واضح ہو رہا ہے اور صف بندی جاری ہے ہم حق و باطل کے اس معرکے میں بے طرف اور تماشائی نہیں بلکہ ہم حق اور اھل حق کے ساتھ ہیں۔ ہم باطل اور اھل باطل کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منتظرین امام مہدی علیہ السلام کو با بصیرت ہونا چاہیے اور وہ حق و باطل کے معرکے پر گہری نگاہ رکھیں۔ زمانے کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والا دھوکہ نہیں کھاتا۔