جمعرات 24 اپریل 2025 - 21:41
طلاب کشمیر مقیم نجف کی بزرگ عالم دین علامہ مہدی القرشی سے ملاقات

حوزہ/نجف اشرف میں مقیم طلابِ کشمیر نے مولانا سید ذہین علی نجفی کے ہمراہ حوزہ نجف اشرف کے جلیل القدر عالم دین، علامہ مہدی باقر شریف القرشی سے ملاقات اور مختلف امور پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ مہدی القرشی نے اپنی گفتگو کا آغاز حضرت علی علیہ السلام کی معروف وصیت سے کیا:"اُوصیکم بتقوی اللّٰہ و نَظمِ امرکم"یعنی: "میں تمہیں اللہ سے ڈرنے اور اپنے امور کو منظم رکھنے کی وصیت کرتا ہوں۔"

انہوں نے طلاب کرام کو نہایت شفقت و بصیرت کے ساتھ تاکید کی کہ کامیاب زندگی کا راز "نظم و ضبط" میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ ہم سب اس دنیا میں عارضی مہمان ہیں، لہٰذا ہمیں اپنی آخرت کی تعمیر پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

علامہ قرشی صاحب نے طلاب کو مختلف واقعات اور عملی مثالوں کے ذریعے نصیحت کرتے ہوئے واضح کیا کہ علم کا حصول صرف شوق سے نہیں، بلکہ مسلسل جدوجہد اور اخلاص سے ممکن ہے۔ ایک محنت کش ذہین طالب علم کی مثال دی گئی جو محض کپڑوں کی کمی کے باعث طنز کا نشانہ بنتا تھا، مگر اس نے درس کا وقت ضائع ہونے کے خوف سے لباس بدلنے کو بھی علم پر ترجیح نہ دی، یہ واقعہ اس بات کی روشن مثال ہے کہ علم کے لیے قربانی، نظم اور وقت کی قدر کتنی اہم ہے۔

انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اپنے وقت کو منظم کریں، نیتوں کو خالص رکھیں اور ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ"جو وقت کو ضائع کرتا ہے، وقت بھی اسے ضائع کر دیتا ہے۔"

آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلاب جو اس وقت جوارِ امیر المؤمنین علیہ السلام میں مقیم ہیں، انہیں اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں واپس جا کر یتیمانِ آل محمد علیہم السلام کی خدمت کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا — اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم اپنے تمام امور کو مرتب کریں اور سستی و غفلت کو خیرباد کہیں۔

علامہ مہدی باقر قرشی صاحب نے کہا کہ "میرے والدِ گرامی، مرحوم آیت اللہ باقر شریف القرشی رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے: 'جو شخص حقیقی کامیابی، دائمی سعادت، اور دنیا و آخرت کی بھلائی کا خواہاں ہو، اس پر لازم ہے کہ وہ امام حسین علیہ السلام کی خدمت کو اپنا شرف سمجھے، کیونکہ امام حسین علیہ السلام کی خدمت محض عمل نہیں، بلکہ ایک نورانی سعادت ہے، جو بندے کو قربِ الٰہی کے اعلیٰ مدارج تک پہنچا دیتی ہے۔'"

نجفِ اشرف کے اس عظیم بزرگ عالمِ دین نے فرمایا کہ طلابِ کشمیر نجفِ اشرف سے روحانی طور پر وابستہ ہیں، اور اس وابستگی کا بھرپور فائدہ اٹھانا بہت ضروری ہے۔ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، اس لیے ہمیں جاگنا ہوگا اور اپنے مقصد کو پورا کرنے کے لیے مؤثر انداز سے مسلسل محنت کرنا ہوگی۔

ملاقات کے اختتام پر علامہ قرشی نے سید ذہین علی نجفی کو طلاب کشمیر کا مسؤل مقرر کیے جانے کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا، ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اخلاص و جذبے سے طلاب کی خدمت کریں گے۔

طلاب کشمیر مقیم نجف کی بزرگ عالم دین علامہ مہدی القرشی سے ملاقات

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha