جمعہ 18 اپریل 2025 - 19:59
آقا سید باقر موسوی الصفوی کی زندگی علم، تقویٰ، اخلاص اور خدمتِ خلق کا درخشاں نمونہ تھی

حوزہ/ جمعیتِ العلماء اثنا اثنا عشریہ کرگل نے جموں وکشمیر کے بزرگ عالم دین، عالم ربانی، فقیہ اہل بیتؑ آقا سید محمد باقر الموسوی النجفیؒ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیتِ العلماء اثنا اثنا عشریہ کرگل کے تعزیتی پیغام کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے:

إنا لله وإنا إليه راجعون

حوزہ/مرجع عالی قدر جہان تشیع حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے معتمد و نمائندہ، عالم ربانی، فقیہ اہل بیتؑ، آیت اللہ آغا سید محمد باقر الموسوی النجفیؒ کی وفات کی اندوہناک خبر سے دل انتہائی رنجیدہ اور غم زدہ ہے۔

مرحوم ایک جلیل القدر عالم دین، صاحبِ نظر مفکر، کہنہ مشق خطیب، مایہ ناز شاعر، اور روحانی پیشوا تھے جن کی زندگی علم، تقویٰ، اخلاص اور خدمتِ خلق کا درخشاں نمونہ تھی۔ جموں و کشمیر و لداخ کے مومنین آج ایک ایسے چراغ سے محروم ہو گئے ہیں، جس کی روشنی نے کئی دہائیوں تک قلوب و اذہان کو منور کیا۔ ان کی رحلت ایک ایسا خلا ہے جو مدتوں پُر نہ ہو سکے گا۔

آیت اللہ آغا سید باقر صاحبؒ نے جمعہ، 18 اپریل 2025 کی شب 12:56 بجے ایس ایم ایچ ایس اسپتال، سرینگر میں بارگاہِ رب العزت کی جانب رختِ سفر باندھا۔ ان کا انتقال نہ صرف بڈگام یا کشمیر کے لیے بلکہ عالمی شیعہ برادری کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے—چاہے وہ نجف و قم کے مدارس ہوں یا جموں، کشمیر و لداخ کے وہ بیدار دل جو ان کی رہنمائی، علم و حکمت، اور روحانی شفقت سے فیض یاب ہوتے رہے۔

مرحوم نے 21 مارچ 1940 کو بڈگام میں آنکھ کھولی۔ آپ نے تعلیم کا آغاز باب العلم سے کیا، اور بعد ازاں نجف اشرف کے مقدس حوزہ علمیہ میں اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی۔ سن 1982 سے آپ نے آغا خاندان کی تابناک علمی و دینی وراثت کو سنبھالا، اور آیت اللہ العظمیٰ آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ جیسے مجددِ شریعت کی روشن راہوں پر چلتے ہوئے ملت کی بےمثال خدمت فرمائی۔آپ کی ذات علم و عرفان کا مجسم پیکر تھی۔ آپ کی عربی، فارسی اور کشمیری زبان پر عبور نے آپ کو ایک بے مثال خطیب و ادیب بنایا۔ آپ کی تحریریں، تقاریر، اور علمی کاوشیں نسلوں کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔

آپ کو کرگل کے عوام، بالخصوص جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے گہری قلبی وابستگی تھی۔ آپ جمعیت العلماء اثناعشریہ کے ساتھ نہ صرف مسلسل رابطے میں رہتے تھے بلکہ اکثر رہنمائی و نصیحت فرمایا کرتے تھے۔ یہی نہیں بلکہ جمعیت العلماء اثناعشریہ پر اس قدر بھروسہ کرتے کہ روزے اور عید کے اعلان کرگل سے تصدیق کے بعد کرتے، جو آپ کے اخلاص اور وحدتِ ملت کے جذبے کی روشن دلیل ہے۔

ہم دعا گو ہیں کہ خداوند عالم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، اور ان کی علمی، فکری اور روحانی میراث کو ہمارے دلوں میں زندہ رکھے۔ اہل بیت علیہم السلام ان کا والہانہ استقبال فرمائیں، اور ان کی مقدس روح کو ابدی سکون و رضوان نصیب ہو۔

ہم أولاً امام امام عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف و ثانیاً مرجع عالم القدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی ، دیگر مراجع عظام و اساتید و طلاب حوزات علمیہ ثالثاًمرحوم ؒ کےاہل خانہ، بالخصوص ان کے صاحبزادے جناب سید ابو الحسن الموسوی، شاگردوں، عقیدت مندوں، اور تمام سوگواران کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔ جمعیت العلماء اثناعشریہ ،و مومنین کرگل و لہ بھی اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

ولا حول و لا قوة إلا بالله العلي العظيم

شریک غم: شیخ ناظر مہدی محمدی، صدرِ جمعیتِ العلماء اثنا عشریہ کرگل (لداخ)

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha