حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیبِ اعظم ہال، تنظیم المکاتب جموں و کشمیر میں ایک روح پرور نشست کا انعقاد ہوا، جس میں مکاتبِ امامیہ تنظیم المکاتب کشمیر کے فارغ التحصیل طلاب نے بھرپور شرکت کی۔
یہ نشست، جسے "Alumni Meet " کا عنوان دیا گیا تھا؛ دینداری، اتحاد اور خدمتِ دین کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔

نشست کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد فارغ التحصیل طلاب نے ایک دوسرے سے ملاقات کی، پرانی یادوں کو تازہ کیا، اور دینی خدمات میں اپنے تجربات اور جذبے کو پیش کیا۔
اس موقع پر کئی بزرگ خادمانِ تحریک بھی شریک ہوئے، جن سے نوجوان طلاب نے ملاقات کر کے تحریکِ دینداری کے ابتدائی ادوار کی جھلک دیکھی۔

پروگرام کی ایک خاص بات تحریکِ دینداری کی زندہ یادگاروں کی پیشکش تھی، جنہوں نے اپنی جدوجہد اور خلوص سے قوم میں دینداری کی شمع روشن رکھی۔ فارغ التحصیل طلاب نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے اس ادارے کی تعلیم و تربیت کو اپنی عملی زندگی کی بنیاد قرار دیا۔
ادارے کی موجودہ کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا اور علمائے کرام نے اپنے خطابات میں دینداری کی اہمیت، دینی شعور اور تنظیم کی آئندہ راہوں پر بصیرت افروز نکات پیش کیے۔
تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی کہ یہ نشست فارغ التحصیل طلاب کے لیے ایک نئی روحانی توانائی کا سبب بنے اور وہ معاشرے میں دینی ماحول سازی میں پہلے سے زیادہ فعال کردار ادا کریں۔











آپ کا تبصرہ