حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ شہید ڈاکٹر حسین امیر عبد اللہیان کی پہلی برسی کے موقع پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور عقیدت کے ساتھ خراجِ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عظیم شخصیات عصر حاضر میں اسلامی اقدار، عالمی مظلومین کی حمایت، اور استکباری قوتوں کے خلاف مزاحمت کی تابندہ علامت تھیں۔
آغا سید حسن نے کہا کہ شہید رئیسی ایک جری، دیندار، انقلابی اور دردِ ملت رکھنے والے قائد تھے، جنہوں نے اسلامی انقلاب کے اصولوں پر مضبوطی سے کار بند رہتے ہوئے عالمی سطح پر اسلامی اخوت اور وحدت کے پیغام کو عام کیا؛ اُن کی زندگی عدل، شفافیت، اخلاص اور خدمت کا پیکر تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید امیر عبد اللہیان کی شخصیت مزاحمتی سفارت کاری کی روشن مثال تھی؛ انہوں نے دنیا کے تمام فورمز پر فلسطین، یمن، شام اور لبنان کے مظلوم عوام کے حق میں دو ٹوک مؤقف اختیار کر کے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔
آغا صاحب نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ، ملت ایران، اور شہداء کے خانوادوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔









آپ کا تبصرہ