ہفتہ 10 مئی 2025 - 19:14
بانی انجمنِ شرعی شیعیان آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ کی برسی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین

حوزہ/بانی انجمنِ شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ کی برسی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اس موقع پر انجمنِ شرعی کے موجودہ صدر نے مرحوم کی نمایاں علمی، مذہبی اور سماجی خدمات کو تاریخ کشمیر کا زرین باب قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بانی انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید یوسف الموسوی الصفویؒ کی برسی کی مناسبت حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام اور مکتب الزہراء سلام اللہ علیہا حسن آباد سرینگر میں ایک مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، مجلس سے پہلے آغا مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

آغا مرحوم کی دینی سماجی اور فلاحی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو یاد کیا اور کہا مرحوم و مغفور نے اپنی انتھک کاوشوں کے ذریعہ معاشرہ میں اسلامی اقدار کو نشاۃ ثانیہ عطا کی اور دینِ حق کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کے قیام اور بقا میں بھرپور کردار ادا کیا۔

آغا صاحب نے مرحوم کی تصانیف کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے جوان نسل پر زور دیا کہ وہ مرحوم کے افکار وخیالات کا بغور مطالعہ کریں چونکہ مرحوم دور اندیش اور بلد افکار کے مالک تھے، آج بھی کشمیر کے طول و عرض میں دین و شریعت اور ملی مفادات کی حفاظت کے لئے انجمن شرعی شیعیان دار المصطفیٰ ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہےاور اپنے اسلاف کےعظیم مشن کی آبیاری واستحکام کے لئے کوشاں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha