جمعہ 25 اپریل 2025 - 20:57
پہلگام سانحے کے خلاف بڈگام میں انجمنِ شرعی شیعیان کے تحت احتجاجی جلوس/ ایسے سانحات انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں، آقا سید حسن

حوزہ/پہلگام اننت ناگ میں ہونے والے سفاکانہ اور دہشتگردانہ حملے کے خلاف انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے زیرِ اہتمام تمام جمعہ مراکز پر، آج بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بڈگام میں بعد از نمازِ جمعہ مرکزی امام باڑہ بڈگام سے تنظیم کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں احتجاجی جلوس برآمد کیا گیا، جلوس میں شامل ہزاروں مظاہرین نے دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مین چوک بڈگام تک مارچ کیا۔

انجمن کے صدر آقا سید حسن صفوی نے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ اور دہشت گردانہ اقدامات انسانیت اور اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں، اسلامی تعلیمات کے مطابق کسی بھی انسان کا ناحق قتل تمام انسانوں کو قتل کرنے کے مترادف ہے؛ کشمیری مسلمان طویل عرصے سے دنیا بھر میں اپنی مثالی مہمان نوازی کے لیے مشہور رہے ہیں، مذہب و ملت کی تمیز کے بغیر، ہر مشکل میں پھنسے سیاح کو پناہ دینا، مدد فراہم کرنا، کشمیری روایت کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام میں پیش آنے والا خونی واقعہ نہ ہمارے اخلاق کی ترجمانی کرتا ہے اور نہ ہی ہماری سرزمین کے کردار کی، یہ واقعہ اُن عناصر کی کارستانی ہے جو کشمیریوں کی ساکھ، تہذیب، اور معیشت کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔

آغا صاحب نے کہا کہ پہلگام حملے پر مجموعی طور کشمیر دم بخود ہوچکا ہے، کیونکہ اس کا درد ہم سے زیادہ اور کوئی محسوس نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور ایسی حکمت عملی ترتیب دی جائے، تاکہ آئندہ یہ واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔

آقا سید حسن موسوی الصفوی نے کشمیر سے باہر مقیم کشمیریوں خاص کر طلباء کی طرف سے پہلگام کے گھناؤنے واقعے کے بعد جو خوف اور پریشانی کا اظہار کیا جا رہا ہے، ان پر حملے کئے جا رہے ہیں اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مداخلت کرکے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha