بدھ 7 مئی 2025 - 08:15
مولانا وسیم رضا کشمیری کی سابق نمائندۂ ولی فقیہ ہند سے ملاقات

حوزہ/مولانا وسیم رضا کشمیری نے ہندوستان میں ولی فقیہ کے سابق نمائندے حجت الاسلام والمسلمین مہدی مہدوی پور سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستان میں ۱۵ سالہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں کشمیری عوام کی جانب سے لوح سپاس پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے مولانا وسیم رضا نے اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر مقدس قم میں معروف عالم دین اور ہندوستان میں رہبرِ انقلابِ اسلامی کے سابق خصوصی نمائندے حجت الاسلام والمسلمین مہدی مہدوی پور سے ملاقات کی اور ان کی 15 سالہ دینی، علمی، سماجی اور اصلاحی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جانب سے انہیں لوح سپاس پیش کیا۔

ملاقات کے دوران عالم اسلام سے جڑے کئی اہم مسائل اور ہندوستان کی سیاسی اور سماجی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی جن میں فرقہ واریت، انتہا پسندی، عالمی جغرافیائی سیاسیات کے مقامی سطح پر اثرات اور سماجی و سیاسی بحرانوں سے نمٹنے میں علماء کی قیادت کا کردار شامل ہے۔

جامعۃ المصطفیٰ حوزہ علمیہ قم میں زیر تعلیم مولانا وسیم رضا کشمیری نے رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے سابق نمائندے حجت الاسلام مہدی مہدوی پور کی ہندوستان میں پندہ سال مخلصانہ خدمت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے معارف قرآن و تعلیمات اہل بیت علیہم السلام کی ترویج، مسلمانوں کے درمیان تقریب، ادیان و مذاہب کے مابین ہم آہنگی، دینی طلاب و یونیورسٹی طلباء کی حمایت و رہنمائی، محتاج و مساکین کی امداد، مساجد و دینی مراکز کی تعمیر و ترقی، کتابوں کی اشاعت اور ترجمے کو فروغ وغیرہ کے حوالے انتھک کوششیں کیں، جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد کرے گی۔

مولانا نے کہا کہ حجت الاسلام مہدی مہدوی پور کی رہنمائی، نصائح اور بے لوث محبت نے میرے فکری و شخصی سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آخر میں ولایت ٹائمز کے مؤسس و مدیر مولانا وسیم رضا قمی نے کشمیر کے غیور و قدر شناس عوام کی جانب سے سابق نمائندۂ رہبری کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں انہیں لوح سپاس بھی پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha