حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ نجف اشرف کے زیرِ سایہ کام کرنے والے ممتاز تبلیغی و علمی فورم "نجف اناونسمنٹ" کی دس سالہ انتھک، بامقصد اور اصولی خدمات کے اعتراف میں ایک شاندار، باوقار اور روحانی فضا سے لبریز تکریمی نشست منعقد کی گئی۔
تقریب کے بانی و روحِ رواں حافظ سید ذہین کاظمی ہیں، جو نہ صرف اس پلیٹ فارم کے مؤسس و ایڈمن ہیں بلکہ گزشتہ دہائی میں مسلسل حکمت، تدبر، بصیرت اور خلوص کے ساتھ اس کارِ تبلیغ میں پیش پیش رہے ہیں۔
نجف اناونسمنٹ کی امتیازی پہچان اس کا پروفیشنلزم، اعتدال اور اصول پسندی ہے۔ یہاں ذاتی پسند و ناپسند کو کبھی فوقیت حاصل نہیں ہوئی؛ بلکہ ہر قدم پر دینی وقار، علمی توازن اور فکری غیرجانب داری کو ترجیح دی گئی۔ حتیٰ کہ داخلی تنقید کی صورت میں بھی ایڈمنز نے اصولوں کی پاسداری کی، اور کبھی دین، مکتب یا اخلاق سے انحراف نہیں کیا۔
یہی وجہ ہے کہ آج نجف اشرف جیسے علمی و روحانی مرکز میں یہ فورم ایک معتبر اور باوقار تبلیغی و فکری پلیٹ فارم کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
اس مشن کو بامقصد بنانے میں حافظ سید ذہین کاظمی کے ہمراہ ایک باصلاحیت، متحرک اور باوقار ٹیم کا کردار ہے، جنہوں نے دل و جان سے دین کی خدمت کی۔ ان میں شامل ہیں:
شیخ تقی کربلائی
شیخ زوار حسین
شیخ منظر عباس
شیخ امیر حمزہ زائری
سید محمد رضا نقوی
سید امیر حیدر نقوی
سید ذوالقرنین رضوی
یہ تمام افراد سوشل میڈیا پر علمی توازن، اخلاقی وقار اور فکری سنجیدگی کے ساتھ دین کے مؤثر نمائندے بنے۔
تقریب کی پہلی نشست میں فورم کے مؤسس و ایڈمنز نے فرزندِ آیت اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی النجفی سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔
شیخ علی نجفی نے کہا کہ"آج سوشل میڈیا ایک فکری معرکہ ہے۔ اگر اہلِ دین خاموش رہیں تو بے دینی کے علمبردار اسے فتح کر لیں گے۔ ایسے میں نجف اناونسمنٹ جیسے فورمز کی موجودگی حوزہ کی طرف سے خاموش مگر مؤثر جواب ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ"میں آپ کی خدمات کا معترف ہوں، خاص طور پر آپ کے مؤسس سید ذہین کاظمی کی قیادت میں جو ٹیم تشکیل دی گئی ہے، وہ حوزہ کی عزت و حرمت کی پاسداری کا نمونہ ہے۔"
دوسری نشست میں برجستہ عالم دین، حضرت علامہ مہدی باقر قرشی نے شرکت کی اور اپنے پدرانہ انداز میں کہا کہ"نجف اناونسمنٹ کی ٹیم نے جس علمی، دینی اور اخلاقی وقار کے ساتھ سوشل میڈیا پر کام کیا ہے، وہ نہایت لائقِ تحسین ہے۔ یہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے لیے دعاگو ہوں کہ خدا انہیں توفیق خدمت اور ثباتِ قدم عطا فرمائے۔"
نمازِ ظہرین کے بعد تمام ایڈمنز کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا، جو علامہ مہدی قرشی کے دستِ مبارک سے پیش کی گئیں۔
تقریب کے بعد سید ذہین کاظمی کی طرف سے آغا ذہین علی نجفی کے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانہ پیش کیا گیا، جس میں علماء کرام و مہمانان نے پُر خلوص شرکت کی۔
آخر میں آغا حافظ ذہین علی نجفی نے جذباتی انداز میں علما کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ"ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسے علماء کی سرپرستی میسر آئی، جو نہ صرف علم و عمل کے ستون ہیں بلکہ ہمارے لیے مشعلِ راہ بھی۔ ہم ان کی رہنمائی کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتے ہیں۔"
انہوں نے ایڈمنز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ"آپ سب نے نجف اشرف کی نمائندگی ایک فکری وقار کے ساتھ کی ہے۔ آپ کی محنت، اصول پسندی اور خودداری ہی نجف اناونسمنٹ کی اصل پہچان ہے۔ ان شاء اللہ ہم اس خدمتِ دین کے مشن کو مزید وسعت اور گہرائی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔"
آخر میں تمام حاضرین نے نجف اشرف کے روحانی ماحول میں دعاؤں کے سائے میں اس روحانی اور علمی نشست کا اختتام کیا۔
"یہ نشست ہمارے لیے فقط اعزاز نہیں، بلکہ نئی ذمہ داریوں کی نوید ہے۔ ہم نے خدمتِ دین کو نعرہ نہیں، طرزِ حیات بنایا ہے۔ آپ سب بزرگوں کی دعائیں ہمارے لیے سب سے بڑی سند اور حوصلہ افزائی ہیں۔ ان شاء اللہ، نجف اشرف کی اس خدمت کو مزید بصیرت اور بصیرتی انداز سے آگے بڑھائیں گے۔"
آپ کا تبصرہ