جمعہ 18 اپریل 2025 - 23:08
انجمنِ انقلابِ مہدی (عج) کا آقا سید باقر موسوی الصفوی النجفی کی وفات پر اظہارِ تعزیت

حوزہ/ جموں وکشمیر کے بزرگ عالم دین، حجت الاسلام والمسلمین سید باقر موسوی الصفوی کی المناک رحلت پر سرپرست اعلٰی انجمنِ انقلابِ مہدی کرگل لداخ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خانوادہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ انقلابِ امام مہدی علیہ السّلام کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

حوزہ ہائے علمیہ، محافلِ علمی و دینی اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے علمی خانوادے کے لئے یہ خبر نہایت ہی رنج و الم کا باعث بنی کہ فقیہ وارستہ، عالم ربانی، خادم صادق مکتب اہل بیت اور مرجع عالی مقام حضرت آیت اللہ العظمٰی سیستانی دام ظلہ کے معتمد و وکیل آیت اللہ آغا سید باقر الموسوی طاب ثراہ فانی سے دار بقاء کی طرف رحلت فرما گئے۔

مرحوم مغفور اپنی بے مثال علمی خدمات، فقہی بصیرت، زہد و تقویٰ، اخلاق حسنہ اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کی ترویج و تبلیغ میں بے نظیر اخلاص کے باعث حوزہ ہائے علمیہ اور دینی حلقوں میں خاص احترام اور مقام کے حامل تھے؛ آپ نے نہ صرف ایک مربی اور معلم کے طور پر علمی نسلوں کی تربیت فرمائی، بلکہ ایک فقیہ اور رہنما کے طور پر علمی و سماجی میدانوں میں بھی اپنی گراں قدر ذمہ داریاں بخوبی ادا کیں۔

انجمنِ انقلابِ امام مہدی علیہ السّلام کرگل لداخ اس جانسوز سانحے پر بارگاہِ حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف، مراجع عظام، علمی و دینی حلقے، لواحقین محترم اور تمام اہل ایمان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ خداوند متعال مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کے حسنات کو شرفِ قبولیت بخشے اور لواحقین و عقیدتمندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

اللہ ہمیں ان کی علمی سیرت، تقویٰ، اخلاق اور خدمتِ دین میں خلوص و استقامت کے ساتھ پیروی کی توفیق عطا فرمائے۔

شریک غم: سرپرست اعلٰی انجمنِ انقلابِ مہدی کرگل لداخ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha