جمعہ 25 جولائی 2025 - 16:30
حجۃ‌الاسلام والمسلمین شیخ احمد شعبانیؒ کی رحلت پر نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ کرگل-لداخ کے ممتاز عالم دین، متواضع استاد اور معارفِ اہل بیتؑ کے مخلص خادم، حجۃ‌الاسلام والمسلمین شیخ احمد شعبانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر ہندوستان میں رہبر معظم کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید عبدالمجید حکیم الٰہی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی و تبلیغی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے خانوادے و شاگردوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل-لداخ کے ممتاز عالم دین، متواضع استاد اور معارفِ اہل بیتؑ کے مخلص خادم، حجۃ‌الاسلام والمسلمین شیخ احمد شعبانیؒ کے سانحۂ ارتحال پر ہندوستان میں رہبر معظم کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید عبدالمجید حکیم الٰہی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی علمی و تبلیغی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے خانوادے و شاگردوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:

بسم الله الرحمن الرحیم

«إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ»

انتہائی رنج و غم کے ساتھ اطلاع ملی کہ عالم باعمل، متواضع استاد، اور دینِ مبین کے مخلص خادم، حجۃ‌الاسلام والمسلمین شیخ احمد شعبانیؒ اس دارِ فانی سے رخصت فرما گئے۔ ان کی رحلت کی خبر نے قلب و روح کو غمزدہ کر دیا۔

مرحوم، کرگل-لداخ کے علمی و دینی حلقوں کی ایک مؤثر اور ممتاز شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پوری بابرکت زندگی خلوص، فروتنی اور اخلاص کے ساتھ تعلیم، تدریس، تبلیغ، اور نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے مشہد مقدس اور نجف اشرف کے جلیل القدر علما سے کسب فیض کیا اور بعد ازاں ہندوستان اور تھائی لینڈ میں معارفِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ انقلاب اسلامی کے سچے حامی، حضرت امام خمینی قدّس سرّه اور رہبر معظم انقلاب اسلامی مدّ ظلّه العالی کے وفادار پیروکار تھے۔

مرحوم کی نمایاں خدمات میں ممبئی میں مدرسہ امام امیرالمؤمنینؑ اور جامعۃ‌البتولؑ کی قیادت، نیز مہاراشٹرا میں مدرسہ امام الہادیؑ کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری شامل ہے۔ ان اداروں کے ذریعہ انہوں نے علمی، اخلاقی اور تربیتی میدان میں قابلِ ذکر نقوش چھوڑے۔ ان کی شخصیت کا امتیاز ان کا حسنِ اخلاق، خدمت میں اخلاص، روشن فکری، اور طلاب کی معنوی تربیت و تزکیۂ نفس پر خاص توجہ تھی۔

میں اس سانحۂ ارتحال پر مرحوم کے معزز خانوادے، حوزہ ہائے علمیہ، ارجمند شاگردوں، اور خطہ لداخ کے تمام اہل ایمان کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں، اور بارگاہ ربّ کریم سے دعا گو ہوں کہ وہ اس عالم ربانی کو اعلیٰ علیّین میں مقام عطا فرمائے، اسے اولیائے الٰہی کے ساتھ محشور فرمائے، اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم مرحمت فرمائے۔

والسّلام علیکم و رحمۃُ الله و برکاته

عبدالمجید حکیم الٰہی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha