حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر کے ممتاز عالم دین اور فقیہ ربانی حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد باقر الموسوی النجفیؒ کے انتقال پر نمائندے ولی ہندوستان حجۃ الاسلام و المسلمین عبدالمجید حکیم الہی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے مرحوم کی علمی، روحانی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی وفات کو ملتِ تشیع کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
تعزیتی پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے؛
باسمه تعالی
انا لله و انا الیه راجعون
اذا مات العالم ثلم فی الاسلام ثلمة لا یسدها شئ
عالمِ باعمل، فقیہِ ربانی، خادمِ دین و ملت، حضرت حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید محمد باقر الموسوی النجفیؒ کی رحلتِ جانگداز کی خبر نے دل و دماغ کو مغموم، اور روح و جان کو سوگوار کر دیا۔ مرحوم کی علمی عظمت، دینی بصیرت، زاہدانہ زندگی، اور خلوص و للہیت کی خوشبو ہر اُس دل تک پہنچی جس کا رشتہ اہل بیت علیہم السلام اور علوم آل محمدؐ سے جڑا ہوا تھا۔
آپ نے درس و تدریس، تبلیغ و ارشاد، تربیتِ نفوس، اور خدمتِ خلق جیسے متعدد میدانوں میں جو گراں قدر خدمات انجام دیں، وہ دنیائے تشیع کا ایک انمول سرمایہ اور ملتِ کشمیر کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ آپ کی سادہ زیستی، تواضع، اور اخلاص نے ان کے وجود کو منبعِ ہدایت و نور بنا دیا تھا۔
اس المناک سانحہ پر میں علماء کرام، پیروان اہل بیت علیہم السلام، ان کے شاگردوں، بالخصوص کشمیر کے دیندار اور معزز مؤمنین اور ان کے محترم خانوادہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔
بارگاہ الہی میں دعاگو ہوں کہ مرحوم پر اپنی رحمت نازل فرمائے، انہیں ائمہ معصومین علیہم السلام کی ہم نشینی نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل اور بہترین اجر عطا فرمائے۔
ماتَ سعیداً، عاشَ سعیداً
عبدالمجید حکیم الہی
آپ کا تبصرہ