ہفتہ 19 اپریل 2025 - 06:20
آیت اللہ سید باقر الصفوی کی مذہبی، علمی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، حجت الاسلام ذاکر جعفری

حوزہ/ حرم مطہر کریمہ اہلبیت (ع) کے خادم حجت الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری نے کشمیر کے ممتاز عالم دین آیت اللہ سید محمد باقر موسوی کی المناک موت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم کی مذہبی، علمی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر کریمہ اہلبیت (ع) کے خادم حجت الاسلام والمسلمین سید ذاکر حسین جعفری نے کشمیر کے ممتاز عالم دین آیت اللہ سید محمد باقر موسوی کی المناک موت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم کی مذہبی، علمی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے آقا سید باقر موسوی الصفوی کی المناک رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " إذا مات المؤمن العالم ثلم في الإسلام ثلمة لا يسدّها شيء إلى يوم القيامة". (مستدرك نهج البلاغة ١٧٧)" عالم ربانی کی موت اسلام میں ایسا شگاف ہے جسے رہتی دنیا تک بھرا نہیں جا سکتا"۔ جب کسی عالم ربانی اور عالم با عمل کی موت کی خبر سننے کو ملتی ہے تو سمجھ دار انسان پر سکتے کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے، جیسے آج ہم کسی قریبی عزیز یا سرپرست کی شفقتوں سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آفتاب کی تیز دهوپ اور شعاعوں میں بادلوں کا سایہ ہم سے ہٹ گیا ہے، زمین قدموں کے نیچے سے سرک گئی ہے، بہاریں ہم سے روٹھ گئی ہیں اور دل میں خیال ابھرتا ہے کہ اب ہم معنوی اور روحانی توانائی کہاں سے حاصل کریں گے؟ سینہ غم سے تنگ ہو گیا ہے اور آنکھیں پُر نم ہیں۔

حجت الاسلام ذاکر جعفری نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں بہت سے عظیم علماء کو دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے دیکھا اور ہر عالم کی موت کے بعد محسوس کیا کہ مدتوں تک ان کا خلاء پورا نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا عالم تشیع اور جموں و کشمیر کے ممتاز اور نامور عالم دین مرحوم آیت اللہ سید محمد باقر موسوی کی المناک موت سے بھی ایسا شگاف اور خلاء پیدا ہو گیا ہے، جسے طویل عرصہ تک بھرنا اور پر کرنا ممکن نہیں ہو گا۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ان کی مذہبی، علمی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کہا کہ اللہ تعالٰی بحق محمد و آل محمد (ص) مرحوم پر رحمت اور مغفرت نازل فرمائے، انہیں اہلبیت اطہار علیہم السّلام کے ساتھ محشور اور اعلٰی ترین درجات پر فائز فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مرحوم کے فرزندان، پسماندگان اور عزیز و اقارب کی خدمت میں تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالٰی لواحقین کو صبرِ جمیل عنایت و مرحمت فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha