حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین شعبہ نجف اشرف کے صدر مولانا سید خاور عباس نقوی نے کرمان کے قبرستان گلزارِ شہداء میں ہونے والے دھماکوں کی بھرپور مذمت کی۔
آپ نے کہا کہ یہ دھماکے دراصل دشمن کے حواس بختہ ہونے اور اپنے اہداف کے حصول میں ناکامی حاصل کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جب دشمن اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو وہ بے گناہ عوام کو لقمہ اجل بناتا ہے، یہاں تک کہ شہداء کی قبروں پر دھماکے کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔
آپ نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے دشمن کے دل میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جانے کے بعد آج بھی اسی طرح انکی ہیبت و رعب باقی ہے، جس کا عملی مظاہرہ اس نے شہید کی قبر پر دھماکے کر کے انجام دیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے صدر نے کابینہ کے افراد کے ساتھ ملکر اس دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کو صبر کی تلقین فرمائی۔ اور آخر میں زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔