۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
شهادت مولوی عبدالواحد ریگی

حوزہ / ایران کے شہر خاش میں مسجد امام حسین (ع) کے اہلسنت پیش امام اور سیستان و بلوچستان کے سرکردہ علماء میں سے ایک مولوی عبدالواحد ریگی کو نامعلوم افراد نے اغوا کرنے کے بعد شہید کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی زاہدان سے رپورٹ کے مطابق، سیستان و بلوچستان کی سلامتی کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایران کے شہر خاش میں مسجد امام حسین (ع) کے اہلسنت پیش امام اور سیستان و بلوچستان کے سرکردہ علماء میں سے ایک مولوی عبدالواحد ریگی کو بروز جمعرات دوپہر کے وقت نامعلوم افراد نے اغوا کرنے کے بعد شہید کر دیا۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کی جانچ پڑتال کے بعد مزید تفصیلی رپورٹس سے آگاہ کیا جائے گا۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے مولوی عبدالواحد کی شہادت کی تفصیلات

صوبہ سیستان و بلوچستان کے مرکزی پراسیکیوٹر جناب شمس آبادی نے بھی مسجد امام حسین (ع) خاش کے امام جمعہ کے قتل کی تفصیلات کے سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد امام حسین (ع) کے پیش امام مولوی عبدالواحد ریگی گذشتہ روز مسجد میں موجود تھے کہ چند نامعلوم افراد مسجد کے پچھلے دروازے سے داخل ہوئے اور انہیں بلایا اور پھر بغیر نمبر پلیٹ کے Peugeot گاڑی میں سوار کر کے انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے۔

انہوں نے مزید کہا: مولوی عبدالواحد کے اغوا کے بارے میں معلوم ہونے کے بعد سٹی پراسیکیوٹر کے حکم سے اس کیس کی تفتیش کے لیے ایک خصوصی تفتیش کار مقرر کیا گیا اور تمام فورسز کو مولوی عبدالواحد کی تلاش اور اغوا کاروں کی شناخت کے لیے مامور کیا گیا لیکن اطلاعات کے مطابق بدقسمتی سے اغواکاروں نے مولوی عبدالوحید کو اغوا کے بعد جان سے مار دیا ہے۔

شمس آبادی نے مزید کہا: آج مولوی عبدالواحد کی لاش خاش شہر کی ایک سائیڈ روڈ سے ملی جس کے مطابق ان کے سر میں 3 گولیاں لگی ہوئی تھیں۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کے مرکزی پراسیکیوٹر کے مطابق قتل کے خصوصی تفتیش کار موقع محل پر موجود ہیں اور اس معاملے پر عدالت میں خصوصی مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے اور پولیس بھی اس واقعے کے ذمہ داروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .