۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / علامہ عارف حسین واحدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کے حکم پر یکم ربیع الاول کو لاکھوں کی تعداد میں عوام اسلام آباد میں اس متنازعہ بل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے 7 ستمبر 2023ء کو مولانا سید جعفر نقوی، مولانا سید سجاد حسین ہمدانی، مولانا قاسم جعفری، سید اظہار بخاری، سید نزاکت حسین نقوی کے ہمراہ چہلم امام حسین کے مرکزی جلوس میں شرکت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: عزاداری کو محدود کرنا اور اس پر قدغن و پابندی کسی بھی صورت قبول نہیں، یہ ہماری مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے جس سے ہم دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا: نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام نے احیائے اسلام اور بقائے اسلام کیلئے عظیم قربانی دی۔ جو مقاصد حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کے ہیں وہی مقاصد عزاداری امام حسین علیہ السلام کے ہیں۔

علامہ عارف واحدی نے کہا: عزاداری امت مسلمہ کیلئے نکتہ وحدت ہے۔ تمام عزاداران، علماء کرام، ذاکرین اور دیگر مسالک کے لوگ اربعین امام حسین علیہ السلام منا رہے ہیں۔ ہم ان کی قدر دارنی کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: امسال 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد عزاداروں نے کربلا میں اربعین امام حسین علیہ السلام میں شرکت کی، جو لائق تحسین ہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: ملک سیاسی اور معاشی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے۔ مہنگائی عروج پر ہے۔ عوام بجلی، گیس کے بلز، اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے اور قوم اس موقع پر اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت پیدا کر کے اپنے ملک کو استحکام کی جانب لے جائیں۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ تمام مسالک کے مابین اتحاد و حدت قائم کرنے کیلئے عملی جدوجہد کی۔ دیگر مسالک کے علماء کرام کے ساتھ مل کر اتحاد امت کیلئے بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا: ہم وفاقی اور صوبائی حکمرانوں کو متوجہ کرتے ہیں کہ متنازعہ ترمیمی بل اس ملک کے استحکام، سالمیت اور امن و امان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔ ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے کہا: قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور بزرگ علمائے کرام کے اعلان کے مطابق پورے ملک سے یکم ربیع الاول کو لاکھوں کی تعداد میں عوام اسلام آباد میں اس متنازع ترمیمی بل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

انہوں نے کہا: ہم ریاست پاکستان اور تمام ذمہ داران کو پیغام دیتے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ فرقہ واریت اور انتشار و افتراق کو اس ملک میں روکا ہے۔ اب بھی تمام شیعہ سنی کو متحد کر کے اس متنازع بل کو قانون نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے عزاداروں کی مشکلات و مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم حکمرانوں کو بار بار متوجہ کر رہے ہیں کہ عزاداری کو محدود کرنا اور اس پر قدغن و پابندی کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے۔ یہ ہماری مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے جس سے ہم کسی صورت بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .