حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر،سابق مرکزی سیکریٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی راہنما علامہ عارف حسین واحدی نے ایک مقامی ہوٹل میں جمعیت علماء پاکستان اور شیران اسلام پاکستان کی طرف سے جناب پیر سید صفدر حسین گیلانی کے زیر صدارت منعقدہ یکجہتی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی اور پروگرام کے آخر میں خطاب کیا۔
رپورٹ کے مطابق علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں 7 اکتوبر 2023ء کو بہت بڑا تاریخی دن قرار دیا جس دن حماس نے تاریخی آپریشن "طوفان الاقصی" کر کے اسرائیل سے 74 سال کے سخت ترین مظالم اور درندگی کا بدلہ لیا اوراس کامیاب آپریشن سے دنیا کو بتا دیا کہ اسرائیل مکڑی کے جالے سے بھی کمزور ہے۔
مرکزی نائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا: فلسطین کے مجاہدین نے اس کامیاب آپریشن سے اسرائیل کی بربادی کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ہم طوفان الاقصی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور معصوم بچوں، بے گناہ عورتوں اور نہتے لوگوں پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے مزید کہا: اسرائیل کی بربریت کے مقابلے میں حزب اللہ، انصاراللہ اور خطے میں دیگر مجاہدین سمیت دنیا کے جو ممالک فلسطین کی غیرت انسانی، اسلامی و ایمانی جذبوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے سفارتی تعلقات ختم کر رہے ہیں ہم ان سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا : ہم OIC اور عالمی انسانی حقوق کے جھوٹے علمبرداروں سے مایوس ہیں۔ ان سے توقع نہیں نہ ہی فلسطینی عوام ان سے کوئی توقع رکھتے ہیں چونکہ غلاموں کا آزادی کی جدوجہد میں کوئی حصہ نہیں ہوتا۔ اللہ تعالی کی مدد اور نصرت سے کامیابی فلسطینی مجاہدین کے قدم چومے گی۔
قابل ذکر ہے کہ یکجہتی فلسطین کانفرنس میں پاکستان کے زیر انتظام علاقے کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق، سابق ایم این اے پیر عبدالجلیل شرق پوری، علامہ آمین شہیدی، مفتی گلزار نعیمی، سید ناصر عباس شیرازی، پیر ریاض الدین چشتی، علامہ حیدر علوی، طاہر رشید تنولی، مولانا سید عبدالوحید شاہ ، پیر سعید نقشبندی اور مختلف مسالک کے دیگر جید علماء کرام، مشائخ عظام، سیاسی و مذھبی راہنما اور دانشوروں نے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔