ترجمہ و ترتیب: مولانا سید علی ہاشم عابدی
ایک خاموش طبع اور کم گو عالم کی زندگی کا تذکرہ، جس نے ہزاروں مشکلات اور پریشانیوں کے باوجود مکتبِ تشیع کے علمی موتیوں کو اپنے صدفِ دل میں پروان چڑھایا اور محدود وسائل و مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے تشنگانِ علم تک علوم و معارف کے بے شمار خزانے پہنچائے۔ ان کی زندگی انسان کے ذہن میں مولائے مظلومین، حضرت امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سیرتِ مبارکہ تازہ کردیتی ہے۔
بلاشبہ، شہیدِ اول رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ جیسی عظیم شخصیات نے حق گوئی اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی کی راہ میں بے پناہ مصائب برداشت کئے اور اپنے زمانے کے متعصب عناصر کی مخالفت و سازشوں کا نشانہ بن کر جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کے لہو نے حقانیتِ مذہبِ اہل بیت علیہم السلام کے پرچم کو مزید سربلند کردیا۔
شہید علامہ قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ عظیم شیعہ علماء میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے عالمِ اسلام کو گراں قدر علمی خدمات پیش کیں۔ آپ 956 ہجری میں شوشتر میں پیدا ہوئے۔ آپ کی پرورش ایک علمی و روحانی ماحول میں ہوئی اور والدِ مکرم کی سرپرستی میں تربیت پائی، جو علومِ عقلیہ و نقلیہ دونوں میں جامع شخصیت کے مالک تھے۔
قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے ابتدائی علوم، کتبِ اربعہ، فقہ، اصول، علمِ کلام اور ریاضیات کی تعلیم اپنے فاضل والد سے حاصل کی۔ بعد ازاں، 979 ہجری میں وطن سے رختِ سفر باندھا اور توفیقِ الٰہی، شوقِ علم اور عزم و استقلال کے ساتھ مشہد مقدس تشریف لے گئے۔ وہاں عالم آل محمد حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے نورانی روضہ مبارک کے جوار میں علامہ مولا عبدالواحد شوستری سے کسبِ فیض کیا۔
یہ عظیم عالم 993 ہجری میں، اکبر شاہ کے عہدِ حکومت میں، ہندوستان تشریف لائے اور آگرہ کو اپنا مسکن بنایا۔ آپ نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے آخری ایام تک اسی سرزمین پر علمی و دینی خدمات انجام دیں۔
صاحب کتاب الغدیر علامہ امینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی معروف کتاب شہداء الفضیلۃ میں قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے بارے میں تحریر فرمایا: ’’وہ دین کا چراغ اور علم کا سمندر تھے۔ تشیع کے علم بردار تھے۔ ان کے خون نے سرزمینِ ہندوستان کو گل رنگ کردیا۔ انہوں نے اس خطہ میں ایک وسیع علمی و دینی تحریک برپا کی، جہالت اور تاریکی کو دور کیا اور نورِ معرفت پھیلایا، یہاں تک کہ لوگوں کی غفلت دور ہوئی اور انہوں نے مکتبِ تشیع کے آئینے میں اسلام کی حقیقی تصویر دیکھی۔ شاید وہ ہندوستان میں تشیع کی نشر و اشاعت کا آغاز کرنے والے اولین مبلغین میں سے تھے۔‘‘
قرآنی اصول "کُلٌّ یَعْمَلُ عَلٰی شَاکِلَتِہ"» (ہر شخص اپنے مزاج اور شخصیت کے مطابق عمل کرتا ہے۔ سورہ اسراء، آیت 84) کی روشنی میں قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی و قلمی کاوشیں ان کی عظمتِ علمی اور بلند روحانی مقام کی عکاسی کرتی ہیں۔
آپ خود ایک خط میں تحریر فرماتے ہیں: ’’یہ فقیر اپنی تصانیف میں اپنا نام درج نہیں کرتا، تاکہ یہ عمل خالصتاً اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے ہو۔‘‘
عالم تشیع کے عظیم الشان مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ مرعشی نجفی قدس سرہ نے کتاب احقاق الحق کے مقدمہ میں قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی تصانیف کی تعداد 140 بیان کی ہے۔
آپ کی متنوع علمی تصانیف میں متعدد کتابیں علمی حلقوں میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان میں احقاق الحق، مجالس المؤمنین، الصوارم المرقۃ اور تفسیر القرآن قابلِ ذکر ہیں۔
اس زمانے کے شیعہ مخالف ماحول، شیعہ شاگردوں کے ساتھ خفیہ روابط اور قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی اختیار کردہ روشِ تقیہ کے باعث تاریخ میں آپ کے صرف چند شاگردوں کے نام محفوظ رہ سکے ہیں۔ ان میں علامہ شیخ محمد ہروی خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ، علامہ مولانا محمد علی کشمیری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور سید جمال الدین عبداللہ مشہدی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ شامل ہیں۔
یہ عظیم مجاہد اپنی علمی خدمات، قیامِ عدل و انصاف اور احکامِ تشیع کی نشر و اشاعت کے لئے نہایت حکمت و احتیاط کے ساتھ اکبر شاہ کے دربار میں اعتماد اور قربت کا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور منصبِ قاضی القضاۃ پر فائز ہوئے۔
اسی زمانے کے معروف مؤرخ عبدالقادر بدایونی نے اپنی کتاب منتخب التواریخ میں قاضی نور اللہ کی شخصیت کے بارے میں لکھا ہے: "اگرچہ وہ شیعہ مذہب رکھتے ہیں، لیکن عدل، نیک نفسی، حیا، تقویٰ، پاک دامنی اور دیگر اعلیٰ اوصاف سے متصف ہیں۔ علم و حلم، قوتِ فہم، ذہانت، عمدہ طبیعت، پاکیزہ ذوق اور غیر معمولی فہم و فراست میں شہرت رکھتے ہیں اور قابلِ قدر تصانیف کے مالک ہیں۔‘‘
قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے ایسے ماحول میں قضاوت، فتویٰ اور عدل و انصاف کے فرائض انجام دیے، جہاں اہل سنت کے فقہی مذاہب کا غلبہ تھا۔ آپ اہل سنت کے چاروں فقہی مذاہب کی فقہ کی تدریس کے منصب پر فائز رہے اور ان کے فقہی مباحث کے دوران نہایت مہارت کے ساتھ شیعہ نظریات اور فقہی آراء بھی بیان کرتے تھے۔
آپ کے متعدد حاسد اور سخت مخالفین تھے، جو ہر وقت اس موقع کی تلاش میں رہتے تھے کہ آپ کی کوئی بات یا عمل ان کے ہاتھ لگ جائے اور وہ اسے بنیاد بنا کر بادشاہ کے سامنے آپ کے خلاف شکایت کرسکیں۔
ایک مرتبہ مخالفین کو معلوم ہوا کہ قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے نامِ مبارک کے ساتھ ’’علیہ الصلاۃ والسلام‘‘ کے الفاظ استعمال کئے ہیں۔ انہوں نے اسے بدعت قرار دیا اور آپ کے قتل کا جواز پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اس سلسلے میں ایک تحریری فتویٰ تیار کیا گیا، جس پر دستخط کرکے اکبر شاہ کے پاس بھیج دیا گیا۔
تاہم، ان علماء میں سے ایک عالم نے اس فیصلے کی مخالفت کی۔ انہوں نے ایک شعر لکھ کر اکبر شاہ کے پاس بھیجا:
گر لحمك لحمي بحديث نبوي هي
بي صلّ علي نام علي بی ادبي هي
یعنی "جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں فرمایا ہے کہ اے علی! تمہارا گوشت میرا گوشت ہے، تو پھر بغیر درود و سلام کے حضرت علی علیہ السلام کا نام لینا بے ادبی ہے۔
اس دلیل کے بعد اکبر شاہ نے قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے قتل کا ارادہ ترک کردیا اور ان کے دل میں قاضی صاحب کی قدر و منزلت مزید بڑھ گئی۔
لیکن وہ حاسد اور کینہ پرور افراد، جو اکبر شاہ کے دور میں قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو بدنام کرنے میں ناکام رہے تھے، اس کے بیٹے جہانگیر شاہ کے عہدِ حکومت میں اپنی سازشوں اور عیاریوں کے ذریعہ آپ کو قتل کرانے کے درپے ہوگئے۔
کتاب شہداء الفضیلۃ کے مؤلف تحریر کرتے ہیں: بدخواہوں نے ایک ایسی سازش تیار کی، جس کے ذریعہ قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے شیعہ ہونے کو ثابت کرکے بادشاہ سے ان کے قتل کا حکم حاصل کیا جاسکے۔ اس مقصد کے لئے ایک شخص کو آپ کے پاس شاگرد بنا کر بھیجا گیا، تاکہ وہ آپ کے حالات اور راز معلوم کرسکے۔
وہ شخص مسلسل شہید قاضی نوراللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ساتھ رہا اور بالآخر اسے معلوم ہوگیا کہ آپ کے پاس مجالس المؤمنین نامی ایک کتاب موجود ہے۔ اس نے اصرار کرکے وہ کتاب آپ سے حاصل کرلی، جسے بنیاد بنا کر مخالفین نے بادشاہ کے سامنے آپ کے شیعہ ہونے کا معاملہ اٹھایا۔
اس کے بعد ہر روز بادشاہ کے سامنے آپ کے خلاف نئی رپورٹس پیش کی جانے لگیں، تاکہ آپ کی ساکھ خراب کی جاسکے۔ بالآخر جھوٹے الزامات اور بہتان تراشی کے ذریعہ بادشاہ کے دل میں آپ کے خلاف نفرت پیدا کردی گئی اور آپ کو سزا کا مستحق قرار دے دیا گیا۔
بالآخر بادشاہ نے آپ کو مقررہ تعداد میں کوڑے لگانے کا حکم جاری کردیا۔
چنانچہ قاضی نور اللہ 1019 ہجری میں، تقریباً 70 سال کی عمر میں، مخالفین کے تشدد کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے۔
محدث قمی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی کتاب فوائد الرضویہ میں تحریر کیا ہے کہ قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے جسم مبارک پر خاردار کوڑے سے اس قدر ضربیں لگائی گئیں کہ آپ کا بدن شدید طور پر مجروح ہوگیا۔
قاضی نور اللہ شوستری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ خود اپنے ایک بیان میں تحریر فرماتے ہیں: ’’اللہ تعالیٰ کی سنت ہمیشہ سے یہ رہی ہے کہ جو شخص فضل و کمال کے بلند مرتبے پر فائز ہوتا ہے، اسے اپنے زمانے کے ایسے لوگوں کے حسد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو خود کسی معمولی قدر و منزلت کے بھی مالک نہیں ہوتے؛ خصوصاً جب اس حسد کے ساتھ دینی دشمنی بھی شامل ہوجائے تو ان کے سینے عناد کے ناخنوں سے زخمی ہوجاتے ہیں۔‘‘
آج آپ کا نورانی مزار ہندوستان کے شہر آگرہ میں واقع ہے، جو معروف زیارت گاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ اہلِ علاقہ اس مقدس مرقد پر حاضری دیتے اور آپ کے فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں اس مزار کی تعمیر و تجدید بھی کی گئی ہے۔
قاضی نور اللہ کا ایک خوب صورت اور دل کش شعری دیوان بھی ہے۔ آپ فارسی شاعری کی روایت کے مطابق ’’نوری‘‘ تخلص اختیار کرتے تھے۔










آپ کا تبصرہ