تحریر: ڈاکٹر علی اصغر الحیدری
حوزہ نیوز ایجنسی| مولانا ناظم علی خیرآبادی دیارِ مشرق کی ان ممتاز علمی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی غیر معمولی خطیبانہ صلاحیت، فکری ژرف نگاہی اور علمی نکتہ آفرینی کے ذریعے اہلِ علم و دانش کو متاثر کیا۔ ان کی شخصیت علم و بیان، فکر و نظر اور استدلال و تاثیر کا ایک حسین امتزاج ہے، جس میں روایت کی پختگی اور ذہنی جدت یکجا نظر آتی ہیں۔ ان کی شناخت محض ایک خطیب کی حیثیت سے نہیں، بلکہ ایک صاحبِ نظر مفکر کے طور پر بھی ہے، جن کی گفتگو میں علم کی متانت، ادب کی لطافت اور فکر کی گہرائی بیک وقت جلوہ گر ہوتی ہے۔
ان کی خطابت محض الفاظ کی جاذبیت، حسنِ بیان یا رعنائیِ گفتار تک محدود نہیں، بلکہ اس کے پس منظر میں وسیع مطالعہ، عمیق فکری شعور اور دینی معارف پر گہری نظر کارفرما ہے۔ وہ جب لب کشا ہوتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے جیسے علم و آگہی کا ایک دریا رواں ہوگیا ہو۔ ان کے استدلال میں قوت، تعبیر میں ندرت، نتائج کے استخراج میں جدت اور اندازِ بیان میں ایسی تاثیر پائی جاتی ہے جو سامع کے ذہن و دل دونوں کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی مجالس محض خطابت کا مظہر نہیں بلکہ فکر و آگہی کی درس گاہ محسوس ہوتی ہیں۔
مولانا خیرآبادی کی علمی شخصیت کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ روایت کے امین ہونے کے باوجود جمود کے قائل نہیں۔ وہ مسائل کو محض سطحی انداز میں نہیں دیکھتے، بلکہ ان کے تہہ در تہہ فکری اور تہذیبی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کی گفتگو میں نکتہ آفرینی اس قدر نمایاں ہوتی ہے کہ ایک معروف اور متداول مسئلہ بھی ان کے بیان میں نئی معنویت اور تازہ جہتوں کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ یہی بڑے اہلِ علم کا امتیاز ہے کہ وہ معلوم حقائق کو بھی اس انداز سے پیش کرتے ہیں کہ وہ ایک نئی دریافت محسوس ہونے لگتے ہیں۔
ان کی علمی سرگرمیاں محض خطابت، تدریس اور تبلیغ تک محدود نہیں، بلکہ تحقیق، تصنیف، تالیف اور ترجمہ نگاری کے میدان میں بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ وہ ان نادر اہلِ علم میں سے ہیں جنہوں نے علمی و دینی خدمات کے مختلف شعبوں میں بیک وقت نمایاں کردار ادا کیا۔ ایک طرف مسلسل تبلیغی اسفار، مجالس و خطابت کی مصروفیات اور دینی و سماجی ذمہ داریاں ہیں، تو دوسری طرف مدرسے کے انتظام و انصرام کی بھاری ذمہ داریاں اور درجاتِ عالیہ کی دقیق و پیچیدہ کتابوں کی تدریس۔ ان تمام مشاغل کے باوجود ان کے علمی ذوق کی حرارت کبھی سرد نہیں پڑی، بلکہ وہ پوری سنجیدگی اور انہماک کے ساتھ تحقیق و تصنیف کے میدان میں بھی سرگرمِ عمل رہے۔
انہوں نے عربی زبان کی کئی اہم اور وقیع کتابوں کو اردو زبان میں منتقل کیا۔ ان کے تراجم محض لفظی نقل و انتقال نہیں، بلکہ علمی دیانت، فکری شعور اور لسانی مہارت کا عمدہ نمونہ ہیں۔ ترجمے کے دوران انہوں نے نہ صرف اصل متن کی روح اور اسلوب کو محفوظ رکھا، بلکہ اردو زبان کی سلاست، شگفتگی اور علمی وقار کا بھی بھرپور لحاظ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے تراجم میں نہ اجنبیت محسوس ہوتی ہے اور نہ مفہوم کی سطحیت کا احساس ہوتا ہے۔
اسی طرح تحقیق و تالیف کے میدان میں بھی ان کی خدمات نہایت اہم اور قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے متعدد ایسے موضوعات کو تحقیق کا موضوع بنایا جن پر یا تو بہت کم کام ہوا تھا یا سرے سے توجہ ہی نہیں دی گئی تھی۔ بالخصوص سوانح نگاری کے میدان میں ان کی علمی خدمات خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کے نزدیک تحقیق محض معلومات جمع کرنے کا عمل نہیں، بلکہ ایک سنجیدہ فکری جستجو ہے۔ وہ موضوع کے تاریخی، فکری اور تہذیبی پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے نہایت متوازن اور مدلل انداز میں اپنی تحقیقات پیش کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی تحریریں محض معلوماتی نہیں، بلکہ فکری بصیرت سے بھی مالا مال ہوتی ہیں۔
انہوں نے مسلسل قلمی جدوجہد جاری رکھی۔ ان کی سینکڑوں کتابیں اور مختلف موضوعات پر ہزاروں مقالات و مضامین ملکی اور بین الاقوامی رسائل میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان کی تحریروں میں ادبی وقار، فکری پختگی، حزم و احتیاط، راست نگاری، صداقت بیانی اور سلاستِ زبان کے ساتھ سلامتِ فکر کی رعنائی بھی موجود ہے۔ زبان و بیان کے اعتبار سے ان کی نثر نہایت شستہ، رواں اور سلیس ہے۔ ان کے یہاں نہ تصنع کا بوجھ ہے اور نہ ثقیل عبارت آرائی کی غیر ضروری نمائش۔ وہ علمی مضامین میں بھی زبان کی لطافت اور سلاست برقرار رکھتے ہیں، جس کے باعث ان کی تحریریں خواص کے ساتھ ساتھ عام پڑھے لکھے طبقے کے لیے بھی قابلِ استفادہ بن جاتی ہیں۔ ان کی نثر میں ایک مہذب ادبی آہنگ اور تہذیبی شائستگی محسوس ہوتی ہے جو قاری کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
’’احوالِ واقعی‘‘: ایک منفرد خودنوشت اور عہد کی داخلی تاریخ
زیرِ مطالعہ کتاب ’’احوالِ واقعی‘‘ ایک ایسی خودنوشت سوانح ہے جس میں مصنف نے صداقتِ واقعات اور حسنِ بیان کے درمیان نہایت متوازن اور محتاط ہم آہنگی قائم رکھی ہے۔ یہ محض واقعات کا تسلسل نہیں، بلکہ ایک عہد، ایک علمی فضا اور ایک روحانی و تہذیبی روایت کی داخلی تاریخ بھی ہے، جو نہایت خاموش وقار اور سنجیدہ اسلوب کے ساتھ قاری کے سامنے جلوہ گر ہوتی ہے۔
مولانا ناظم علی خیرآبادی نے اس کتاب میں واقعات بیان کرتے ہوئے اپنی ذات کو غیر معمولی طور پر نمایاں کرنے کے بجائے انکسار، تواضع اور احتیاطِ بیان کا ایسا طرز اختیار کیا ہے جو ہمارے اکابر علما و صلحا کی علمی و روحانی روایت کی نمائندگی کرتا ہے۔
اردو ادب میں خودنوشت سوانح نگاری کی ایک طویل، متنوع اور وقیع روایت موجود ہے۔ اس صنف میں مختلف اہلِ قلم نے اپنے عہد، اپنی شخصیت، تجربات اور مشاہدات کو محفوظ کیا ہے۔ تاہم اس صنف کا ایک عمومی مسئلہ یہ بھی رہا ہے کہ بعض اوقات مصنفین شعوری یا غیر شعوری طور پر اپنی شخصیت کو مرکزِ نگاہ بنا دیتے ہیں۔ بعض سوانح عمریاں اس قدر خودستائی اور خودنمائی کا رنگ اختیار کر لیتی ہیں کہ واقعات کی تاریخی حیثیت پس منظر میں چلی جاتی ہے اور مصنف کی ذات ایک ہیرو کی صورت میں ابھرنے لگتی ہے۔
لیکن ’’احوالِ واقعی‘‘ اس عمومی رجحان سے ایک نمایاں انحراف کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کتاب میں مؤلف نے اپنی ذات کو خودنمائی کا مرکز اور خودستائی کا محور بنانے کے بجائے ان شخصیات، اداروں، علمی مراکز اور دینی فضاؤں کو ترجیح دی ہے جن سے ان کی زندگی وابستہ رہی۔ ان کے یہاں ’’میں‘‘ کا شور نہیں، بلکہ ایک پورے عہد کی اجتماعی دھڑکن سنائی دیتی ہے۔ وہ خود کو تاریخ کے مرکز میں لا کھڑا نہیں کرتے، بلکہ تاریخ کے بہاؤ میں ایک خاموش اور دیانت دار راوی کی حیثیت سے سامنے آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کتاب کا بیانیہ نہایت فطری، باوقار اور قابلِ اعتماد محسوس ہوتا ہے۔
اگرچہ مصنف نے اپنی ذات اور زندگی کے احوال بھی بیان کیے ہیں، لیکن یہ ذکر بھی اس قدر حزم، احتیاط، تہذیبی انکسار اور نفیِ ذات کے ساتھ سامنے آتا ہے کہ کہیں بھی خودستائی یا خودنمائی کا شائبہ پیدا نہیں ہوتا۔ اپنی خدمات کے ذکر میں بھی ان کے یہاں ایک خاص قسم کی خاموشی اور وقار دکھائی دیتا ہے۔ وہ اپنے کارناموں کو نمایاں کرنے کے بجائے اپنے اساتذہ، رفقا، اداروں اور علمی شخصیات کے احوال کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ یہی وہ اخلاقی و روحانی وصف ہے جو ربانی علما کی روایت کا امتیاز سمجھا جاتا ہے۔
درحقیقت ہمارے روحانی اور دینی اکابر کا ہمیشہ سے یہی طریقۂ کار رہا ہے کہ وہ اپنی ذات کو پس منظر میں رکھتے اور خدمت، علم اور روایت کو مقدم جانتے ہیں۔ ان کے نزدیک اصل اہمیت اپنی شخصیت کی تشہیر نہیں، بلکہ حقائق کی پاس داری، روایت کی حفاظت اور آئندہ نسلوں تک صحیح تاریخی شعور کی منتقلی ہے۔ ’’احوالِ واقعی‘‘ میں یہ وصف جا بہ جا پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ کتاب کے متعدد مقامات پر محسوس ہوتا ہے کہ مصنف نے دانستہ اپنی ذات کو پس منظر میں رکھا ہے، تاکہ اصل توجہ ان علمی و روحانی شخصیات اور اداروں پر مرکوز رہے جنہوں نے ایک پورے عہد کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ حالاں کہ خود مؤلف نے پوری زندگی مجاہدانہ انداز میں تعلیمی بیداری کی تحریک کا پرچم بلند رکھا ہے۔
خودنوشت سوانح نگاری اور تاریخی شعور کا فروغ
مصنف نے یہ کتاب آیت اللہ العظمیٰ شہید سادس سید علی خامنہ ای (رح) کے ہندوستان میں نمائندے، حجۃ الاسلام والمسلمین آقائے مہدی مہدوی پور کی خصوصی خواہش، توجہ اور اصرار پر قلم بند کی ہے۔ درحقیقت یہ آقائے مہدوی پور کی دوراندیشی، تہذیبی حساسیت اور تاریخی شعور کا مظہر ہے کہ انہوں نے ہندوستان کے بزرگ علما اور دینی شخصیات کو اپنی زندگی کے احوال، علمی تجربات اور عہدِ رفتہ کی یادیں خود قلم بند کرنے کی طرف متوجہ کیا۔
وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ اگر اہلِ علم اپنی داستانِ حیات خود محفوظ نہ کریں تو بعد کے ادوار میں تاریخ نویسی کا عمل یا تو تشنہ رہ جاتا ہے یا پھر ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں چلا جاتا ہے جو واقعات کو تعصب، شرارت، کذب بیانی یا فکری اغراض کے تحت مسخ کر دیتے ہیں۔ تاریخ محض واقعات کے اندراج کا نام نہیں، بلکہ تہذیبی حافظے کی تشکیل کا عمل ہے۔ جب کسی قوم، ملت یا علمی طبقے کی معتبر شخصیات اپنے تجربات، مشاہدات اور عہد کی داخلی فضا کو خود بیان کرتی ہیں تو دراصل وہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک زندہ تاریخی دستاویز فراہم کرتی ہیں۔
اس کے برخلاف جب تاریخ ایسے لوگوں کے قلم سے لکھی جاتی ہے جو نہ اس ماحول سے آشنا ہوتے ہیں اور نہ اس روایت کے داخلی شعور سے بہرہ مند، تو اکثر حقیقت کی جگہ قیاس، دیانت کی جگہ تعصب اور تحقیق کی جگہ افسانہ نگاری لے لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری علمی اور دینی تاریخ کے بہت سے گوشے یا تو ناقص انداز میں محفوظ ہوئے یا کلیتاً فراموشی کا شکار ہوگئے۔
اس تناظر میں ’’احوالِ واقعی‘‘ جیسی خودنوشت سوانح کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ اس نوعیت کی تحریریں دراصل تاریخ کے خام مواد کی حیثیت رکھتی ہیں، جن کے بغیر مستقبل کی کوئی بھی مستند علمی یا تہذیبی تاریخ مکمل نہیں ہوسکتی۔ اگر اس کتاب کے اثر سے علما، فضلا اور دینی شخصیات میں خودنوشت سوانح نگاری کا رجحان فروغ پاتا ہے تو یہ ہماری علمی و تہذیبی روایت کے لیے نہایت مبارک پیش رفت ہوگی۔ اس کے ذریعے نہ صرف افراد کے ذاتی احوال محفوظ ہوں گے، بلکہ پورے عہد کی فکری، ثقافتی، تعلیمی اور روحانی تاریخ بھی ایک معتبر صورت میں آئندہ نسلوں تک منتقل ہوسکے گی۔ یوں ہماری علمی، تہذیبی اور ثقافتی تاریخ کے وہ خلا جو مدتوں سے تشنۂ تکمیل ہیں، بتدریج پُر ہونا شروع ہوجائیں گے اور آنے والی نسلیں اپنے اکابر کی حقیقی علمی و روحانی میراث سے زیادہ قریب ہوسکیں گی۔
خاندانی پس منظر اور تعلیمی سفر کی روداد
مولانا نے کتاب کے آغاز میں نہایت اختصار، عمدہ اسلوب اور خوب صورتی کے ساتھ اپنے خاندانی پس منظر کا تعارف پیش کیا ہے۔ انہوں نے محض نسبی معلومات کے بیان پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ اپنے خانوادے کی دینی اور تہذیبی روایت کی بھی ایسی جھلک دکھائی ہے جس سے قاری کو ان کی شخصیت کے فکری و روحانی تشخص کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس تمہیدی حصے میں انہوں نے اپنی زندگی کا ایک اجمالی جائزہ بھی پیش کیا ہے، جو بعد کے تفصیلی بیانیے کے لیے فکری اور تاریخی تمہید کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس کے بعد ’’قصہ میری تعلیم کا‘‘ کے عنوان سے اپنے علمی سفر کی داستان بیان کی ہے۔ یہ حصہ کتاب کے نہایت دلچسپ اور مؤثر ابواب میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے ابتدائی تعلیمی ماحول، علمی ذوق کی نشوونما، مدرسہ باب العلم کی طرف روانگی، حصولِ علم کے ابتدائی مراحل اور تکمیلِ علم کے شوق میں لکھنؤ کے سفر کو اس قدر فطری، رواں اور تصویری انداز میں بیان کیا ہے کہ قاری محض واقعات نہیں پڑھتا، بلکہ گویا پورے عہد کو اپنی آنکھوں کے سامنے متحرک محسوس کرتا ہے۔
خاص طور پر برصغیر کے معروف اور تاریخی دینی ادارے جامعہ ناظمیہ سے متعلق ان کے بیانات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے جامعہ ناظمیہ کے تعلیمی ماحول، علمی فضا، اساتذہ، طلبہ اور اس دور کی دینی و تہذیبی زندگی کے ایسے نقوش محفوظ کیے ہیں جو اب تاریخی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ادارے بدل جاتے ہیں، ماحول تبدیل ہوجاتا ہے، شخصیات رخصت ہوجاتی ہیں اور بہت سی روایات تاریخ کے سینۂ اوراق میں دفن ہوجاتی ہیں۔ ایسے میں اس نوعیت کی خودنوشت تحریریں ایک زندہ تاریخی دستاویز کی صورت اختیار کرلیتی ہیں۔
مولانا نے جن باریکیوں، جزئیات اور مشاہدات کو قلم بند کیا ہے، وہ مستقبل کے محققین کے لیے بھی نہایت قیمتی مواد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خصوصاً مفتی احمد علی کے حوالے سے ان کی گفتگو نہایت دل آویز، مؤدبانہ اور قلبی وابستگی سے لبریز ہے۔ انہوں نے آیت اللہ مفتی احمد علی سے اپنے روحانی و علمی تعلق اور قلبی لگاؤ کو جس شائستگی، ادب اور تہذیبی وقار کے ساتھ بیان کیا ہے، وہ صرف ایک شاگرد کی عقیدت نہیں، بلکہ استاد و شاگرد کے اس پاکیزہ تعلق کی عکاسی بھی ہے جو ہماری دینی روایت کا نہایت تابناک باب رہا ہے۔ ان کے بیان میں نہ مبالغہ ہے اور نہ جذبات کی غیر متوازن فراوانی، بلکہ ایک مہذب وارفتگی اور خاموش عقیدت کی ایسی کیفیت ہے جو قاری کے دل میں بھی احترام و محبت کا احساس پیدا کرتی ہے۔
لکھنؤ کی دینی و علمی مسندیں: ایک تاریخی جائزہ
کتاب ’’احوالِ واقعی‘‘ کا ایک نہایت اہم، معلومات افزا اور تہذیبی اعتبار سے قیمتی باب ’’لکھنؤ کی دینی علمی مسندیں‘‘ ہے، جس میں مصنف نے لکھنؤ کی علمی و دینی روایت کے ان مراکز اور خانوادوں کا تذکرہ کیا ہے جو ایک طویل عرصے تک مذہبی، علمی اور سماجی قیادت کے محور سمجھے جاتے رہے ہیں۔
لکھنؤ برصغیر میں شیعی علمی و تہذیبی روایت کا ایک عظیم مرکز رہا ہے۔ یہاں کی مختلف علمی مسندوں نے نہ صرف دینی علوم کی ترویج میں بنیادی کردار ادا کیا، بلکہ قوم کی فکری و سماجی رہنمائی کے فرائض بھی انجام دیے۔ مولانا نے اس باب میں ان علمی مراکز اور مسندوں کا محض تعارف پیش نہیں کیا، بلکہ ان کے مزاج، اثرات اور ان سے وابستہ علمی شخصیات کی جھلکیاں بھی دکھائی ہیں، جو اب تاریخی حیثیت اختیار کرچکی ہیں۔
مصنف کے مطابق لکھنؤ میں عمومی طور پر پانچ بڑی علمی و دینی مسندیں تسلیم کی جاتی تھیں۔ ان میں خاندانِ اجتہاد اپنی فقہی بصیرت، اجتہادی وقار اور علمی رسوخ کے باعث ایک نمایاں اور مرکزی حیثیت رکھتا تھا اور رکھتا ہے۔ اسی طرح سرکارِ باقر العلوم کی علمی مسند بھی اپنے مخصوص علمی ذوق اور دینی اثر و نفوذ کے اعتبار سے منفرد مقام کی حامل تھی۔ تیسری اہم مسند سرکارِ ناصر الملت کی تھی، جن کے علمی تبحر، وسعتِ مطالعہ اور فکری تفوق کے اہلِ علم معترف تھے۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ وہ تاریخ، رجال، علمِ کلام، حدیث، تفسیر، فقہ اور اصول جیسے متنوع علوم پر مجتہدانہ عبور رکھتے تھے۔ ان کی شخصیت ایک جامع عالمِ دین کی حیثیت رکھتی تھی، جس میں روایت کی پختگی اور علمی ژرف نگاہی یکجا دکھائی دیتی تھی۔
اسی طرح ایک اور اہم علمی و دینی مسند مصنف کے عزیز ترین استاد و مربی، مفتی اعظم سید احمد علی شوشتری سے وابستہ تھی، جہاں بالخصوص درس و تدریس، علمی مباحث اور فقہی مسائل زیرِ بحث رہتے تھے۔ ان تمام مسندوں کے ضمن میں مصنف نے متعدد ایسی علمی، تہذیبی اور روحانی شخصیات کا تذکرہ کیا ہے جو اپنے عہد کی سربرآوردہ ہستیاں تھیں اور جنہوں نے قوم کی فکری تربیت، دینی رہنمائی اور سماجی سرپرستی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
تاہم اس باب کی اہمیت صرف تاریخی معلومات تک محدود نہیں، بلکہ اس میں مصنف کی حقیقت نگاری، بے باکی اور داخلی مشاہدے کی صداقت بھی پوری شدت کے ساتھ سامنے آتی ہے۔ مولانا ناظم علی خیرآبادی نے ان علمی مسندوں کے روشن پہلوؤں کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے تدریجی اخلاقی انحطاط اور سماجی فاصلے کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ’’احوالِ واقعی‘‘ ایک روایتی مدحیہ سوانح کے بجائے ایک سنجیدہ اور دیانت دار تاریخی دستاویز بن جاتی ہے۔
وہ لکھتے ہیں:
’’علمائے لکھنؤ میں مسند نشینوں سے مومنین کیا، طلابِ مدارس کا ملاقات کرنا بھی مشکل ترین کام تھا۔ سینکڑوں تشریفات کے بعد کہیں مسلسل چکر لگانے پر ملاقات ہوتی تھی۔‘‘
مزید آگے بیان کرتے ہیں:
’’یہ بات بھی مسندوں ہی کی ہے کہ دق الباب کے بعد کوئی نوکرانی باہر آئی تھی، نام پوچھ کر اندر جاتی اور آکر کہتی تھی کہ جناب کہہ رہے ہیں کہ وہ نہیں ہیں۔ مسندوں کے ظاہر و باطن کے حالات میں بڑا فرق تھا۔ یہی علماء باہر بڑی خوش اخلاقی سے ملتے تھے لیکن ان کے شریعت کدہ پر ان سے ملاقات کرنا بہت دشوار تھا۔‘‘
یہ بیان محض ایک شخصی شکوہ نہیں، بلکہ ایک پورے سماجی و اخلاقی المیے کی علامت ہے۔ مصنف نے نہایت سادگی، مگر غیر معمولی جرأت کے ساتھ اس تضاد کو آشکار کیا ہے جو بعض مذہبی شخصیات کے ظاہر و باطن یا عوامی اور نجی رویّوں میں پیدا ہوگیا تھا۔ ان کی یہ بے باکی دراصل کتاب کی نمایاں خوبیوں میں سے ایک ہے، کیونکہ انہوں نے تاریخ کو محض عقیدت کے رنگ میں رنگنے کے بجائے صداقتِ واقعہ کو ترجیح دی ہے۔ یہی راست نگاری کسی بھی معتبر خودنوشت یا تاریخی بیانیے کی اصل جان ہوتی ہے۔
اس باب کا مطالعہ یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ مولانا صرف ایک راوی نہیں، بلکہ ایک حساس مبصر بھی ہیں۔ وہ اپنے عہد کی خوبیوں کو احترام کے ساتھ محفوظ کرتے ہیں، لیکن اس کے کمزور اور تاریک پہلوؤں کو بیان کرنے میں بھی تامل سے کام نہیں لیتے۔ یہی توازن ’’احوالِ واقعی‘‘ کو ایک اہم تاریخی، تہذیبی اور فکری دستاویز کا درجہ عطا کرتا ہے۔
آیت اللہ نجم الملت اور جامعہ ناظمیہ کا علمی کردار
لکھنؤ کی ایک دینی و علمی مسند آیت اللہ نجم الملت سے وابستہ تھی۔ نجم الملت، مفتی میر محمد عباس شوشتری کے داماد اور مفتی اعظم احمد علی کے بہنوئی تھے۔ ان کی شخصیت علمی بصیرت، تنظیمی صلاحیت اور تبلیغی شعور کا حسین امتزاج تھی۔ انہوں نے خود کو صرف درس و تدریس تک محدود نہیں رکھا، بلکہ ادارہ سازی، رجال سازی اور فکری تربیت کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔
جامعہ ناظمیہ کی تاسیس ان کے عظیم کارناموں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ ادارہ بعد میں برصغیر کے اہم ترین دینی مراکز میں شامل ہوا اور اس نے اپنے ابتدائی مراحل ہی میں ایسے جلیل القدر علما پیدا کیے جنہوں نے تبلیغ، خطابت اور دینی قیادت کے میدان میں غیر معمولی اثرات مرتب کیے۔ خصوصاً خطیب اعظم مولانا سید سبط حسن، علامہ سید محمد ہارون زنگی پوری اور مولانا سید محمد داؤد زنگی پوری جیسی شخصیات کی تربیت ان کی علمی بصیرت اور رجال سازی کی صلاحیت کا روشن ثبوت ہے۔
اسی طرح ’’مدرسۃ الواعظین‘‘ جیسے عالمی شہرت یافتہ ادارے کا قیام بھی ان کی دوراندیشی اور تبلیغی فکر کا مظہر تھا، جس نے برصغیر میں منظم دینی تبلیغ اور خطابت کو ایک نیا رخ عطا کیا۔
مولانا ناظم علی خیرآبادی نے جامعہ ناظمیہ سے آخری سند حاصل کرنے کے بعد مدرسۃ الواعظین میں داخلہ لیا اور 1977ء میں وہاں کا دو سالہ تعلیمی نصاب مکمل کرنے کے بعد عملی تبلیغی زندگی کا آغاز کیا۔ اس مرحلے کو انہوں نے اپنی کتاب میں نہایت سادگی، مگر مؤثر انداز میں بیان کیا ہے۔ ’’مدرسۃ الواعظین کی جانب سے دورۂ تبلیغ‘‘ کے عنوان سے انہوں نے اپنے ابتدائی تبلیغی اسفار، عوامی روابط، دینی خدمات اور تبلیغی تجربات کی مختصر مگر معنی خیز روداد قلم بند کی ہے۔ یہ حصہ محض ذاتی یادداشتوں کا بیان نہیں، بلکہ اس دور کے تبلیغی ماحول، دینی ذوق اور مذہبی سرگرمیوں کی ایک زندہ تصویر بھی پیش کرتا ہے۔
تحریک تنظیم المکاتب: ایک تعلیمی و تبلیغی جدوجہد
کتاب کا ایک اور اہم باب ’’تحریک تنظیم المکاتب، لکھنؤ‘‘ ہے، جو اپنی تاریخی اور تنظیمی اہمیت کے اعتبار سے خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ اس باب میں مصنف نے اس تحریک کے آغاز، ارتقا اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے بانی خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری کی قربانیوں، جانفشانیوں اور خلوصِ عمل کو نہایت مؤثر انداز میں بیان کیا ہے۔
’’تنظیم المکاتب‘‘ برصغیر کی شیعی دینی تاریخ میں ایک منفرد تعلیمی و تبلیغی تحریک کی حیثیت رکھتی ہے، جس کا مقصد دینی تعلیم کو منظم خطوط پر فروغ دینا اور مکتبی نظام کو استحکام بخشنا تھا۔ مولانا نے اس تحریک سے اپنی وابستگی اور اس کے مختلف مراحل کو جس محبت، دیانت اور تاریخی شعور کے ساتھ قلم بند کیا ہے، وہ اس باب کو کتاب کے اہم ترین حصوں میں شامل کردیتا ہے۔
بیرونِ ملک تبلیغی اسفار اور علمی مشاہدات
اس کے بعد کتاب میں ’’بیرونِ ملک کا سفر — درس و تبلیغِ دین‘‘ کے عنوان سے ایک نیا مرحلہ شروع ہوتا ہے۔ مواد اور واقعات کے اعتبار سے یہ حصہ خاصی طوالت کا متقاضی تھا، کیونکہ اس میں بیرونِ ملک کے تبلیغی اسفار، علمی مشاہدات، دینی خدمات اور متنوع تجربات شامل تھے۔ تاہم مصنف نے اپنے مخصوص اختصار پسند اور مربوط اسلوب کے تحت چھوٹے چھوٹے ذیلی عنوانات قائم کرکے پورے مواد کو اس مہارت سے سمیٹ دیا ہے کہ نہ واقعات کی معنویت متاثر ہوتی ہے اور نہ بیان بوجھل محسوس ہوتا ہے۔
یہ دراصل ان کی نثر نگاری کا خاص وصف ہے کہ وہ طویل اور دلچسپ حکایات کو بھی ایک مہذب اختصار میں ڈھال دیتے ہیں۔ ان کے یہاں اختصار، اختلال کا باعث نہیں بنتا، بلکہ بیان کی تاثیر کو مزید مرتکز کردیتا ہے۔
جامعہ حیدریہ مدینۃ العلوم کی تاسیس: ایک علمی مشن کی تکمیل
’’احوالِ واقعی‘‘ کا آخری باب ’’جامعہ حیدریہ مدینۃ العلوم کی تاسیس‘‘ کے عنوان سے قائم کیا گیا ہے۔ بجا طور پر کہا جاسکتا ہے کہ یہ باب کتاب کے فکری و عملی سفر کا نقطۂ عروج ہے۔ اس میں مولانا ناظم علی خیرآبادی نے اپنے تعلیمی، تبلیغی اور فکری تجربات کے نچوڑ کو ایک ادارہ جاتی صورت میں پیش کیا ہے۔ انہوں نے جامعہ حیدریہ مدینۃ العلوم کے قیام و تاسیس کی داستان نہایت سادگی اور خلوص کے ساتھ بیان کی ہے۔
یہ محض ایک ادارے کے قیام کا تذکرہ نہیں، بلکہ ایک خواب، ایک علمی مشن اور ایک دینی عزم کی داستان ہے، جس کے پس منظر میں مسلسل جدوجہد، قربانی، صبر اور استقامت کارفرما نظر آتی ہے۔ مصنف نے اس باب میں ان دشواریوں، رکاوٹوں اور مسائل کا بھی ذکر کیا ہے جو کسی دینی و تعلیمی ادارے کے قیام کے ابتدائی مراحل میں درپیش ہوتے ہیں۔
اس تمام جدوجہد کے دوران جن شخصیات نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور علمی و اخلاقی تعاون فراہم کیا، ان کا ذکر بھی نہایت محبت، احترام اور وفاداری کے ساتھ کیا گیا ہے۔ خصوصاً اپنے رفیقِ درس، استاذ الاساتذہ مولانا ارشاد حسین معروفی کے علمی تعاون کو انہوں نے بڑی قدر شناسی کے ساتھ یاد کیا ہے۔ اسی طرح رئیس الواعظین مولانا سید کرار حسین کی مسلسل حوصلہ افزائی، سرپرستی اور اخلاقی حمایت کا ذکر بھی اس باب میں نہایت مؤثر انداز میں سامنے آتا ہے۔
کتاب کے اختتامی حصے میں معاصر علما، فضلا اور اہلِ قلم کی تاثراتی اور تجزیاتی تحریریں شامل کی گئی ہیں، جو کتاب اور مصنف کی علمی خدمات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں۔ ان میں آقائے علامہ سید محمد موسوی، حجۃ الاسلام والمسلمین عالی جناب سرکار شمیم الملت مولانا شمیم الحسن، محققِ بصیر مولانا سید محمد جابر جوراسی، مدیر ماہنامہ اصلاح، لکھنؤ، حجۃ الاسلام مولانا سید احمد علی عابدی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ذوالقدر رضوی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید حسین مہدی حسینی، مولانا ابن حسن املوی، حجۃ الاسلام مولانا ڈاکٹر محمد اصغر، حجۃ الاسلام مولانا ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی اور پروفیسر عراق رضا زیدی جیسی شخصیات کی تحریریں شامل ہیں۔
یہ تاثرات محض رسمی تبصرے نہیں، بلکہ ایک علمی شخصیت، اس کی خدمات اور اس کی تہذیبی اہمیت کا سنجیدہ تجزیہ پیش کرتے ہیں۔ آخر میں مولانا ناظم علی خیرآبادی کی تالیف، تصنیف اور ترجمہ کردہ کتابوں کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے، جو ان کی علمی وسعت، تحقیقی ذوق اور مسلسل قلمی جدوجہد کا واضح ثبوت ہے۔
حاصلِ مطالعہ
مجموعی طور پر ’’احوالِ واقعی‘‘ صرف ایک خودنوشت سوانح نہیں، بلکہ ایک پورے علمی و تہذیبی عہد کی داخلی تاریخ، ایک عالمِ دین کی فکری خودکلامی اور برصغیر کی دینی روایت کی ایک زندہ دستاویز ہے۔ اس کتاب میں ذاتی یادداشتیں بھی ہیں، تاریخی مشاہدات بھی؛ علمی روایت کا احترام بھی ہے اور حقیقت نگاری کی بے باکی بھی۔ اس میں شخصیات، اداروں، علمی مراکز، تعلیمی تحریکوں اور تبلیغی سرگرمیوں کے ایسے احوال محفوظ کیے گئے ہیں جو مستقبل کے محققین کے لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔
اس کتاب کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مصنف نے اپنی زندگی کے احوال بیان کرتے ہوئے اپنے عہد کی اجتماعی علمی و دینی زندگی کو بھی محفوظ کردیا ہے۔ ان کا اسلوبِ بیان سادہ، مربوط اور شائستہ ہے، جب کہ واقعات کے انتخاب میں تاریخی شعور، مشاہدے کی گہرائی اور حقیقت پسندی نمایاں ہے۔
بلاشبہ ’’احوالِ واقعی‘‘ اردو خودنوشت سوانح نگاری میں ایک قابلِ قدر اضافہ ہے۔ یہ کتاب نہ صرف مولانا ناظم علی خیرآبادی کی علمی و تبلیغی زندگی سے آگاہ کرتی ہے، بلکہ برصغیر کی شیعی علمی، تہذیبی اور دینی تاریخ کے متعدد اہم گوشوں کو بھی محفوظ کرتی ہے۔ یہی جامعیت اس کتاب کو ایک اہم تاریخی، تہذیبی اور فکری دستاویز کا مقام عطا کرتی ہے۔










آپ کا تبصرہ