جمعہ 13 نومبر 2026 - 23:32
علامہ شہنشاہ نقوی کی 14 جلدوں پر مشتمل کتاب ”مقاتل الشیعہ“ منظر عام پر

حوزہ/پاکستان کے مظلوم شہداء کی قربانی کی داستان پر مشتمل، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی کتاب مقاتل الشیعہ منظر عام پر آ چکی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سید نثار علی ترمذی نے اپنے تحریری مضمون میں علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی تصنیف ’’مقاتل الشیعہ‘‘ کو پاکستان میں شہدائے مظلوم کی قربانیوں اور تاریخ کو محفوظ کرنے کی ایک قابلِ تحسین کاوش قرار دیتے ہوئے اس علمی و تاریخی خدمت کو سراہا ہے۔

علامہ شہنشاہ نقوی کی 14 جلدوں پر مشتمل کتاب ”مقاتل الشیعہ“ منظر عام پر

انہوں نے لکھا ہے کہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے پاکستان کی سرزمین پر بہائے جانے والے خونِ ناحق کی داستان کو چودہ جلدوں میں جمع کر دیا ہے۔

بقول شاعر:

مرے چارہ گر کو نوید ہو، صفِ دشمناں کو خبر کرو
جو وہ قرض رکھتے تھے جاں پر، وہ حساب آج چکا دیا

یہ ایک نہایت دشوار اور جان جوکھوں کا کام ہے کہ ایک ایک شہید کے حالاتِ زندگی اور تصاویر جمع کی جائیں، انہیں علاقائی تقسیم کے مطابق مرتب کیا جائے اور پھر شائع کیا جائے۔ اس عظیم کاوش پر علامہ شہنشاہ حسین نقوی اور ان کی ٹیم یقیناً تحسین و ستائش کی مستحق ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت و حوصلہ عطا فرمائے اور اس خدمت کا اجرِ عظیم نصیب کرے۔ آمین ثم آمین۔

ان کتابوں میں ملا احمد ٹھٹھوی شہید سے لے کر عصرِ حاضر تک کے شہداء کا تذکرہ شامل ہے۔ اگرچہ یہ کام ایک حد تک مکمل ہو چکا ہے، تاہم اب بھی کئی شہداء کے حالاتِ زندگی دستیاب نہیں ہو سکے، جس کی نشان دہی ایک فہرست کی صورت میں بھی کی گئی ہے۔ اس طرح شہداء کی قربانیوں کو تحریری صورت میں محفوظ کرنے اور نئی نسل تک پہنچانے کا ایک اہم مرحلہ پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے۔

ڈاکٹر سید محمد علی نقوی شہید کہا کرتے تھے کہ سب سے بڑا کام یہ ہے کہ انسان خود نیکی کا کوئی کام انجام دے، ورنہ جو لوگ نیک کام کر رہے ہیں، ان کا ساتھ دے اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو خاموشی سے گھر بیٹھ جائے۔ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے جو کام انجام دیا ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس پر طنز و تنقید کرنے کے بجائے اس کارِ خیر کو فروغ دینے میں تعاون کرنا چاہیے۔

چودہ جلدوں پر مشتمل یہ کتابیں جہاں شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں، وہیں ایک پوری ملت کا مرثیہ بھی ہیں۔ جن شہداء کے حالات جمع کیے گئے ہیں، ان میں سے بیشتر کو شاید یہ معلوم بھی نہ تھا کہ ان سے زندگی کا حق کیوں چھینا گیا اور ان کا جرم کیا تھا؟

بِأَيِّ ذَنبٍ قُتِلَتْ

علامہ اقبال کے بقول:

’’مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا‘‘

لیکن افسوس کہ ان تمام افراد کی جانیں مذہب ہی کے نام پر لی گئیں۔ اس المیے پر جس قدر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جائے، کم ہے۔ یہ سب ہمارے معاشرے کے افراد تھے۔ ان کے ماں باپ، بہن بھائی، بیوی اور بچے تھے۔ ان میں علمائے دین، ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، اساتذہ اور عام شہری شامل تھے۔ کوئی مسجد میں سجدہ ریز تھا، کوئی دینی محفل میں شریک تھا اور کوئی اپنے روزگار کے سلسلے میں جا رہا تھا۔ بعض تو ایسے معصوم تھے کہ دنیا اور دین کا کوئی قانون بھی ان پر لاگو نہیں ہوتا تھا۔ آخر ان کا جرم کیا تھا؟ ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ ایک مختلف نقطۂ نظر رکھتے تھے۔

علامہ شہنشاہ نقوی کی 14 جلدوں پر مشتمل کتاب ”مقاتل الشیعہ“ منظر عام پر

یہ حقیقت بھی سامنے آئی ہے کہ جب کسی کے پاس دلیل نہیں ہوتی تو وہ گولی کی زبان میں بات کرتا ہے، حالانکہ یہ بدترین شکست کی علامت ہے۔ اگر کوئی نظریہ زندہ ہو تو اسے کسی دباؤ سے دبایا نہیں جا سکتا۔

بقول غالب:

پاتے نہیں جب راہ تو چڑھ جاتے ہیں نالے
رکتی ہے مری طبع تو ہوتی ہے رواں اور

اس لیے اگر مخالف فریق دانش ور ہو تو اسے نظریے کا جواب نظریے سے دینا چاہیے، نہ کہ مخالف کی آواز کو خاموش کر کے۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ فرقہ واریت کی یہ وبا ہمارے ملک سے ختم ہو جائے اور تمام لوگ اپنے اپنے عقیدے کے مطابق امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

ان کتابوں میں بالخصوص پنجاب کے شہداء کے تذکروں کے ضمن میں عزاداری کی تاریخ، خونی واقعات کی تفصیلات، شہداء پر لکھے گئے مضامین اور اخباری تراشے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں تاریخِ تشیع کے حوالے سے بھی اہم مواد فراہم کیا گیا ہے۔

مصنف نے تجویز پیش کی ہے کہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی اپنی زیرِ نگرانی ’’تاریخِ تشیع پاکستان‘‘ مرتب کرنے کے منصوبے کا بھی آغاز کریں۔ اس میں تنظیموں کا ارتقا، ان کی جدوجہد، عزاداری کا فروغ، استحکامِ پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کا کردار، ختمِ نبوت اور وحدتِ مسلمین کے لیے ان کی خدمات اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا تذکرہ شامل کیا جائے۔

انہوں نے اہلِ مطالعہ سے اپیل کی ہے کہ کم از کم وہ افراد جنہیں اللہ تعالیٰ نے مطالعے کی توفیق عطا فرمائی ہے، ان کتابوں کا ضرور مطالعہ کریں۔ اس کے علاوہ انہیں خرید کر اپنے قریبی مدارس یا لائبریریوں کو تحفے میں دیں تاکہ یہ تاریخی سرمایہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔

علامہ شہنشاہ نقوی کی 14 جلدوں پر مشتمل کتاب ”مقاتل الشیعہ“ منظر عام پر

آخر میں سید نثار علی ترمذی نے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عظیم علمی و تاریخی خدمت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس منصوبے میں ڈاکٹر فہیم عباس جعفری (کوئٹہ)، ڈاکٹر جاوید منظر (کراچی)، سید قمر عباس زیدی (کراچی)، سید ذوالفقار حسین نقوی (کراچی)، محبت علی قیصر (گلگت) اور محمد جعفر خاک نے بھی بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد نے نہایت دل جمعی اور محنت کے ساتھ اس بڑے کام کو انجام دیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha