جمعہ 13 نومبر 2026 - 15:35
سیدہ کائنات کی مظلومیت اور شہادت تاریخِ اسلام کا ناقابلِ فراموش باب ہے، علامہ سید باقر حسین زیدی

حوزہ/ ترجمان وسینئر نائب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید باقر حسین زیدی نے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ کی تربیت، اخلاق، عبادت، عفت، حیا، صبر اور حق گوئی کا کامل نمونہ ہے۔ آپؑ کی حیاتِ مبارکہ اور سیرتِ طیبہ پوری انسانیت، بالخصوص خواتینِ اسلام کے لیے ایک عظیم درس اور مشعلِ راہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان وسینئر نائب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید باقر حسین زیدی نے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایامِ شہادت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ اقدس پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ کی تربیت، اخلاق، عبادت، عفت، حیا، صبر اور حق گوئی کا کامل نمونہ ہے۔ آپؑ کی حیاتِ مبارکہ اور سیرتِ طیبہ پوری انسانیت، بالخصوص خواتینِ اسلام کے لیے ایک عظیم درس اور مشعلِ راہ ہے۔

علامہ باقر حسین زیدی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور شہادت تاریخِ اسلام کا ایک دردناک باب ہے، جسے یاد کرنا محض سوگ کا اظہار نہیں بلکہ حق و صداقت، عدل و انصاف اور اہلِ بیت اطہار علیہم السلام سے محبت و وابستگی کے عہد کی تجدید بھی ہے۔ آپؑ نے اپنے کردار اور استقامت سے حق کی سربلندی کے لیے جو مثال قائم کی وہ رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے اپنی محبت اور عظمت کے ذریعے امت کو اہلِ بیت اطہارؑ کے مقام و منزلت سے آگاہ فرمایا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اپنائیں اور معاشرے میں عدل، مساوات، احترامِ انسانیت اور حق گوئی کو فروغ دیں۔

ترجمان جعفریہ الائنس نے ملتِ جعفریہ سمیت تمام محبانِ اہلِ بیتؑ سے اپیل کی کہ ایامِ فاطمیہ عقیدت و احترام، اتحادِ امت، صبر و تحمل اور سیرتِ اہلِ بیتؑ کی ترویج کے ساتھ منائیں اور ان مقدس ایام میں اتحاد و وحدت، امن و بھائی چارے کو مقدم رکھیں۔

دریں اثنا، ترجمان و سینئر نائب صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید باقر حسین زیدی 3 جمادی الثانی بروز ہفتہ جعفر طیار سوسائٹی میں دستہ ابوالفضلؑ کے زیرِ اہتمام منعقدہ مرکزی مجلسِ عزا سے خطاب کریں گے، جس میں وہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور مصائبِ شہادت بیان فرمائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha