جمعہ 13 نومبر 2026 - 12:48
حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت کسی ایک زمانہ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانی تاریخ میں جاری و ساری ہے

آیت اللہ محسن اراکی:

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت کسی ایک زمانہ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانی تاریخ میں جاری و ساری ہے

تاریخی حقائق بیان کرنا تقریبِ مذاہب کے منافی نہیں بشرطیکہ یہ کام حکمت، دلیل، اخلاق اور مناسب انداز میں انجام دیا جائے

حوزہ/ آیت اللہ محسن اراکی نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبات اسلامی معاشرہ کے لیے ایک عظیم علمی و فکری سرمایہ ہیں، جن میں اسلام کے حقائق، ولایتِ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی اہمیت اور امتِ اسلامی کے مستقبل کے حوالے سے نہایت اہم رہنمائی موجود ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم کے استاد دروسِ خارج اور مجلس خبرگان رہبری کی مجلسِ عاملہ کے رکن آیت اللہ محسن اراکی نے مکتبِ فاطمی کے مختلف پہلوؤں، حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبات کی تاریخی اہمیت، فدک کے مسئلے اور اسلامی مذاہب کے درمیان وحدت کے تناظر میں حقائق بیان کرنے کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کسی ایک زمانے تک محدود نہیں بلکہ آپ کی حقیقت پوری انسانی تاریخ میں جاری و ساری ہے۔ آپ کے وجودِ مبارک میں ودیعت کیا گیا راز، جسے صلواتِ فاطمیہ میں ’’السِّرُّ الْمُسْتَوْدَعُ فِیْهَا‘‘ کہا گیا ہے، درحقیقت وہ فاطمی حقیقت ہے جو انسانی معاشرے کو عالمی عدل و انصاف کے قیام کی جانب حرکت دیتی ہے۔

آیت اللہ اراکی نے مزید کہا: اس حقیقت کا ایک نمایاں مظہر تاریخ میں جاری ظلم و استکبار کے خلاف جدوجہد ہے جو واقعۂ کربلا میں اپنے عروج پر پہنچی اور اولادِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے ذریعہ مختلف ادوار میں جاری رہی۔ انہوں نے امام خمینی (رہ)، رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (رہ)، شہید سید حسن نصراللہ، شہید سید محمد باقر صدر، شہید سید محمد باقر حکیم اور پاکستان کے شہید سید عارف حسین الحسینی کو اسی تحریک کے نمایاں علمبردار قرار دیا۔

مجلس خبرگان رہبری کے اس رکن نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: آپ سلام اللہ علیہا کی جدوجہد دو بنیادی حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلا حصہ اسلام کے حقائق، ولایتِ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اور اہلِ بیت علیہم السلام کی مظلومیت کو واضح کرنا تھا۔

انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے پہلے خطبے میں توحید کے حقائق اور فدک کی فلسفیانہ حیثیت کو بیان کرتے ہوئے مسئلۂ ولایت کے حقائق سے پردہ اٹھایا۔ فدک محض ایک زرعی زمین نہیں تھا بلکہ حاکمیتِ الٰہی اور معاشرتی خلا کو پُر کرنے کی علامت تھا۔ دوسری جانب، آپ سلام اللہ علیہا کا دوسرا خطبہ، جو مہاجرین و انصار کی خواتین کے اجتماع میں ارشاد فرمایا، انحرافات اور ان المناک واقعات کی وجوہات کی واضح پیش گوئی اور نشاندہی کرتا ہے جن کا سامنا اسلامی معاشروں کو تاریخ کے مختلف ادوار سے لے کر آج تک کرنا پڑا ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت کسی ایک زمانہ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانی تاریخ میں جاری و ساری ہے

آیت اللہ اراکی نے کہا: فدک کے ذریعہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا معاشرے کی ان ضروریات کو پورا کرتی تھیں جنہیں عام قوانین، زکوٰۃ اور دیگر مالی وسائل سے پورا کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ آپ کا گھر بے گھر افراد، بھوکوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کے لیے پناہ گاہ تھا۔ سورۂ انسان میں اہلِ بیت علیہم السلام کے ایثار و انفاق کا واقعہ بھی اسی حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: فدک اور خمس سے متعلق معاملات درحقیقت اہلِ بیت علیہم السلام کے معاشرتی و دینی مقام اور ان کی حاکمیت کی علامتوں سے وابستہ تھے۔

آیت اللہ اراکی نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے امت کو خبردار کیا تھا کہ اگر اسلامی معاشرے میں حق و ولایت کے حقیقی راستے سے انحراف کیا گیا تو مستقبل میں ظالم، مستکبر اور خودسر حکمران مسلمانوں پر مسلط ہوں گے، ان کا خون بہائیں گے، اجتماعی قتل و غارت کا بازار گرم کریں گے اور ان کے قومی وسائل و دولت کو لوٹ لیں گے۔

انہوں نے کہا: آج فلسطین، عراق اور دیگر اسلامی ممالک میں جو ظلم، انتشار، قتلِ عام اور مسلمانوں کے وسائل کی لوٹ مار دکھائی دے رہی ہے، اسے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اسی تاریخی انتباہ کے تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے۔

آیت اللہ اراکی نے اسلامی مذاہب کے درمیان وحدت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: تاریخی حقائق بیان کرنا تقریبِ مذاہب کے منافی نہیں بشرطیکہ یہ کام حکمت، دلیل، اخلاق اور مناسب انداز میں انجام دیا جائے۔

انہوں نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور فدک کے واقعہ کو اہلِ سنت کی معتبر کتابوں مثلاً صحیح بخاری اور دیگر مصادر کی روشنی میں بھی بیان کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد کسی مسلمان کے خلاف دشمنی پیدا کرنا نہیں بلکہ اسلامی تاریخ کے ان واقعات کا تجزیہ کرنا ہے جن کے اثرات آج بھی امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل میں دکھائی دیتے ہیں۔

حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت کسی ایک زمانہ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانی تاریخ میں جاری و ساری ہے

انہوں نے کہا: ہمیں اہلِ سنت کو اپنا بھائی سمجھتے ہوئے حقائق کو دوستانہ اور مستدل انداز میں بیان کرنا چاہیے۔ ہمارا طریقہ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اور امام جعفر صادق علیہ السلام کا طریقہ ہونا چاہیے۔

آیت اللہ اراکی نے خطبا، ذاکرین اور اہلِ منبر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ان کی گفتگو میں چار بنیادی خصوصیات ہونی چاہئیں:

حکمت، دانائی اور اچھی نصیحت پر مبنی ہو۔

سچی، واضح اور حقائق کو روشن کرنے والی ہو۔

اخلاص کے ساتھ ہو اور مقرر کے کردار و عمل میں بھی اس کا اثر دکھائی دے۔

عصرِ حاضر کے تقاضوں اور نوجوان نسل کی فہم و زبان کے مطابق ہو۔

آیت اللہ محسن اراکی نے آخر میں کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبات اسلامی معارف کا عظیم خزانہ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان خطبات کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے تاکہ نئی نسل ولایت کی حقیقت، اسلامی معاشرے کے مسائل اور عدلِ الٰہی کے قیام کے لیے مکتبِ فاطمی کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کر سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha