حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ، باب النجف لکھنؤ کے زیر اہتمام شیخ الفقہاء آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے شبِ جمعہ، 26 نومبر 2026 کو حسینیہ قائمہ خاتون سجاد باغ کالونی میں قرآن خوانی اور مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس میں علماء، طلاب اور مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز اجتماعی قرآن خوانی سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا شیخ محمد علی نے تلاوتِ قرآن کریم کی، جبکہ مولانا حسن عباس معروفی نے بارگاہِ اہل بیت علیہم السلام میں منظوم نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد میاں عابدی قمی نے خطاب کرتے ہوئے آیۃ اللہ وحید خراسانی کی علمی عظمت، فقہی مقام، اخلاقی اوصاف اور دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ کسی شخصیت کی حقیقی عظمت کا معیار دنیاوی القاب، شہرت اور ظاہری مقام نہیں، بلکہ تواضع، خشیتِ الٰہی اور انکساری ہے۔ آیۃ اللہ وحید خراسانی غیر معمولی علمی مقام کے باوجود انتہائی منکسرالمزاج تھے۔ درس و تدریس میں علمی نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کا خاص اہتمام کرتے، جبکہ خصوصی نشستوں میں شاگردوں کے ساتھ نہایت شفقت اور انکساری سے پیش آتے تھے۔
مولانا محمد میاں عابدی نے علم کو نور قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی علم اسی قلب میں مؤثر ہوتا ہے جو خشیتِ الٰہی، پاکیزگی اور اخلاص سے آراستہ ہو۔ جس طرح شفاف شیشہ چراغ کی روشنی کو زیادہ نمایاں کرتا ہے، اسی طرح پاکیزہ قلب علمِ اہل بیت علیہم السلام کے نور کو دوسروں تک پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔
انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کے شاگردوں کی تربیت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام اپنے اصحاب کی صلاحیتوں اور علمی استعداد کے مطابق ان کی رہنمائی فرماتے تھے۔ ہر شخص کی ذمہ داری اور میدانِ عمل مختلف ہوتا ہے۔ ہر موقع پر گفتگو کرنا علم کی علامت نہیں اور نہ ہی ہر جگہ خاموش رہنا دانش مندی ہے؛ بلکہ حقیقی بصیرت یہ ہے کہ انسان موقع، مصلحت اور اپنی ذمہ داری کو پہچانے۔
انہوں نے فقہِ اہل بیت علیہم السلام کے ارتقائی سفر کا ذکر کرتے ہوئے شیخ طوسی، علامہ حلی، شیخ انصاری، آخوند خراسانی، محقق نائینی اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی رضوان اللہ تعالیٰ علیہم سمیت بزرگ فقہاء کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فقہِ اہل بیت علیہم السلام صدیوں کی تحقیق، تدبر، اجتہاد اور علمی استدلال کے مراحل سے گزر کر موجودہ علمی مقام تک پہنچی ہے۔ آیۃ اللہ وحید خراسانی اسی عظیم علمی روایت کے ممتاز نمائندوں میں سے تھے۔ ان کی رحلت کو ایک عظیم فقیہ کی وفات کے ساتھ ایک طویل علمی و فقہی عہد کے اختتام کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔
مولانا سید محمد میاں عابدی نے تحریکِ فاطمیہ کے احیاء اور فروغ میں آیۃ اللہ وحید خراسانی کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریک نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت، مظلومیت اور سیرت کے مطالعے کو نئی وسعت عطا کی۔ مجالسِ عزائے فاطمیہ کے فروغ سے مختلف معاشروں میں اہل بیت علیہم السلام کی معرفت اور دینی شعور کو تقویت ملی۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی دینی و اجتماعی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے داعش کے خلاف دفاعِ کے تاریخی فتوے کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ مراجعِ عظام کی بصیرت، دینی رہنمائی اور بروقت فیصلے امت کی فکری و دینی رہنمائی اور معاشرتی تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مولانا محمد میاں عابدی نے آیۃ اللہ وحید خراسانی کی سادگی، اخلاص اور ذاتی تشہیر سے اجتناب کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شخصیت کو نمایاں کرنے کے بجائے خدمتِ دین اور تعلیماتِ اہل بیت علیہم السلام کے فروغ کو ترجیح دیتے تھے۔ ان کی زندگی علماء، طلاب اور مبلغین کے لیے عملی نمونہ ہے کہ علمی مقام کی بلندی کے ساتھ تواضع، تقویٰ اور احساسِ ذمہ داری بھی ضروری ہے۔
انہوں نے طلاب و مبلغین پر زور دیا کہ وہ بزرگ علماء کی زندگیوں سے صرف علمی استفادہ نہ کریں بلکہ ان کے اخلاق، اخلاص، سادگی، تقویٰ اور خدمتِ اہل بیت علیہم السلام کے جذبے کو بھی اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور دوران نظامت آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے حیات و خدمات کے مختلف واقعات اور ان کے سلسلہ میں دیگر علماء و فقہاء کے بیانات کی جانب اشارہ کیا۔
مجلسِ ترحیم میں مرجعِ اعلیٰ دینی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی سمیت علماء، طلاب اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مجلس کا اختتام آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا پر ہوا۔











آپ کا تبصرہ