جمعہ 20 نومبر 2026 - 14:42
آصفی مسجد میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی مجلسِ ترحیم

حوزہ/ مجلس علمائے ہند کے زیرِ اہتمام آصفی مسجد میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی مجلسِ ترحیم منعقد ہوئی، جس میں مولانا گلریز مہدی نے مرحوم کی علمی، فقہی اور دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ مجلس علمائے ہند کے زیرِ اہتمام آصفی مسجد لکھنؤ میں نمازِ جمعہ کے بعد عالمِ تشیع کے عظیم مرجعِ تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ایصالِ ثواب اور اظہارِ عقیدت کے لیے مجلسِ ترحیم کا انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور مؤمنین نے شرکت کرکے مرحوم کی علمی، فقہی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مجلس سے مولانا گلریز مہدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی علمی و فقہی شخصیت اور حوزہ ہائے علمیہ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی نابغۂ روزگار علمی و دینی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ ان کی علمی بصیرت، فقہی خدمات اور دینی آثار ہمیشہ اہلِ علم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی علمی و دینی خدمات اور عزاداریِ اہلِ بیت علیہم السلام کے حوالے سے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی رحلت عالمِ تشیع اور علمی حلقوں کے لیے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔

مجلسِ ترحیم میں مولانا محمد میاں عابدی، مولانا سرتاج حیدر زیدی، مولانا علی ہاشم عابدی، مولانا تنویر عباس، مولانا ڈاکٹر علی سلمان، مولانا افضال عابدی سمیت دیگر علمائے کرام اور مؤمنین نے شرکت کی۔

مجلس کا اختتام مرحوم آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے لیے دعائے مغفرت، بلندیِ درجات اور پسماندگان و متعلقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا پر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha