جمعرات 19 نومبر 2026 - 01:32
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی (رح) کے انتقال پر جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں تعزیتی جلسہ

حوزہ/ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت پر تعزیتی جلسہ منعقد ہوا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے آپ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ مرجعِ عالی قدر، استاد الاساتذہ، محقق و مدقق حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی اعلیٰ اللہ مقامہ کے انتقالِ پُرملال پر جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں ایک تعزیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے کی صدارت حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید فرید الحسن، پرنسپل ناظمیہ عربی کالج نے کی۔

اس موقع پر جامعہ ناظمیہ کے استاد حجۃ الاسلام مولانا سید عترت حسین رضوی نے اپنے خطاب میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی، دینی، فقہی اور حوزوی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمِ تشیع کی ایک عظیم علمی و روحانی شخصیت، فقہ و اصول کے ممتاز استاد اور علومِ اہل بیتؑ کے مخلص خادم تھے۔ ان کی پوری زندگی تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، تبلیغِ دین اور مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی عظیم علمی و دینی شخصیات کا فقدان عالمِ تشیع کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے علمی آثار و افکار، شاگردوں کی تربیت اور گراں قدر دینی خدمات ہمیشہ اہلِ علم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے علمی و عملی کردار سے رہنمائی حاصل کریں اور ان کے علمی ورثے کی حفاظت اور ترویج کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

جلسے میں جامعہ ناظمیہ کے اساتذہ، طلبہ اور دیگر اہلِ علم نے شرکت کی اور مرحوم مرجعِ عالی قدر کی علمی و دینی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت اور بلندیِ درجات کی۔ جلسے کے اختتام پر فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha