حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ اہل بیتؑ دہلی نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ وحید خراسانیؒ کی رحلت کو عالمِ تشیع اور حوزاتِ علمیہ کے لیے عظیم علمی و روحانی خسارہ قرار دیتے ہوئے ان کے علمی مقام، فقہی تحقیقات اور مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا ہے۔ جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
باسمہ تعالیٰ
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
مرجع جہاں تشیع ، فقیہِ اہل بیتؑ، محققِ جلیل القدر، عالمِ ربانی حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر جامعہ اہل بیت (دہلی) کی جانب سے بارگاہِ امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مراجعِ عظام، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے تلامذہ، ارادتمندان وپسماندگان اور پوری ملتِ تشیع کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت ایک عظیم علمی و روحانی خسارہ ہے۔ آپ ان ممتاز علمی شخصیات میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی علومِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کی تحصیل، تحقیق، تدریس اور ترویج کے لیے وقف کر دی۔ فقہ و اصول کے میدان میں آپ کا عمیق تحقیقی منہج، دقیق استدلال، مبانی اجتہاد کی تنقیح اور روایاتِ اہل بیت علیہم السلام سے استناد، حوزوی علمی روایت کا بیش بہا سرمایہ ہے۔ آپ کے دروسِ خارج سے بے شمار علماوافاضل اور محققین نے کسبِ فیض کیا اور آپ کی علمی و فکری رہنمائی نے حوزہ ہائے علمیہ کی علمی و تحقیقی فضا پر گہرے نقوش ثبت کیے۔
آپ کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو مکتبِ اہل بیت علیہم السلام سے والہانہ وابستگی، مقامِ ولایت و امامت کا دفاع اور شعائرِ دینی کے احیا کے لیے غیر معمولی اہتمام تھا۔ بالخصوص سیرتِ حضرت صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا، مصائب و مظلومیتِ اہل بیت علیہم السلام اور عزائے فاطمی کے سلسلے میں آپ کی بصیرت افروز رہنمائی اور پُراثر خطابات اہلِ ایمان کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
بلاشبہ، ایسے جلیل القدر فقیہ و عالم کی رحلت سے حوزہ ہائے علمیہ ایک عظیم علمی و روحانی شخصیت سے محروم ہوگئے ہیں، لیکن آپ کے علمی آثار، گراں قدر تحقیقات، تربیت یافتہ تلامذہ اور مکتبِ اہل بیت علیہم السلام کے لیے آپ کی بے لوث خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
جامعہ اہل بیت (دہلی) اس عظیم سانحے پر بارگاہِ خداوندی میں دست بدعا ہے کہ پروردگارِ عالم اس فقیہِ عالی مقام کو اپنے اولیائے طاہرین علیہم السلام کے جوار میں اعلیٰ درجات عطا فرمائے، ان کی عمر بھر کی علمی و دینی مساعی کو شرفِ قبولیت بخشے اور ان کے پسماندگان، شاگردوں، متعلقین اور تمام سوگواروں کو صبرجمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے؛ آمین۔
رَفَعَ اللّٰهُ دَرَجَاتِهِ وَحَشَرَهُ مَعَ مُحَمَّدٍ وَآلِهِ الطَّاهِرِينَ
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
جامعہ اہل بیت ؑ، شاہین باغ ( نئی دہلی)










آپ کا تبصرہ