بدھ 18 نومبر 2026 - 14:42
قم المقدسہ میں آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی تشییعِ جنازہ میں عقیدت مندوں کا سیلاب

حوزہ/ علماء، مراجع کرام کے نمائندوں، حوزہ علمیہ کے اساتذہ اور ہزاروں سوگواروں کی شرکت؛ حرم حضرت معصومہؑ میں طواف کے بعد صحن امام رضاؑ میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی رحلت کے بعد ان کی آخری رسومات اور تشییع جنازہ میں شرکت کے لیے عقیدت مندوں کا جم غفیر امڈ پڑا۔ شہر مقدس قم کی سڑکیں سوگواروں سے بھر گئیں اور ہزاروں افراد نے اس عظیم مرجعِ تقلید اور ممتاز استادِ حوزہ علمیہ کو اشکبار آنکھوں سے آخری سلام پیش کرتے ہوئے ان کے جسدِ خاکی کو الوداع کہا۔

 

آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی تشییع جنازہ کا آغاز مسجد فاطمیہ، واقع خیابان 19 دی (باجک)، سے ہوا۔ جلوسِ جنازہ حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی جانب روانہ ہوا، جس میں علماء، حوزہ علمیہ کے اساتذہ، طلاب، مراجع عظام کے نمائندوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تشییع جنازہ کے راستے پر سوگواروں کا ہجوم اس قدر وسیع تھا کہ سڑکیں لوگوں سے بھری نظر آ رہی تھیں۔ جلوس کے آغاز کے ایک گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود اطراف کی سڑکوں سے لوگوں کی بڑی تعداد مسلسل جلوس میں شامل ہوتی رہی۔

علمائے کرام اور اہم شخصیات کی شرکت

اس موقع پر آیت اللہ اعرافی، سربراہ حوزہ علمیہ ایران، آیت اللہ حسینی بوشہری، صدر جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، آیت اللہ محمد مہدی شب زندہ دار اور دیگر ممتاز علمائے کرام نے شرکت کرکے مرحوم مرجعِ عالی قدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس کے علاوہ جامعہ مدرسین، شورای عالی حوزہ ہائے علمیہ، مجلس خبرگان رہبری کے ارکان، اعلیٰ حوزوی عہدیداران، اساتذہ و فضلاء، ملکی و صوبائی حکام اور دیگر اہم شخصیات بھی تشییع جنازہ میں شریک ہوئیں۔

مرجعیت سے عوام کی گہری وابستگی کا اظہار

تشییع جنازہ میں مؤمنین اور اہلِ علم کی غیر معمولی شرکت نے مرجعیت سے عوام کی گہری عقیدت اور وابستگی کی عکاسی کی۔ قم کے عوام نے اپنے محبوب مرجعِ تقلید کو الوداع کہنے کے لیے جس انداز میں شرکت کی، اس نے شہر کو سوگوار منظر میں تبدیل کردیا۔

ضریح حضرت معصومہؑ کا طواف

تشییع جنازہ کے بعد آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے جسدِ خاکی کو حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں داخل کیا گیا، جہاں ضریح کے طواف کے بعد صحن امام رضاؑ میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ اس طرح اس عظیم مرجعِ تقلید اور استادِ برجستہ حوزہ علمیہ کو ان کی زندگی کی آخری زیارت کے لیے بارگاہِ کریمہ اہل بیتؑ میں حاضر کیا گیا۔

مشہد مقدس میں تشییع و تدفین

کل مشہد مقدس میں بھی حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی تشییع کا اہتمام کیا گیا ہے، جو جمعرات 19 نومبر کو صبح 9 بجے مدرسۂ علمیہ آیت اللہ العظمیٰ خوئیؒ سے حرم مطہر امام علی بن موسیٰ الرضاؑ تک انجام پائے گی۔

اسی طرح حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی مجلسِ ترحیم جمعرات 19 نومبر کو نمازِ مغرب و عشاء کے بعد مشہد مقدس میں مدرسۂ علمیہ آیت اللہ العظمیٰ خوئیؒ میں ان کے دفتر کی جانب سے منعقد کی جائے گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha