حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ممتاز علمی و دینی شخصیت، مرجعِ عالی قدر، حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کے ارتحال پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے زیرِ اہتمام گہرے رنج و غم اور عقیدت و احترام کے ساتھ ایک پُروقار جلوسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

جلوسِ عزاء نمازِ ظہرین کے بعد حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے احاطے سے برآمد ہوا، جس کی قیادت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے کی۔ جلوس میں علمائے کرام، طلابِ حوزہ علمیہ، جمعیت کے اراکین اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور اس عظیم علمی و دینی شخصیت کے ارتحال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
جلوسِ عزاء اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا فاطمیہ ہال، انقلاب منزل کرگل پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جہاں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع سے ممتاز علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی علمی، دینی، فقہی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے پرنسپل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ کاظم عالم الہدیٰ، مرکزی امامِ جمعہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ غلام علی مفیدی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ طالب حسین سبحانی اور جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے خطاب کیا۔
جلوسِ عزاء سے قبل صبح ہی سے حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے احاطے میں مجلسِ فاتحہ اور قرآن خوانی کا سلسلہ جاری تھا، جو مسلسل تین روز تک جاری رہے گا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں مرحوم مرجعِ عالی قدر کی علمی عظمت، فقہی بصیرت، دینی استقامت اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و تحفظ کے لیے انجام دی گئی گراں قدر خدمات کو تفصیل سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ نے اپنی پوری زندگی علومِ اسلامی کی ترویج، حوزہ ہائے علمیہ کی علمی و تحقیقی ترقی، علمائے کرام اور طلاب کی تربیت اور تعلیماتِ قرآن و عترت کو عام کرنے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

مقررین نے مزید کہا کہ مرحوم کی علمی شخصیت، فقہی تحقیقات، دینی رہنمائی اور مکتبِ تشیع کے بنیادی عقائد و تعلیمات کے دفاع میں ان کا غیر متزلزل کردار ہمیشہ تاریخِ تشیع میں یاد رکھا جائے گا۔ آپ نے اپنے علمی آثار، دروس اور خطابات کے ذریعے نہ صرف علومِ اہلِ بیت علیہم السلام کی اشاعت میں نمایاں کردار ادا کیا، بلکہ نسل در نسل علماء، محققین اور طلاب کی فکری و علمی تربیت کا اہم فریضہ بھی انجام دیا۔
علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ کسی عظیم مرجعِ تقلید کا ارتحال محض ایک فرد کی جدائی نہیں، بلکہ عالمِ اسلام، بالخصوص مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کے علمی حلقوں کے لیے ایک گراں قدر علمی سرمائے سے محرومی ہے۔ تاہم مرحوم کے علمی آثار، فکری رہنمائی اور دینی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

مقررین نے علمائے کرام، طلابِ حوزہ علمیہ اور نئی نسل پر زور دیا کہ وہ مرحوم کے علمی آثار و تحقیقات سے استفادہ کریں اور علم، تقویٰ، اخلاص اور تعلیماتِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستگی کے اس راستے کو جاری رکھیں، جس کے لیے مرحوم نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی تھی۔
اس موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ نے امامِ زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، مرحوم کے اہلِ خانہ، شاگردوں، حوزاتِ علمیہ، مراجعِ عظام اور پوری ملتِ تشیع کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کی۔ جمعیت نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ پروردگارِ عالم مرحوم کو جوارِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں اعلیٰ مقامات عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ، متعلقین، شاگردوں اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل و اجرِ جزیل عنایت فرمائے۔










آپ کا تبصرہ