حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کرگل لداخ میں ایامِ فاطمیہ کے اختتامی روز نہایت عقیدت و احترام، مذہبی جوش و جذبے اور غم و اندوہ کی فضاء میں عظیم الشان جلوس ہائے عزاء برآمد کیے گئے، جن میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں اور سوگواران نے شرکت کرکے دخترِ رسولِ اکرم حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کی یاد تازہ کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب اور خاندانِ عصمت و طہارت سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

یہ جلوس جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ (JUIAKL) کے زیرِ اہتمام ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئے، جن میں شریک عزاداران مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی شہر کرگل میں جمع ہوئے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے فاطمہ چوک، اثنا عشریہ چوک، خمینی چوک اور لال چوک سے گزرے اور بالآخر انقلاب منزل کرگل پر اختتام پذیر ہوئے۔
مکمل تصاویر دیکھیں:
کرگل لداخ میں ایامِ فاطمیہ کا اختتامی جلوس عزاء برآمد؛ ہزاروں عزاداروں کی شرکت
مرکزی جلوس عزا کی قیادت علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کی، جبکہ اس موقع پر علمائے کرام، دینی و سماجی شخصیات، نوجوانوں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اور ہزاروں کی تعداد میں مومنین و محبانِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔

شرکاء نے ماتمی نوحہ خوانی اور دیگر روایتی طریقوں سے اظہارِ غم کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کو یاد کیا اور ان کی عظیم سیرت و تعلیمات سے تجدیدِ عہد کیا۔
اختتامی پروگرام کی نظامت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محبوب علی خان وجدانی نے انجام دی۔
اس موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی نے خطاب کیا؛ جس میں آپ نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی بے مثال شخصیت، فضائل و مناقب، عظیم قربانیوں، مظلومیت اور شہادت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں شیخ ناظر مہدی محمدی نے ایامِ فاطمیہ کی تاریخی، دینی اور فکری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے رحلتِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو پیش آنے والے مصائب، مشکلات اور ناانصافیوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ ایمان، صبر و استقامت، حیا و عفت، عبادت و بندگی، ایثار و قربانی اور دفاعِ حق و حقیقت کا ایک بے مثال نمونہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی زندگی اور ان کی عظیم میراث محض مجالسِ عزاء اور سوگواری تک محدود نہیں، بلکہ یہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت، کردار سازی، حق پرستی اور اسلامی اقدار کے تحفظ کا ایک دائمی سرچشمہ ہے۔ آپ کی سیرت ہمیں حق و باطل میں امتیاز، ظلم و ناانصافی کے مقابلے میں استقامت اور اصولوں کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے بالخصوص نئی نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تاریخِ اسلام، سیرتِ اہل بیت علیہم السلام اور پیغامِ کربلا کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور حق، عدل و انصاف، شرافت، عزتِ نفس اور اصول پسندی جیسی بنیادی اسلامی اقدار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں م نے مزید اس بات پر بھی زور دیا کہ نسلِ نو کو اہل بیت علیہم السلام کی سیرت و تعلیمات سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اپنے دینی، اخلاقی اور سماجی تشخص کو بہتر انداز میں برقرار رکھ سکیں۔
جلوسوں میں شریک عزاداران نے روایتی ماتمی انداز اور پرسوز نوحہ خوانی کے ذریعے اپنے غم و اندوہ کا اظہار کیا اور خاندانِ رسالت مآب سے اپنی غیر متزلزل محبت، وفاداری اور وابستگی کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اہل بیت علیہم السلام کی ان عظیم قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا جو انہوں نے دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات، حق و صداقت اور اصولِ شریعت کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔
پروگرام کے اختتام پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محبوب علی خان وجدانی نے جلوسِ عزاء اور اختتامی پروگرام کے پُرامن، منظم اور کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، شخصیات اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بالخصوص ضلع انتظامیہ، محکمہ پولیس، محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، پرنٹ و الکٹرانک میڈیا، رضاکاروں اور جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے تمام شعبہ جات اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے فراہم کردہ تعاون، بہترین انتظامات اور مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے علمائے کرام، سماجی و دینی شخصیات، رضاکاروں، عوامی نمائندوں اور تمام عزاداران کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی بھرپور شرکت اور تعاون سے یہ عظیم الشان پروگرام بخیر و خوبی پایۂ تکمیل کو پہنچا۔
قابلِ ذکر ہے کہ ایامِ فاطمیہ کے دوران گزشتہ بیس دنوں رک منعقد ہونے والی مجالسِ عزاء اور اختتامی جلوس میں عوام کی وسیع شرکت نے ایک مرتبہ پھر اہلِ کرگل کی حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا اور خاندانِ عصمت و طہارت سے گہری عقیدت و محبت، دینی وابستگی اور پیغامِ اہل بیت علیہم السلام سے والہانہ لگاؤ کی بھرپور عکاسی کی۔ یہ اجتماعات اس حقیقت کا بھی مظہر ہیں کہ اہل بیت علیہم السلام کی سیرت، مظلومیت اور تعلیمات آج بھی معاشرے میں ایمان، اتحاد، اخوت اور حق پرستی کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔










آپ کا تبصرہ