تحریر: ملک توفیق حسین وکھرون پلوامہ کشمیر
زندگی: احساسات کی بیداری خوابوں کی آبیاری رشتوں کی پاسداری امیدوں کی روشنی اور انسان کے اندر موجود اس شعور کا نام ہے جو اسے جینے کا حوصلہ عطا کرتا ہے زندگی کا حسن صرف آسائشوں میں نہیں بلکہ ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں میں بھی پوشیدہ ہے جو کسی مخلص دوست کی مسکراہٹ، کسی عزیز کی موجودگی، کسی بے غرض رشتے کی اپنائیت اور کسی ضرورت مند کے چہرے پر لوٹ آنے والی مسرت سے جنم لیتی ہیں آج جب ضمیر دولت و شہرت کے بازار میں نیلام ہونے لگیں جب جینے کی خواہش اور زندہ رہنے کی مجبوری کے درمیان ایک طویل فاصلہ پیدا ہو جائے، تو کیا محض سانس لیتے رہنے کو زندگی کہا جا سکتا ہے؟(ہم بے کفن رہ جانے کے جرم میں زندہ رہ گئے)یہ محض ایک عنوان نہیں بلکہ اس عہد کے انسان کی بے بسی، محرومی اور اجتماعی المیے کی ایک تلخ علامت ہے یہ معاشرے سے احتجاج اور اپنے عہد کے اخلاقی زوال پر گہری نوحہ خوانی ہے ایک مختصر فارسی ویڈیو کلپ میں سنے گئے اس جملے نے مجھے بہت متاثر کیا اس میں ایک ایسے انسان کا کرب سمٹ آیا ہے جو اپنے گرد پھیلی بے حسی اور ناانصافی کو دیکھتے ہوئے خود سے بھی سوال کرتا ہے اور معاشرے سے بھی یہاں بے کفنی محض محرومی کی علامت نہیں، بلکہ اس احساس کا استعارہ ہے کہ انسان زندگی میں بھی اس قدر بے وقعت ہو سکتا ہے کہ اس کے وجود، احساسات اور بنیادی حقوق تک کی قدر باقی نہ رہے
یہ وہی انسان ہےجو چہروں پر دو دو ماسک لگاتا تھا، کورونا کے تصور سے خوف زدہ رہتا تھامگر آج حالات کی ستم ظریفی دیکھیے کہ زندگی کی مسلسل اذیتیں، معاشرتی ناانصافیاں، معاشی دباؤ، رشتوں کی بے وفائیاں اور مستقبل کی غیر یقینی صورتِ حال انسان کو اس مقام پر لا کھڑا کرتی ہیں جہاں اسے اپنی زندگی بھی بوجھ محسوس ہونے لگتی ہے یہ تبدیلی محض انسانی مزاج کی تبدیلی نہیں یہ اس پورے معاشرتی نظام کے لیے ایک سنجیدہ سوال ہے جس نے انسان کو زندہ رہنے کے اسباب تو دیے، مگر جینے کا حوصلہ چھین لیا۔
کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا نہ دوستی میں وہ خلوص نہ رشتوں میں وہ اپنائیت، نہ نیند میں وہ سکون، نہ دل میں وہ اطمینان انسانوں کی بھیڑ بڑھ رہی ہے، مگر انسانیت کا احساس کمزور پڑتا دکھائی دیتا ہے رابطوں کے ذرائع میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، مگر دلوں کے درمیان فاصلے بڑھتے جا رہے ہیں ہم ایک دوسرے کی زندگیوں سے باخبر تو ہیں، مگر ایک دوسرے کے دکھوں سے بے خبر ہم خوشیوں کی نمائش میں پیش پیش ہیں، مگر کسی کے غم میں شریک ہونے کے لیے ہم وقت کہاں سے لائیں؟
آج اشرف المخلوقات کی قیمت کردار سے نہیں، مفاد سے متعین ہونے لگی ہے یہ کہنا درست نہیں کہ ہر شخص فروخت ہو چکا ہے تاہم یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ یہ زوال کسی ایک طبقے یا پیشے تک محدود نہیں۔ عدلیہ، طب، تعلیم، تجارت، صحافت اور مذہبی و سماجی ادارے، سب اپنی اپنی جگہ اخلاقی ذمہ داریوں کے حامل ہیں جب ان میں سے کوئی بھی اپنے منصب کو خدمت کے بجائے ذاتی منفعت کا ذریعہ بنا لیتا ہے تو نقصان صرف ایک فرد کا نہیں ہوتا، بلکہ اعتماد کے اس پورے نظام کو پہنچتا ہے جس پر معاشرہ قائم رہتا ہے۔
اصل المیہ یہ نہیں کہ دنیا میں برائیاں موجود ہیں اصل المیہ یہ ہے کہ ہم برائیوں کے ساتھ جینا سیکھتے جا رہے ہیں ہم ناانصافی پر خاموش رہتے ہیں، کیونکہ مظلوم ہمارا اپنا نہیں ہوتا۔ ہم بدعنوانی کو نظر انداز کرتے ہیں، کیونکہ اس سے ہمارے مفادات متاثر نہیں ہوتے۔ ہم جھوٹ کی مذمت تو کرتے ہیں، مگر جب جھوٹ ہمارے حق میں ہو تو اسے مصلحت کا نام دے دیتے ہیں۔ ہم دوسروں سے دیانت داری کی توقع رکھتے ہیں، مگر اپنے معاملات میں وہی اصول نافذ کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ یوں اخلاقیات ایک مشترکہ ضابطۂ حیات کے بجائے دوسروں کو پرکھنے کا پیمانہ بن کر رہ جاتی ہیں۔
اور پھر جب انسان ان تضادات سے تھک جاتا ہے تو اس کے ذہن میں ایک سوال جنم لیتا ہے: آخر اپنا درد کس کو سنائیں؟ کس کے سامنے اپنے دل کا بوجھ رکھیں؟ کس سے امید وابستہ کریں کہ وہ ہمارے الفاظ کے پیچھے چھپی بے بسی کو سمجھ سکے گا؟ ایسے ماحول میں تنہائی صرف کسی شخص کے اکیلے رہنے کا نام نہیں رہتی، بلکہ لوگوں کے درمیان رہتے ہوئے بھی کسی ایسے شخص کا نہ ملنا بن جاتی ہے جو بغیر کسی غرض کے آپ کی بات سن سکے آپ کے دکھ کو سمجھے اور آپ کے وجود کو کسی فائدے کے پیمانے پر نہ تولے اس عنوان میں پوشیدہ کرب دراصل ایک ایسے معاشرے کا نوحہ ہے جہاں انسان زندہ تو ہے مگر اس کے احساسات زخمی ہیں جہاں امیدیں موجود تو ہیں مگر ان پر مایوسی کی گرد جمی ہوئی ہے جہاں زندگی کی قدر کا اعتراف تو کیا جاتا ہے مگر زندگی کو باوقار محفوظ اور بامعنی بنانے کی اجتماعی ذمہ داری اکثر فراموش کر دی جاتی ہے تاریخ میں قوموں کا زوال صرف ظالموں کے ظلم سے نہیں، بلکہ ان خاموشیوں سے بھی جنم لیتا ہے جو ظلم کو معمول بنا دیتی ہیں زندگی کو دوبارہ قابلِ زیست بنانے کے لیے ہمیں محض سانسوں کی حفاظت نہیں انسانیت کی حفاظت بھی کرنا ہوگی محض حقوق کا مطالبہ نہیں فرائض کی ادائیگی بھی یقینی بنانی ہوگی اور محض دوسروں کے ضمیر کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کرنا ہوگا، بلکہ اپنے اندر موجود اس ضمیر کو بھی زندہ رکھنا ہوگا جو ہمیں حق اور باطل دیانت اور بددیانتی انسانیت اور خود غرضی کے درمیان فرق کرنا سکھاتا ہے
ورنہ آنے والی نسلیں ہم سے یہ نہیں پوچھیں گی کہ ہم نے کتنی ترقی کی کتنی دولت کمائی یا کتنے بڑے عہدے حاصل کیے وہ پوچھیں گی کہ جب انسانیت مفادات کے بوجھ تلے دب رہی تھی جب کمزور اپنے حقوق کے لیے پریشان تھے جب مریض علاج کے معیار کے بارے میں فکرمند تھے اور جب معاشرے کے ضمیر کو جگانے کی ضرورت تھی، تب ہم نے اپنی ذمہ داری کس حد تک نبھائی؟
اور شاید اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ہمیں احساس ہو کہ ہمارا سب سے بڑا المیہ زندہ رہ جانا نہیں تھا، بلکہ زندگی کی حفاظت کرتے کرتے اس کے اصل مقصد کو فراموش کر دینا تھا کیونکہ انسان کی حقیقی موت اس وقت نہیں ہوتی جب اس کی سانسیں رک جاتی ہیں اس کا ایک بڑا المیہ اس وقت جنم لیتا ہے جب اس کے اندر کا احساس، اس کا ضمیر اور دوسروں کے لیے جینے کا جذبہ خاموش ہو جاتا ہےاور جب ایسا ہو جائے تو انسان کو خود سے یہ سوال ضرور کرنا چاہیے:
کیا ہم واقعی زندہ ہیں، یا صرف زندہ رہ جانے کے جرم میں اپنی زندگی کی سزا بھگت رہے ہیں؟










آپ کا تبصرہ