ہفتہ 21 نومبر 2026 - 16:02
ولایت، اجتہاد اور مقاومت: سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ہمہ جہت شخصیت کا تحقیقی و عالمی جائزہ

حوزہ/ ریسرچ اسکالر طلال علی مہدوی نے اپنے تحقیقی مقالے میں آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی خاندانی علمی میراث، حوزوی و اجتہادی مقام، فکری تربیت اور انقلابی جدوجہد کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے ان کی شخصیت کے مختلف علمی، سیاسی اور عالمی پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے۔

تحقیق و تحریر: طلال علی مہدوی، ریسرچ اسکالر

حوزہ نیوز ایجنسی | عصرِ حاضر کی بین الاقوامی سیاست، جیو پولیٹیکل کشمکش اور مشرقِ وسطیٰ کے نازک فکری و دفاعی توازن پر نظر رکھنے والے ماہرین کے لیے تہران کا نظامِ حکومت ہمیشہ سے گہرے تجسس اور تحلیل کا مرکز رہا ہے۔ لیکن اس تمام تر سیاسی ہیجان اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی چمک دمک سے پرے، اسلامی جمہوریہ ایران کے فکری، سیکیورٹی اور آئینی ڈھانچے میں ایک ایسی شخصیت موجود ہے جو ظاہری نمود و نمائش اور سرکاری عہدوں سے بالکل دور رہ کر بھی ملک کے موجودہ اور مستقبل کے تزویراتی (Strategic) منظر نامے پر سب سے گہرے نقوش رکھتی ہے۔ یہ ہستی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی ہے—ایک ایسا نام جو بین الاقوامی سفارت کاری، حوزوی فقاہت اور عالمی انٹیلی جنس تحریروں میں بیک وقت احترام، حیرت اور گہرے مطالعے کا موضوع بنا ہوا ہے۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی شخصیت کسی ایک یک طرفہ زاویے یا سطحی سیاسی پیمانےسے نہیں ماپی جا سکتی۔ وہ بیک وقت ساداتِ حسینی اور نجف و قم کی علمی و زاہدانہ میراث کے امین ہیں، امام خمینی (رح) کے انقلابی مکتب اور والد گرامی رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے افکار اور نظام ولایت فقیہ کے آئین کے پاسبان و امین ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر آپ کو ایک مضبوط پاور بروکر، قوی اسٹریٹجسٹ، بین المذاہب رواداری اور استکبار کے خلاف استقامت کا ستون جانا جاتا ہے۔

یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ عصری ایران اور خطے کا تزویراتی مستقبل آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی فکری و سیاسی بصیرت کے بغیر طے نہیں ہو سکتا۔ یہ تحقیقی مقالہ ان کی حیات، علمی کارناموں، جنگی خدمات، اور عالمی آراء کا ایک تفصیلی، عمیق اور غیر جانبدارانہ احاطہ پیش کرتا ہے۔

کسی بھی شخصیت کے فکری ارتقاء، عزمِ صمیم اور کردار کی بلندی کو سمجھنے کے لیے اس کے خاندانی پس منظر کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا خاندانی پس منظرایسے عمیق سرچشمے کی مانند ہے جہاں نبوی نسبت، حوزوی فقاہت، انقلابی استقامت اور درویشانہ سادگی کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔

شجرہ نسب (Genealogy & Lineage)

ساداتِ حسینی ہونے کا شرف: سید مجتبیٰ خامنہ ای کا نسبی تعلق براہِ راست حضرت امام حسین علیہ السلام اور رسولِ خدا حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گھرانے سے جڑتا ہے۔ وہ امام سجاد (علیہ السلام) کے فرزند حضرت حسین اصغر کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسلامی اور روایتی تاریخ میں اس سادات گھرانے کو علم، تقویٰ، اور مظلومیت کے دفاع کے لیے ہمیشہ نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔

خاندانی ورثہ نسب (Ancestral Roots & Heritage):

آبائی وطن (تابریز اور خامنہ): ان کا خاندان اصل میں ایران کے شمال مغربی خطے آذربائیجان کے شہر تابریز اور اس کے قریب واقع قصبے 'خامنہ' سے تعلق رکھتا ہے۔ صدیوں سے اس خاندان کے افراد ایرانی اور عراقی حوزات میں علومِ دینیہ کی ترویج کرتے آئے ہیں۔ ان کے آباء و اجداد میں عظیم مجتہدین، علماء اور زاہدین شامل ہیں، جنہوں نے ہمیشہ دنیاوی چمک دمک سے دور رہتے ہوئے دین کی خدمت کو اپنا فرض قرار دیا۔

1۔ پردادا: آیت اللہ سید حسین خامنہ ای (وفات: تقریباً 1907 ء)

شخصیت و مقام: سید حسین نجفِ اشرف اور تبریز کے نامور مجتہدین اور مراجع میں شمار ہوتے تھے۔ ان کا اصل تعلق قصبہ 'خامنہ' سے تھا، لیکن ان کا علمی مرکز نجف اور تبریز رہا۔

علمی و اجتماعی خدمات:

وہ اپنے دور میں تبریز اور خامنہ کے خطے میں مرجعیت کے مقام پر فائز تھے اور لوگ شرعی مسائل میں ان کی طرف رجوع کرتے تھے۔

آذربائیجان میں ترویجِ تشیع: انہوں نے شمال مغربی ایران میں قاجاریہ دور کی ابتری کے دوران دینی مدارس قائم کیے اور احکامِ الٰہی کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مشروطہ تحریک (Constitutional Revolution) کی حمایت: ایران میں جب آئین سازی اور شاہی مظالم کے خلاف 'مشروطہ تحریک' چلی، تو انہوں نے دینی و شرعی نقطۂ نظر سے عوام کی رہنمائی کی اور استبداد کے خلاف علماء کے صفِ اول میں رہے۔

2۔ دادا: آیت اللہ سید جواد حسینی خامنہ ای (1895 ء – 1986 ء)

شخصیت و مقام: حوزہ علمیہ مشہد اور تبریز کی تاریخ کے انتہائی زاہد، متقی، پارسا اور درویش صفت عالمِ دین تھے۔ وہ مشہد کی تاریخ ساز گوہر شاد مسجد کے امامِ جماعت رہے۔

علمی خدمات:

انہوں نے نجفِ اشرف (عراق) کے عظیم فقہاء مثلاً آیت اللہ العظمیٰ سید ابو الحسن اصفہانی اور آیت اللہ محمد حسین نائینی جیسے عباقرہ سے فقہ و اصول کی تعلیم حاصل کی اور درجۂ اجتہاد پر فائز ہوئے۔ اور پھر مشہد میں قیام کے دوران ترویجِ شریعت، حلِ مسائل اور فقہی تدریس میں مصروف رہے۔

اخلاقی و اجتماعی نقوش:

آپ کی زندگی کا سب سے بڑا استعارہ "بے مثال سادگی اور زہد" تھا۔ اقتدار اور شہرت سے ہمیشہ دور رہے۔ انہوں نے انتہائی تنگی اور قناعت کے ساتھ اپنے بچوں کی ایسی تربیت کی کہ ان کے دو فرزند (سید علی خامنہ ای اور سید محمد خامنہ ای) آگے چل کر ایران کے عظیم مجتہدین اور انقلابی قائدین بنے۔

3۔ والد: آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (1939 ء تا 2026 ء)

شخصیت و مقام: عصرِ حاضر میں عالمِ اسلام کی سب سے بااثر سیاسی و فکری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ آپ اسلامی جمہوریہ ایران کے دوسرے (Supreme Leader) اور جید مرجعِ تقلید ہیں۔

علمی کارنامے:

فقہ و اصول: قم اور مشہد کے حوزاتِ علمیہ سے اجتہاد کا درجہ حاصل کیا۔ دہائیوں تک حوزہ علمیہ قم میں اعلیٰ ترین سطح (درسِ خارج) کی تدریس کی اور متعدد اہم فقہی و اصولی رسائل اور قرآنی تفاسیر تحریر کیں۔

فکری تالیفات: اسلامی فکر، معیشت، اور تاریخ پر ان کی درجنوں کتب (مثلاً ’طرحِ کلیِ اندیشۂ اسلامی در قرآن‘ اور ’انسانِ 250 سالہ‘) تاحال دنیا بھر کے تحقیقی حلقوں میں مرکزِ توجہ ہیں۔

سیاسی و اجتماعی کارنامے:

انقلابِ اسلامی کی قیادت: بانیِ انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے دستِ راست بن کر شاہی آمریت کے خلاف تحریک کی قیادت کی۔ اس راہ میں طویل قید و بند اور سخت ترین جلاوطنی برداشت کی۔

صدارت اور رہبری: انقلاب کے بعد دو ادوار (1981 ء تا 1989 ء) کے لیے ایران کے صدر منتخب ہوئے اور 1989 ء میں امام خمینی کی رحلت کے بعد مجلسِ خبرگانِ رہبری کی اکثریت سے ایران کی رہبری کا منصب سنبھالا۔

محاذِ مزاحمت (Axis of Resistance): عالمی سطح پر استکبار ستمگر، امریکی و اسرائیلی تسلط کے خلاف مشرقِ وسطیٰ میں مظلومین خصوصاً فلسطین اور لبنان کی عملی اور سیاسی نصرت کے سب سے بڑے سرپرست ماننے جاتے ہیں اور بالآخر راہ مقاومت میں شہادت کے عظیم درجے پہ فائز ہوئے۔

4۔ نانا: حاجی سید الیاس خجستہ باقر زادہ

شخصیت و مقام: سید مجتبیٰ خامنہ ای کے نانا (والدہ منصوره خجستہ کے والد) مشہدِ مقدس کے ایک انتہائی معزز، دیندار، متقی اور پارسا تاجر (Merchant) تھے۔

خدمات و کردار:

انہوں نے مشہد کے تاجرین میں امانت داری، صداقت اور دینی احکام کی پابندی کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔

وہ حوزہ علمیہ مشہد، غریب طلباء اور دینی جلسوں کی مالی سرپرستی اور خاموش نصرت کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کا گھرانہ مشہد کے سادات اور مومنین میں بے حد محترم سمجھا جاتا تھا۔

5۔ والدہ: محترمہ منصوره خجستہ باقر زادہ (1947 ء تا 2026 ء)

شخصیت و مقام: آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی والدہ گرامی محترمہ منصوره خجستہ باقر زادہ کی شخصیت ایرانی معاشرے، بالخصوص انقلابی اور دینی حلقوں میں صبر، زہد، گمنامی اور اعلیٰ اخلاقی تربیت کا ایک عظیم اور مثالی نمونہ ہیں۔ اگرچہ انہوں نے روایتی حوزوی معنی میں کتب تحریر کرنے یا مسندِ تدریس پر بیٹھنے کی بجائے "خاموش اخلاقی و تربیتی خدمت" کا راستہ اپنایا، لیکن ان کی سب سے بڑی "علمی و عملی خدمت" کا اندازہ ان کی اولاد کی تربیت سے ہوتا ہے، جنہوں نے آگے چل کر اسلامی دنیا استقامت و سیاست اور حوزہ علمیہ کی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنے گھر کو حضرت فاطمۃ الزہراء (سلام اللہ علیہا) کے اخلاقی سانچے میں ڈھالا۔ انہوں نے اپنے بچوں—سید مصطفیٰ، سید مجتبیٰ، سید مسعود اور سید میثم—کی ایسی اخلاقی تربیت کی کہ وہ سب کے سب حوزہ علمیہ جید محققین بنے۔

بالخصوص سید مجتبیٰ خامنہ ای کے اندر جو زہد، خاموشی، مطالعے کا شوق، اور میڈیا کی چمک دمک سے گریز کا مزاج پایا جاتا ہے، وہ ان کی والدہ ہی کی پرہیزگارانہ تربیت اور اثر پذیری کا نتیجہ ہے۔

اجتماعی اور خیراتی خدمات (Social & Charitable Role):

اگرچہ وہ کسی سرکاری یا عوامی ادارے کی سربراہ نہیں ہیں، لیکن وہ پسِ پردہ کئی دینی اور سماجی خدمات انجام دیتی رہیں۔

نیازمندوں اور گمنام خاندانوں کی سرپرستی: وہ مشہد اور تہران میں نادار، بالخصوص غریب سادات اور انقلابی شہداء کے خاندانوں کی خاموش مالی اور اخلاقی امداد میں پیش پیش رہتی ہیں۔

قرآنی اور اخلاقی محافل کی سرپرستی: وہ خواتین کی حد تک قرآنی تعلیمات، تفسیری نشستوں اور اخلاقی محفلوں کی ترویج کے لیے کوشاں رہتی ہیں اور اپنے گرد موجود خواتین کو سادہ زیستی اور عفت کا درس دیتی ہیں۔

صبر اور انقلابی استقامت:

شاہی دورِ حکومت (پہلوی آمریت) کے دوران جب ان کے شوہر کو ساواک (خفیہ پولیس) کے ذریعہ بار بار گرفتار کیا جاتا، جیلوں میں سخت اذیتیں دی جاتیں یا دور دراز علاقوں میں جلاوطن کیا جاتا، اس وقت محترمہ منصوره نے اکیلے گھر کا نظام سنبھالا۔

انہوں نے غربت، کٹھن حالات اور حکومت کے مسلسل خوف کے باوجود کبھی شکایت نہیں کی بلکہ ہمیشہ اپنے شوہر کے لیے ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر پناہ گاہ بنی رہیں۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے تمام بھائی حوزات علمیہ کی دنیا میں اعلیٰ درجے کے فضلاء، محققین اور اساتذہ شمار ہوتے ہیں۔

1. حجت الاسلام والمسلمین سید مصطفیٰ خامنہ ای (بڑے بھائی)

سید مصطفیٰ خامنہ ای خاندان کے سب سے بڑے فرزند ہیں۔ وہ حوزات کے انتہائی محترم، باوقار اور متقی اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں۔

علمی مقام اور تدریس:

انہوں نے حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کے اعلیٰ ترین مدارج طے کیے۔

وہ پچھلے طویل عرصے سے حوزہ علمیہ قم میں 'درسِ خارج' (فقہ و اصول کا اعلیٰ ترین اجتہادی درجہ) پڑھا رہے ہیں۔

ان کے مباحث اور دروس کی علمی گہرائی نجف اور قم کے روایتی فقہی مکاتب کا بہترین امتزاج سمجھی جاتی ہے۔

اخلاقی و حوزوی شخصیت:

حوزوی حلقوں میں ان کی شناخت ایک انتہائی پرہیزگار، خاموش طبع اور زاہد عالمِ دین کی ہے۔

انہوں نے کبھی کسی سرکاری یا آئینی منصب کو قبول نہیں کیا، اور قم میں ایک عام استاد کی طرح طلباء کی تربیت میں مشغول رہتے ہیں۔

خاندانی و علمی رشتہ:

ان کی شادی حوزہ علمیہ کے نامور اور جلیل القدر مرجعِ تقلید آیت اللہ العظمیٰ سید خوشوقت (رح) کی صاحبزادی سے ہوئی، جس نے ان کے گھرانے کے علمی و روحانی تعلق کو مزید پختہ کیا۔

2. حجت الاسلام والمسلمین سید مسعود خامنہ ای (چھوٹے بھائی)

سید مسعود خامنہ ای (جنہیں حوزوی دنیا میں اکثر 'سید محسن خامنہ ای' بھی کہا جاتا ہے) خاندان کے تیسرے فرزند اور سید مجتبیٰ خامنہ ای سے چھوٹے ہیں۔

علمی و تحقیقی خدمات:

وہ حوزہ علمیہ قم کے فاضل اساتذہ میں سے ہیں اور فقہ، اصول اور اسلامی تاریخ پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

ان کی سب سے بڑی علمی اور تاریخی خدمت 'مؤسسہ حفظ و نشرِ آثارِ رہبری' (رہبرِ معظم کے علمی، فکری اور تاریخی آثار کی تحفظ و اشاعت کا ادارہ ہے) جس میں ان کی علمی اور تدوینی سرپرستی ہے۔

تاریخی اور فکری سرپرستی:

انقلابِ اسلامی کی تاریخ، امام خمینی (رح) اور ان کے والد کے فکری اور سیاسی مکتوبات، خطبات اور فقہی نوٹس کی دقیق جمع آوری اور ان کی علمی ترتیب میں سید مسعود خامنہ ای کا بنیادی کردار رہا ہے۔

شخصیت اور اسلوب:

وہ بھی اپنے بڑے بھائیوں کی طرح مکمل طور پر سیاسی دھڑے بندیوں اور پبلک لائف سے دور رہتے ہیں اور ان کی تمام تر مصروفیات علمی و تحقیقی نوعیت کی ہیں۔

3. حجت الاسلام والمسلمین سید میثم خامنہ ای (سب سے چھوٹے بھائی)

سید میثم خامنہ ای خاندان کے سب سے چھوٹے فرزند ہیں اور اپنے تمام بھائیوں کی طرح حوزوی اور علمی میدان سے وابستہ ہیں۔

علمی و حوزوی مقام:

انہوں نے حوزہ علمیہ قم میں سطوحِ عالیہ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد تدریس اور تحقیق کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔

وہ حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کی تدریس کے ساتھ ساتھ اسلامی کلام اور عقائد کے موضوعات پر تحقیق کرتے ہیں۔

علمی ادارے سے وابستگی:

وہ بھی اپنے بھائی سید مسعود کے ساتھ مل کر انقلاب کے فکری و دینی اثاثوں اور قرآنی تفاسیر کی سائنسی و حوزوی اشاعت کے علمی منصوبوں پر کام کرتے ہیں۔

ازدواجی رشتہ:

ان کی شادی ایران کے معروف تاجر اور مذہبی شخصیت حاج محمود لولاچیان کی صاحبزادی سے ہوئی، جو تہران کے معزز اور دینی حلقوں میں ایک محترم نام ہے۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا خاندانی پس منظر اس بات کا روشن غماز ہے کہ وہ ایک ایسے مبارک اور عمیق سلسلے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں رسولِ خدا (ص) کی پاکیزہ نسل، نجف و قم کے حوزاتِ علمیہ کا بلند ترین معیارِ فقاہت، انقلابِ اسلامی کا آہنی عزم، اور زہد و تقویٰ کی روح سب کچھ یکجا ہو کر ایک ایسی شخصیت کو جنم دیتا ہے جو سیاست کی دنیا میں بھی حوزوی تقدس اور سادگی کا استعارہ بنی ہوئی ہے۔

ابتدائی زندگی و حالات:

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ابتدائی تعلیم، گھریلو ماحول اور ان کی تربیت کا مرحلہ ایرانی معاشرے کے انتہائی ہنگامہ خیز، سیاسی طور پر پُرستم اور فکری اعتبار سے زرخیز دور میں طے پایا۔

سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ولادت 1969 ء میں ایران کے مقدس اور علمی شہر مشہد میں ہوئی۔ آپ نے بچپن سے ہی ایک عام بچے کے بر عکس شاہی دور کے جبر و ستم کا تجربہ کیا اور اپنے والد کو شاہ کی خفیہ پولیس (ساواک) کے ہاتھوں بار بار گرفتار ہوتے، جیلیں کاٹتے اور جلاوطنی جھیلتے دیکھا۔

اس کٹھن ماحول نے کم عمر سید مجتبیٰ کے اندر نفسیاتی پختگی، حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور سیاسی و سماجی شعور کو بہت جلد بیدار کر دیا۔ انہوں نے بچپن ہی سے سمجھ لیا تھا کہ ظلم اور استبداد کے خلاف کھڑے ہونا کیا معنی رکھتا ہے۔

مکتبِ امام خمینی اور انقلابی شخصیات کی صحبت:

چونکہ ان کے والد اور ان کے رفقائے کار (جیسے شہید بہشتی، شہید مطہری اور خود بانیِ انقلاب امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ) ایران کے اسلامی انقلاب کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، اس لیے ان کا گھر ہمیشہ بڑے علماء، مفکرین اور مجاہدین کی آمد و رفت کا مرکز رہا۔

فکری تربیت: مجتبیٰ خامنہ ای کی آنکھیں اسی انقلابی اور جہادی ماحول میں کھلیں۔ انہوں نے کم عمری ہی میں اسلامی بیداری، استعمار دشمنی اور دینی اقدار کی پاسداری کے اسباق عملی طور پر اپنی گھریلو فضا سے سیکھے۔

ابتدائی اور اسکول کی تعلیم:

مشہد کے بعد جب ان کا خاندان تہران منتقل ہوا، تو انہوں نے اپنی اسکول کی ابتدائی اور سیکنڈری تعلیم تہران کے انتہائی معروف اور معیاری ادارے 'علوی ہائی اسکول' (Alavi High School) سے مکمل کی۔

علوی اسکول کو تہران کے ان گنتی کے اداروں میں شمار کیا جاتا تھا جہاں جدید علوم (ریاضی، سائنس، تاریخ وغیرہ) کے ساتھ ساتھ گہری اسلامی تعلیمات، قرآنی معارف اور اخلاقی تربیت کا بہترین انتظام تھا۔ اس ادارے نے ان کی فکری اور اخلاقی بنیادوں کو مزید مضبوط کیا۔

اسی ابتدائی تربیت، سخت حالات کے مقابلے اور اعلیٰ تعلیمی و فکری ماحول نے آگے چل کر مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک سنجیدہ، خاموش طبع، منظم اور علم کی بلند علمی منازل طے کرنے کے قابل بنایا۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی حوزوی اور دینی زندگی، حوزہ علمیہ قم کی تاریخ کا ایک انتہائی علمی، منظم اور عمیق باب ہے۔ انہوں نے روایتی اسلامی علوم کے حصول سے لے کر تدریس کے اعلیٰ ترین درجے یعنی 'درسِ خارج' تک کا سفر اپنی محنت، علمی شغف اور زہد کے ساتھ طے کیا۔

حوزوی زندگی کا آغاز اور قم ہجرت:

اپنی اسکول کی تعلیم اور ایران عراق جنگ کے بعد، انہوں نے باقاعدہ طور پر دنیا کے سب سے بڑے شیعہ تعلیمی و فکری مرکز 'حوزہ علمیہ قم' کی طرف ہجرت کی اور خود کو مکمل طور پر قال اللہ اور قال الرسول (علومِ آلِ محمد) کی تحقیق کے لیے وقف کر دیا۔اگرچہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے جدید اسکول سے تعلیم حاصل کی، لیکن خاندانی روایت (دادا اور والد کی علمی میراث) کے زیرِ اثر ان کا اصل علمی میلان دینی اور حوزوی علوم کی طرف رہا۔

اپنی اسکول کی تعلیم اور ایران عراق جنگ کے بعد، انہوں نے باقاعدہ طور پر دنیا کے سب سے بڑے شیعہ تعلیمی و فکری مرکز 'حوزہ علمیہ قم' کی طرف 1999 ء میں ہجرت کی اور خود کو مکمل طور پر قال اللہ اور قال الرسول (علومِ آلِ محمد) کی تحقیق کے لیے وقف کر دیا۔

مراتبِ تعلیم اور مراحلِ حوزہ:

1۔ مقدمات اور سطح: اس مرحلے میں انہوں نے عربی ادبیات (صرف و نحو)، منطق، بلاغت اور فقہ و اصول کی بنیادی کتابوں (مثلاً جامع المقدمات، سیوطی، حاشیہ ملا عبداللہ) کو پڑھا اور ان کی تشریح کی۔

2۔ سطحِ عالی: اس مرحلے میں انہوں نے شیعہ فقہ و اصول کی عظیم الشان نصابی کتب کا عمیق مطالعہ کیا:

  • اصولِ فقہ: شیخ انصاری کی فرائد الأصول (رسائل) اور آخوند خراسانی کی کفایۃ الأصول۔
  • فقہ: شیخ انصاری کی المکاسب اور محقق حلی کی شرائع الإسلام۔

3۔ مرحلہ خارج (درسِ خارج) : مقدمات اور سطح عالی کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد وہ اعلیٰ ترین فقہی اور اصولی اجتہاد کے مرحلے 'درسِ خارج' میں داخل ہوئے۔ اس مرحلے میں کسی مقررہ کتاب پر نہیں بلکہ استدلال اور اجتہادی طریقہ کار پر بحث کی جاتی ہے۔

جلیل القدر اساتذہ اور مراجعِ تقلید کی صحبت:

سید مجتبیٰ خامنہ ای نے حوزہ علمیہ قم اور تہران کے ان مراجع اور اساتذہ کے زانوئے ادب تہہ کیے جو اپنے وقت کے فقہی و اصولی عباقرہ (Giants) مانے جاتے تھے:

  • آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (والدِ محترم) : انہوں نے اپنے والد کے خصوصی فقہی اور اصولی دروس (درسِ خارج) میں شرکت کی اور ان کی اجتہادی روش اور فکری دھارے کو براہِ راست جذب کیا۔
  • آیت اللہ العظمیٰ محمود ہاشمی شاہرودی (رح) : جو خود نجف اشرف کے عظیم فقیہ آیت اللہ العظمیٰ سید محمد باقر الصدر (رح) کے ممتاز ترین شاگردوں میں سے تھے۔ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ان سے فقہِ معاصر اور جدید اصولی مباحث کی گہرائی حاصل کی۔
  • آیت اللہ العظمیٰ لطف اللہ صافی گلپائیگانی (رح) : روایتی فقہ اور حدیث پر گہری نظر رکھنے والے جید مرجعِ تقلید، جن کی صحبت نے ان کے اندر روایتی فقہی استقامت کو مزید پختہ کیا۔
  • آیت اللہ مراد علی کابلی (رح) : حوزہ کے متقی اور مخفی استاد، جن سے انہوں نے فقہ و اصول کی باریکیاں اور زہد و تقویٰ کے اسباق سیکھے۔

تدریسی خدمات اور 'درسِ خارج' کا مرحلہ:

حوزہ علمیہ کی دنیا میں سب سے بڑا علمی امتحان تدریس ہے۔ سید مجتبیٰ خامنہ ای محض ایک طالبِ علم نہیں رہے بلکہ انہوں نے تدریس کے تمام مدارج طے کیے:

  • ابتدائی اور سطح کی تدریس: انہوں نے سالہا سال حوزہ کے مستعد طلاب کو جامع المقدمات سے لے کر رسائل و کفایہ جیسی دشوار گزید کتب پڑھائیں۔
  • درسِ خارج کی تدریس: پچھلے کئی سالوں سے وہ حوزہ علمیہ قم میں باقاعدہ طور پر 'درسِ خارجِ فقہ و اصول' پڑھا رہے ہیں۔
  • علمی اہمیت: حوزہ کی عرفِ عام میں درسِ خارج اسی وقت شروع کیا جا سکتا ہے جب استاد کا اپنا اجتہاد ثابت ہو چکا ہو۔
  • طلاب کی کثرت: ان کے درسِ خارج میں قم کے سو سے زائد ذی ہوش، جید اور فاضل طلاب اور علماء شریک ہوتے ہیں، جو ان کے درس کی علمی پختگی اور استدلالی قوّت کا اعتراف کرتے ہیں۔

علمی و فقہی اسلوب (Research & Jurisprudential Methodology):

سید مجتبیٰ خامنہ ای کا علمی اور فقہی اسلوب دو بڑی حوزوی مکاتبِ فکر کا حسین امتزاج ہے:

1۔ مکتبِ نجف کی دقت اور عمق: جو آیت اللہ ہاشمی شاہرودی اور بالواسطہ شہید باقر الصدر کے ذریعے ان تک پہنچی، جس میں عقلی استدلال اور اصولی ساخت پر بہت زیادہ زور دیا جاتا ہے۔

2۔ مکتبِ قم کی روایتی و حدیثی پختگی: جو ان کے دیگر اساتذہ سے ان میں منتقل ہوئی، جس میں روایات کی سندی اور متنی تحقیق پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔

3۔ جدید درپیش مسائل (فقہِ معاصر) : وہ اپنے دروس میں جدید دور کے معاشی، سیاسی اور سماجی مسائل کو شریعتِ اسلامی کی روشنی میں حل کرنے پر خاص توجہ دیتے ہیں۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی حوزوی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا فکری اور علمی رتبہ کسی سیاسی یا خاندانی انتساب کا مرہونِ منت نہیں، بلکہ یہ دہائیوں پر محیط سخت حوزوی ریاضت، اجتہادی تحقیق اور جلیل القدر اساتذہ کی صحبت کا نتیجہ ہے۔

امام خمینی رح کے سائے میں:

سید مجتبیٰ خامنہ ای کی

فکری ارتقاء پر بانیِ انقلابِ اسلامی حضرت امام خمینی (رحمۃ اللہ علیہ) کی شخصیت کا سایہ اور اثر سب سے گہرا یے۔ ان دونوں کے درمیان تعلق محض ایک عام شاگرد اور استاد کا نہیں تھا، بلکہ یہ آدابِ مرید و مرشد، سیاسی بصیرت، اور انقلابی تربیت کا ایک انتہائی عمیق رشتہ تھا۔

رہبر اور معلم کی حیثیت سے امام خمینی کا سایہ:

مجتبیٰ خامنہ ای کا بچپن اور جوانی ایسے ماحول میں گزری جہاں ان کے والد آیت اللہ سید علی خامنہ ای امام خمینی کے قریب ترین، بازوئے راست اور سب سے زیادہ وفادار شاگردوں و حامیوں میں شمار ہوتے تھے۔ یہ ہی وجہ تھی کہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے شعور کی آنکھیں کھولتے ہی امام خمینی کے زہد، تقویٰ، بے باکی، اور سیاسی تدبر کو بہت قریب سے دیکھا۔ امام کا وہ انداز جس میں وہ دنیا کی بڑی سپر پاورز (امریکہ و سوویت یونین) کے سامنے لرزنے کے بجائے صرف خدا کی ذات پر بھروسا کرتے تھے، نے سید مجتبیٰ کی شخصیت کی بنیادوں میں ایک فولادی عزم پیدا کیا۔

• فکری معلم: امام خمینی کے افکار—خصوصاً 'اسلام ناب محمدی (ص) '، 'استکبار ستمگر کی مخالفت'، اور 'مظلومین کی حمایت'—صرف کتابی نظریات نہیں تھے بلکہ مجتبیٰ نے انہیں اپنے گھر کی بیٹھکوں، والد کی گفتگو اور سید خمینی روح اللہ کے قریبی رفقاء کی محفلوں میں عملی طور پر جیتے ہوئے دیکھا۔

سیاسی اور انقلابی تربیت (Political & Revolutionary Upbringing)

• سیاست کو عبادت سمجھنے کا درس: امام خمینی کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انہوں نے حوزاتِ علمیہ کے اس پرانے تصور کو بدلا کہ "دین کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں"۔ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی سیاسی تربیت اسی مکتب میں ہوئی جہاں سیاست کو دین کا عین حصہ اور معاشرے کی اصلاح کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

• استکبار ستمگر اور عالمی طاقتوں کی شناخت: امام خمینی کی تربیت کا اثر تھا کہ سید مجتبیٰ نے کم عمری ہی میں اس عالمی نظام کو سمجھ لیا جو اسلامی ملکوں کے وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دیکھا کہ کیسے امام خمینی نے شاہی آمریت کو اکھاڑ پھینکا؛ اس مشاہدے نے ان کے اندر ایک عمیق انقلابی اور فکری استقامت پیدا کی۔

• انتظامی اور فکری رشتہ: امام خمینی کی قیادت میں جب اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیاد رکھی گئی، تو سید مجتبیٰ کے گھر کا پورا نظام اس انقلابی ریاست کے دفاع کے لیے وقف ہو چکا تھا۔ انہوں نے سیکھا کہ ایک اسلامی ریاست کو چلانے کے لیے زہد کے ساتھ ساتھ آہنی ارادے اور دور اندیشی کی کتنی ضرورت ہوتی ہے۔

دلی اور قلبی تعلق (Spiritual & Heartfelt Bond)

سید مجتبٰی کو امام خمینی کے ساتھ صرف سیاسی یا فکری نسبت نہیں تھی، بلکہ ایرانی عوام اور حوزات کے خاص طبقے کی طرح اس خاندان کے دل میں امام کے لیے ایک گہری روحانی عقیدت تھی۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے امام کو ایک مصلحِ الٰہی اور مرشدِ کامل کی حیثیت سے دیکھا۔

چونکہ امام خمینی فقہ اور سیاست کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور عرفان (چند مشہور عرفانی کتب کے مصنف) کے بھی بلند پایہ استاد تھے لہذا ان کی مجلسوں کی رقت، ان کے شبستاں کے عبادت گزار ماحول اور اس کی سادگی نے مجتبیٰ خامنہ ای کی روحانی تربیت پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ یہی وجہ ہے کہ سید مجتبیٰ آج بھی ظاہری نمود و نمائش سے دور، ایک پرسکون، زاہدانہ اور خلوت پسند زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

مجتہد اور مرجع کی حیثیت سے فکری تسلسل

• فقہی اور اجتہادی فریم ورک: شیعہ نظام میں 'مرجعِ تقلید' اور 'ولایتِ فقیہ' کا منصب سب سے اعلیٰ ہوتا ہے۔ امام خمینی نے جس نظریۂ 'ولایتِ فقیہ' کو عملی شکل دی، مجتبیٰ خامنہ ای اس فکری مکتب کے سب سے زیادہ پروردہ اور پاسبانوں میں سے مانے جاتے ہیں۔ اور جب امام خمینی کے بعد ان کے والد (آیت اللہ سید علی خامنہ ای) نے جب رہبری کی باگ ڈور سنبھالی، تو مجتبیٰ کے لیے وہ تربیت اور بھی زیادہ گہری ہو گئی جو انہوں نے امام خمینی سے سیکھی تھی۔ لہذا، مجتبیٰ خامنہ ای کی فکری سوچ کا دائرہ—امام خمینی کی بنیاد رکھی ہوئی فکری عمارت اور ان کے والد کے تجارتی و سیاسی تجربات—کا سب سے نکھرا ہوا نمونہ ہے۔

سید مجتبٰی خامنہ ای بطور سیاست دان:

دنیا بھر کے ممتاز سیاستدان، بین الاقوامی تھنک ٹینکس کے محققین، اور سیاسی و فکری شخصیات سید مجتبٰی خامنہ ائ کو عالمی سیاست کیلئے خفیہ مگر موثر طاقت قرار دیتے ہیں:

کریم سادجادتپور (Karim Sadjadpour) واشنگٹن ڈی سی میں قائم کارنیگی اینڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس (Carnegie Endowment for International Peace) ایک ممتاز امریکی خارجہ پالیسی کے تجزیہ کار اور سینئر فیلو (Senior Fellow For Interior Policy Of America & International Peace):

نامور ایرانی نژاد امریکی محقق اور کارنیگی اینڈوومنٹ کے سینئر فیلو کریم سادجادتپور نے اپنی مختلف رپورٹس اور مقالات (خصوصاً جو انہوں نے امریکی سینیٹ یا بین الاقوامی جریدوں میں پیش کیے) میں سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سیاسی نظام کا "پردے کے پیچھے کا سب سے بڑا طاقتور ترین کردار (Key Power Broker)” قرار دیا ہے۔

سادجادتپور لکھتے ہیں کہ اگرچہ مجتبیٰ کے پاس کوئی سرکاری یا آئینی عہدہ نہیں ہے، لیکن وہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC)، بسیج فورس اور دفترِ رہبری کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، مجتبیٰ خامنہ ای کے پاس نیٹ ورکنگ کی وہ صلاحیت ہے جو ایران کے مستقبل کے سیاسی منظرنامے کو تشکیل دینے کی پوری طاقت رکھتی ہے۔

بروکنگز انسٹی ٹیوشن (Brookings Institution) کے اسٹریٹجک تجزیہ کار:

بروکنگز انسٹی ٹیوشن (Brookings Institution) کے مشرقِ وسطیٰ کے امور کے ماہرین نے اپنی تحقیقی رپورٹوں میں سید مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک "سخت گیر اور حزم و احتیاط کے حامل اسٹریٹجسٹ" (Cautious Strategist) کے طور پر پیش کیا ہے۔

ان تھنک ٹینکس کی رپورٹوں (جیسے کہ ولی نصر اور دیگر ایرانی امور کے ماہرین کے مضامین) میں یہ ذکر ملتا ہے کہ سید مجتبیٰ خامنہ ای داخلی سیاست اور سیکیورٹی کے امور میں ایک فیصلہ کن اہمیت رکھتے ہیں۔ مغربی تجزیہ کاروں کے نزدیک وہ قدامت پسند اور انقلابی دھڑے کے ایک انتہائی منظم رہبر ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ (US Department of the Treasury) کی آفیشل رپورٹس اور بیانات

نومبر 2019 میں امریکی ٹریشری ڈیپارٹمنٹ نے باضابطہ طور پر سید مجتبیٰ خامنہ ای پر پابندیاں (Sanctions) عائد کرتے ہوئے انہیں ایک خطرناک سیاسی حریف قرار دیا تھا۔

امریکی محکمہ خزانہ کی پریس ریلیز اور بیانات میں کہا گیا تھا کہ "مجتبیٰ خامنہ ای کو رہبرِ معظم نے اپنے کچھ اختیارات تفویض کیے ہیں اور وہ پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ مل کر خطے میں ایران کو مستحکم کرنے والی پالیسیوں کے نفاذ میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔" (یہ امریکی حکومتی موقف ہے جو ان کی سیاسی اور حاکمانہ اثرپذیری کا اعتراف کرتا ہے)۔

اسرائیل کا انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سیکورٹیاسٹڈیز (INSS)

اسرائیلی دفاعی و اسٹریٹجک افیئر ریسرچ ادارے (INSS) کے محققین (جیسے راز زیتون اور دیگر ایرانی امور کے ماہرین) نے اپنے مقالات میں مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے "محاذِ مزاحمت (Axis of Resistance) اور عسکری پالیسیوں کا ایک مضبوط ستون" بتایا ہے۔

اسرائیلی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی اداروں (IRGC اور وزارتِ انٹیلی جنس) کے ساتھ مل کر ایران کی دفاعی اور علاقائی حکمتِ عملی میں پسِ پردہ مشاورت فراہم کرتے ہیں، اور وہ مغربی دباؤ کے خلاف سخت گیر مؤقف کے حامی ہیں۔

ایرانی اصلاح طلب (Reformist) سیاستدان اور دانشور

ایران کے اندرونی سیاسی منظرنامے میں اصلاح طلب (Reformist) دھڑے کے سیاستدانوں اور اخبارات (جیسے ماضی کے کچھ اصلاح طلب تجزیہ کاروں) نے پسِ پردہ ان کے سیاسی اثر و رسوخ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ماضی میں بعض اصلاح طلب شخصیات اور مہدی کروبی جیسے رہنماؤں کے خطوط یا بیانات میں (جو 2009 کے انتخابات کے بعد سامنے آئے) اس بات کا اشارہ دیا گیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کا اثر و رسوخ ریاستی اور انتخابی عمل میں ایک غیر رسمی طاقت کے طور پر کام کرتا ہے۔

ایران کے اصول گرا (Principulist / Hardline) سیاستدان اور حوزوی دانشور

ایران کے قدامت پسند اور اصول گرا (Principulist) سیاستدان اور حوزہ علمیہ کے انقلابی فکری حلقے مجتبیٰ خامنہ ای کو "انقلاب کے اصولوں کے مخلص محافظ اور ایک بے داغ فقیہ" کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ (مجلسِ شورائے اسلامی) کے کئی قدامت پسند اراکین اور حوزوی شخصیات اپنے بیانات میں اس بات پر زور دیتی ہیں کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کبھی کسی سرکاری یا حکومتی عہدے کی خواہش نہیں کی، بلکہ وہ اپنی پوری توجہ دینی تدریس اور علمی خدمات پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے نزدیک مغربی میڈیا کا یہ پروپیگنڈا ہے کہ وہ کسی طاقت کے بھوکے ہیں، جب کہ حقیقت میں وہ ایک زاہد اور پرہیزگار عالم ہیں۔

ایران-عراق جنگ اور آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا مجاہدانہ کردار

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی زندگی کا ایک نہایت اہم اور سنہری باب ایران-عراق جنگ (1980 ء–1988 ء) کے دوران ان کا دفاعی اور جہادی کردار ہے۔ اگرچہ اس وقت ان کی عمر نہایت کم تھی، لیکن انہوں نے محض ایک تعلیمی طالب علم کے طور پر بیٹھنے کے بجائے خود کو محاذِ جنگ (Frontline) پر پیش کیا۔

جنگ میں شمولیت کا پسِ منظر اور سن (Age & Background)

  • عمر اور وقت: 1980 ء میں جب صدام حسین کی بعثی حکومت نے ایران پر ناہنگام حملہ کیا تو سید مجتبیٰ خامنہ ای کی عمر صرف 11 سال تھی۔ جنگ کے آخری سالوں (خصوصاً 1987 ء اور 1988 ء) میں، جب ان کی عمر تقریباً 17 سے 18 سال تھی، انہوں نے باقاعدہ طور پر محاذِ جنگ کا رخ کیا۔
  • خاندانی تربیت: ان کے والد (آیت اللہ سید علی خامنہ ای) اس وقت ایران کے صدر تھے اور دفاعی کونسل کے سربراہ کے طور پر جنگ سے براہ راست جڑے ہوئے تھے۔ خاندانی اور انقلابی ماحول کا اثر یہ تھا کہ انہوں نے صدارتی محل کے آرام دہ ماحول کو چھوڑ کر جنوبی ایران کے گرم اور خونریز جنگی محاذوں کو ترجیح دی۔

2. جن اداروں اور فورسز میں خدمات انجام دیں

• سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کسی خاص فوجی افسر یا کمانڈر کا نام استعمال کیے بغیر بنیادی طور پر دو اہم دفاعی اور انقلابی اداروں کے ساتھ مل کر خدمات انجام دیں:

(الف) بسیجِ مستضعفین (Basij Volunteer Force) میں رضاکارانہ شمولیت:

سید مجتبٰی والد خے صدارتی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے کسی اعلی عہدے پہ فائز ہونے کہ بجائے باقاعدہ فوج اصولی (Artesh) میں 'بسیج' (عوامی رضاکار فورس) کے رکن کے طور پر جنگ میں شامل ہوئے۔

(ب) پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (IRGC – Islamic Revolutionary Guard Corps) فوج کا حصہ بنے:

بسیج کے ذریعے وہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے زیرِ انتظام کام کرنے والی مشہور ترین ڈویژن "27 محمد رسول اللہ (ص) ڈویژن" سے منسلک ہوئے۔

اور پھر اس ڈویژن کی سب سے نڈر اور نبرد آزما بٹالین 'گردانِ حبیب ابن مظاہر' (Habib ibn Madhahir Battalion) کے ساتھ جڑ کر جنوبی محاذوں پر جنگ لڑی۔

4. محاذِ جنگ پر انجام دی گئی خدمات اور کارنامے:

(الف) گمنامی اور عام سپاہی کا اسلوب (Anonymity)

مجتبیٰ خامنہ ای کے جنگی دور کا سب سے بڑا کارنامہ یہ مانا جاتا ہے کہ وہ صدرِ مملکت کے بیٹے ہونے کے باوجود اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر محاذ پر رہے اور عام مجاہدین کی طرح بنکروں (Bunkers) میں رہتے، عام کھانا کھاتے اور انتہائی سخت موسمی و جنگی حالات کا مقابلہ کرتے۔

انہوں نے کسی بھی خاص مراعات یا ترجیحی سلوک (VIP treatment) کو سخت ناپسند کیا اور محاذ پر موجود دیگر جوانوں کی طرح لائن آف فائر پر ڈیوٹی دی۔

(ب) عملی عملیات (Military Operations) میں شرکت:

انہوں نے جنگ کے آخری مرحلے میں جنوبی ایران (خوزستان کے خطے) اور شلمچہ کے محاذوں پر کئی اہم دفاعی عملیات (Operations) میں حصہ لیا:

عملیات بیت المقدس 2 اور 4: ان عملیات کے دوران انہوں نے محاذِ جنگ پر مواصلات، پہرہ داری اور فرنٹ لائن پر دشمن کی پیش قدمی کو روکنے کی ذمہ داریوں میں حصہ لیا۔

کیمیائی حملوں کا سامنا: جنگ کے آخری دور میں جب بعثی فوج نے شدید کیمیائی ہتھیار استعمال کیے، اس وقت بھی وہ فرنٹ لائن پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ ثابت قدم رہے۔

(ج) رفقائے کار اور مستقبل کے ملٹری کمانڈروں کے ساتھ تعلقات:

جنگ کا یہ دور سید مجتبیٰ خامنہ ای کی سیاسی اور دفاعی فکر کو تشکیل دینے کا سب سے بڑا ذریعہ بنا:

اسی بٹالین اور محاذِ جنگ پر ان کی دوستی اور تعلقات ایران کے ان جوانوں سے قائم ہوئے جو آگے چل کر پاسدارانِ انقلاب (IRGC) اور قدس فورس کے بڑے کمانڈرز اور جنرلز بنے۔

شہید سردار قاسم سلیمانی، سردار حُسین ہمدانی، سردار محمد ابراہیم ہمت، سردار حاج احمد متوسلیان، سردار حاج عباس کریمی سردار سردار محمد کوثری، سردار علی اصغر حسینی محراب، سردار علی ہاشمی، سردار حاج علی فضلی اور دیگر انقلابی مجاہدین کے ساتھ ان کی فکری و روحی قربت اسی دفاعِ مقدس (Sacred Defense) کے دور سے پروان چڑھی۔

5. ان کی جنگی خدمات کی اہمیت اور اثرات

صداقتِ نیت کا ثبوت:

ایرانی عوام اور سیکیورٹی فورسز (IRGC اور بسیج) کے نزدیک ان کا یہ قدم اس بات کا ثبوت تھا کہ رہبرِ معظم کا خاندان صرف باتوں سے انقلابی نہیں بلکہ ان کے بچوں نے ملک کی سلامتی کے لیے خون اور پسینہ بہایا ہے اور میدان عمل میں سرگرم رہے ہیں۔

  • عسکری اور استعماری نظام کی سمجھ: جنگ میں عملی شرکت کی وجہ سے سید مجتبیٰ خامنہ ای کو عسکری امور، لاجسٹکس، اور جنگی حکمتِ عملی کی براہِ راست سمجھ حاصل ہوئی۔ یہی تجربہ آگے چل کر 'دفترِ رہبری' میں سیکیورٹی اور دفاعی مشاورت کے دوران ان کی بصیرت کا باعث بنا۔
  • انقلابی و جہادی اخلاق: جنگ نے ان کے مزاج میں زہد، خاموشی اور سخت کوشی کو اور زیادہ پختہ کر دیا، جس کی جھلک ان کی موجودہ زندگی میں بھی صاف دکھائی دیتی ہے۔

آیت اللہ سید مجتبٰی خامنہ ائ بحیثیت سپریم لیڈر (Supreme Leader)

آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے حوالے سے بین الاقوامی اور عالمی سیاسی تجزیہ کاروں باالخصوص مغربی تھنک ٹینکوں میں یہ بحث طویل عرصے سے جاری تھی کہ وہ اپنے والد کے بعد ایران کے اگلے رہبرِ معظم (Supreme Leader) بننے کے مضبوط ترین امیدواروں میں سے ایک ہو سکتے ہیں۔ لیکن ان کے انتخاب اور اس نظام انتخاب کو سمجھنے کے لیے درج ذیل تفصیل ضروری ہے:

1. سپریم لیڈر کے انتخاب کا آئینی طریقہ کار:

ایران کے آئین (قانونِ اساسی) کے تحت، سپریم لیڈر کا انتخاب کسی فرد کے خاندان یا ذاتی فیصلے سے نہیں ہوتا، بلکہ اس کا ایک مخصوص آئینی ادارہ ہے، ۔

• مجلسِ خبرگانِ رہبری (Assembly of Experts):

ایران کے آئین کے مطابق، رہبرِ معظم کو منتخب کرنے اور ان کی کارکردگی کی نظارت کرنے کا واحد آئینی اختیار 88 جید مجتہدین اور فقہاء پر مشتمل اس کونسل کے پاس ہے۔

• خفیہ کونسل اور فہرست:

مجلسِ خبرگان کی ایک مخصوص کمیٹی ان تمام علماء اور فقہاء کا جائزہ لیتی رہتی ہے جو اس منصب کے اہل ہو سکتے ہیں، لیکن اس فہرست کو مکمل طور پر پاسِ راز (خفیہ) رکھا جاتا ہے۔

2. رہبر کے لیے ضروری آئینی صفات اور خصوصیات:

ایران کے آئین کی دفعہ 5 اور 109 کے مطابق، سپریم لیڈر کے منصب پر فائز ہونے والے شخص میں درج ذیل بنیادی اور لازمی شرائط کا ہونا ضروری ہے:

  • اجتہاد اور علمی صلاحيت: وہ فقیہ ہو اور حوزہ علمیہ میں اعلیٰ درجے کے اجتہاد کا حامل ہو۔
  • عدالت اور تقویٰ: امتِ مسلمہ کی رہبری کے لیے اعلیٰ اخلاقی، دینی اور روحی پاکیزگی کا مالک ہو۔
  • سیاسی اور سماجی بصیرت:

داخلی اور بین الاقوامی امور کا گہرا فہم اور تدبر رکھتا ہو۔

• شجاعت اور انتظامی قوت:

بحرانوں کو سنبھالنے کی ہمت اور ریاست کو چلانے کی بہترین انتظامی صلاحیت کا حامل ہو۔

3. مجتبیٰ خامنہ ای کے نام پر بحث اور ان کی خصوصیات:

سیاسی ماہرین اور حوزوی حلقے یہ مانتے ہیں مستقبل ان کی درج ذیل خصوصیات اور صلاحیتیں اس منصب کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں:

• اعلیٰ حوزوی اور اجتہادی رتبہ:

وہ حوزہ علمیہ قم میں طویل عرصے سے 'درسِ خارج' (فقہ و اصول کا اعلیٰ ترین اجتہادی درجہ) پڑھا رہے ہیں، جو ان کے علمی طور پر ایک پختہ فقیہ اور مجتہد ہونے کا ثبوت ہے۔

• سیکیورٹی اور انتظامی امور کا تجربہ:

وہ دہائیوں سے 'دفترِ رہبری' (Office of the Supreme Leader) میں اہم مشاورت فراہم کرتے رہے ہیں اور پاسدارانِ انقلاب (IRGC) اور دفاعی اداروں کے ساتھ ان کا گہرا اور دیرینہ رابطہ ہے۔

• انقلابی اور جہادی پسِ منظر:

انہوں نے اپنی جوانی میں ایران-عراق جنگ کے فرنٹ لائن پر باقاعدہ دفاعی خدمات انجام دی ہیں، جو انقلابی بدلے اور عوامی و دفاعی حلقوں میں ایک بڑا کریڈٹ مانا جاتا ہے۔

• زہد اور سادگی:

وہ میڈیا کی چمک دمک اور سرکاری عہدوں سے دور رہ کر خاموشی سے کام کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

البتہ ایرانی حکومت کے کچھ ناقدین اور خود علماء کا ایک طبقہ انقلابِ اسلامی کا بنیادی نعرہے، (1979 ء کا اسلامی انقلاب شاہی موروثی حکومت کے خلاف برپا ہوا تھا) کی بنیاد پر اس بات پر تحفظات ظاہر کرتا ہے کہ والد کے بعد بیٹے کو اس منصب پر لانے سے اسلامی جمہوریہ کی اس انقلابی روح کو نقصان پہنچا ہے مگر وہ خود بھی جانتے ہیں کہ خود سید مجتبٰی کا کردار، صفات اور صلاحیتیں ان کے تحفظات کا بہترین رد ہے، لہذا یہ صرف انقلاب کی بنیادوں کو نقصان پہنچانے کی بے ھا کوشش کے سوا کچھ نہیں۔

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای عالمی شخصیات، ادیان اور مفکرین کی نظر میں

آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی شخصیت، ان کے حوزوی مقام، انقلابی اثر و رسوخ اور ایران کے سیاسی و مذہبی ڈھانچے میں ان کی مرکزی حیثیت کے پیشِ نظر دنیا بھر کے مختلف ادیان و مذاہب کے رہنماؤں، علماء، اور دانشمندوں نے ان کے بارے میں گراں قدر اور متنوع آراء قائم کی ہیں۔

1۔ عالمی اور ایرانی شیوخ و مراجع (شیعہ علماء و مراجعِ تقلید) :

• حوزہ علمیہ قم کے ارشد علماء و مراجع:

حوزہ علمیہ قم کے جید مراجع اور اساتذہ مجتبیٰ خامنہ ای کے 'درسِ خارج' کو انتہائی عمیق، استدلالی اور جدید فقہی مسائل کے مطابق سمجھتے ہیں۔حوزوی فقہاء کا کہنا ہے کہ "سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کسی خاندانی انتساب کے بجائے، دہائیوں کی سخت علمی ریاضت، نجف و قم کے فقہی مکاتب کے باہم امتزاج اور اصولِ فقہ پر عبور کے ذریعے اجتہاد کا مقام حاصل کیا ہے۔"

• عراقی و عالمی شیعہ علماء (نجف اشرف کی نظر) :

نجفِ اشرف کے علمی حلقے ان کی شخصیت کو اسلامی انقلاب کے نظریات اور روایتی شریعت کے درمیان ایک مضبوط پل مانتے ہیں، جو حوزوی روایت اور عصری حکمرانی کے تقاضوں سے بخوبی واقف ہیں۔

2۔ اہل سنت کے جید علماء اور مفکرین (Sunni Scholars & Leaders)

• عالمی یونین برائے مسلم علماء (International Union of Muslim Scholars) اور مشرقِ وسطیٰ کے سنی علماء:

اہلِ سنت کے انقلابی اور اتحادِ امت کے حامی علماء (خصوصاً فلسطین، لبنان، پاکستان اور ایران کے سنی علماء) انہیں 'محاذِ مزاحمت' (Axis of Resistance) کے ایک خاموش اور مضبوط داعی کے طور پر دیکھتے ہیں

تہران میں منعقدہ عالمی اتحادِ امت کانفرنسوں اور مختلف تعزیتی بیانات کے موقع پر ایران کے صوبہ کردستان و سیستان کے سنی علماء نے ان کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلکی تقسیم سے بالاتر ہو کر ہمیشہ مظلومینِ عالم، خصوصاً فلسطین اور غزہ کے مجاہدین کی پشت پناہی میں ایک فعال اور غیر متزلزل کردار ادا کیا ہے۔"

3۔ غیر مسلم مذہبی رہنما اور دانشمند (Non-Muslim Religious Leaders)

(الف) عیسائی پیشوا اور بشپ (Christian Clergy)

• ایران اور مشرقِ وسطیٰ کے عیسائی رہنما (Armenian & Assyrian Bishops):

آرمینیائی اور اشوری عیسائی برادری کے مذہبی پیشوا (مثلاً تہران کے آرمینیائی آک بشپ) اور مشرقِ وسطیٰ کی دیگر عیسائی شخصیات، ان کی شخصیت کو بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کی ایک ضمانت کے طور پر دیکھتے ہیں۔

عیسائی مذہبی رہنماؤں کے مطابق، "سید مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی اس روایتی اور اخلاقی حکمتِ عملی کے تسلسل کے داعی ہیں جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احترام، عیسائی برادری کے شہری حقوق اور بین المذاہب رواداری پر زور دیتی ہے۔ وہ سامراجی طاقتوں کے جبر کے خلاف مسیحی اور مسلم اقدار کے اشتراک کے قائل ہیں۔"

• ہندو اور دیگر مشرقی ادیان کے دانشمند (Hindu Thinkers & Scholars) جسسٹس مارکنڈے کاٹجو (Justice Markandey Katju – سابق جج سپریم کورٹ آف انڈیا و بین المذاہب مفکر) :

بھارت اور عالمی سطح پر حقوقِ انسانی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے جید مبصرین اور دانشمندوں نے ان کی شخصیت اور دعوت کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا ہے۔

جسٹس کاٹجو نے سید مجتبیٰ خامنہ ای کی طرف سے ملی دعوت کا جواب دیتے ہوئے اپنے عوامی بیانات اور خطوط میں لکھا کہ "مجتبیٰ خامنہ ای اور ان کا خاندان دنیا میں جبر، استکبار اور سامراج کے خلاف جدوجہد کا وہ عظیم استعارہ ہیں جو عدلِ انسانی، اخلاق اور مظلوموں کے حقوق کے لیے بلا خوف و خطر کھڑے ہوتے ہیں۔ ان کی علمی اور اخلاقی بصیرت عالمی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔"

3۔ عالمی سیاسی و عسکری مخالفین (امریکہ اور اسرائیل کے کمانڈرز و حکمتِ عملی ساز)

• امریکی حکومت اور پینٹاگون (US Department of the Treasury & Intel Reports):

امریکی ٹریؤری ڈیپارٹمنٹ کی نومبر 2019 کی پابندیوں کی رپورٹ اور پینٹاگون کے سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ سید مجتبیٰ خامنہ ای ایک "انتہائی سخت گیر، بااثر اور دور اندیش اسٹریٹجسٹ" ہیں۔

• امریکی و اسرائیلی کمانڈرز کا تاثر:

امریکی انٹیلی جنس اور اسرائیلی سیکیورٹی برادری (INSS) کے سینیئر حکام انہیں ایک ایسا مخالف قرار دیتے ہیں جو جذبات کی بجائے خالص نظم و ضبط، پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی اسٹریٹجک طاقت اور خاموش حکمتِ عملی سے اپنے مقاصد حاصل کرتا ہے۔

5۔ عالمی مفکرین، فلسفی اور تھنک ٹینکس (Global Scholars & Thinkers)

• کریم سادجادتپور (Karim Sadjadpour – کارنیگی اینڈوومنٹ):

  • "سید مجتبیٰ خامنہ ای محض ایک عالم نہیں بلکہ ایران کی سیکیورٹی، ادارہ جاتی تسلسل اور سیاسی ڈھانچے کو پسِ پردہ مضبوطی سے تھامے رکھنے والے مرکزی طاقتور ڈائریکٹر (Key Power Broker) ہیں۔"
  • پروفیسر ہنگسٹن (غربت و سیاسی امور کے محققین) :

فلسفیانہ اور تجزیاتی زاویے سے دیکھیں۔ عالمی دانشمند انہیں ایک ایسی شخصیت تسلیم کرتے ہیں جنہوں نے میڈیا کی گلیمرس سیاست کے بجائے حوزوی فقاہت اور حکومت کی پوشیدہ اسٹریٹجی (Quiet Strength) کے حسین امتزاج کو اپنایا ہے۔

گویا تمام ادیانِ عالم اور عالمی مذاہب کے پیشواؤں کی آراء کو اگر اکٹھا کیا جائے تو سید مجتبیٰ خامنہ ای کی شخصی ایک جید، زاہد اور مستند استادِ حوزہ۔ سامراج کے خلاف اسلامی وحدت اور محاذِ مزاحمت کا غیر متزلزل محافظ۔ ایک بااخلاق، روادار اور استعمار مخالف انسانی قدروں کا حامی۔ ایک انتہائی منظم، مضبوط اور چیلنجنگ اسٹریٹجسٹ کی شخصیت ہے۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی حیات، خاندانی پس منظر، علمی سفر اور سیاسی و عسکری بصیرت کا یہ احاطہ اس بات کا غماز ہے کہ وہ محض روایتی سیاست یا خاندانی وراثت کے پروردہ نہیں ہیں، بلکہ ان کی شخصیت حوزوی فقاہت، عسکری تجربے اور استوارتِ فکر کا ایک نادر امتزاج ہے۔

تبریز اور خامنہ کے کہنہ سال علمی چشموں سے لے کر نجف اور قم کے حوزاتِ علمیہ تک پھیلا ہوا ان کا خاندانی شجرہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ فقاہت، زہد، اور جابر طاقتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا جذبہ ان کے خون میں شامل ہے۔ دفاعِ مقدس (ایران-عراق جنگ) کے کٹھن محاذوں پر لشکرِ 27 محمد رسول اللہ اور گردانِ حبیب ابن مظاہر کے سنگ سپاہی کی حیثیت سے ان کی عسکری تربیت نے انہیں ایک ایسے دور اندیش اسٹریٹجسٹ میں ڈھال دیا ہے جو جذباتیت کے بجائے ٹھوس نظم و ضبط اور گہری بصیرت پر یقین رکھتا ہے۔

مغربی تھنک ٹینکس ہوں یا عالمی مفکرین، دوست ہوں یا حریف—سب اس حقیقت کے اعتراف پر مجبور ہیں کہ مجتبیٰ خامنہ ای اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈھانچے میں ایک ایسا فیصلہ کن اور توانا ستون ہیں جو داخلی استحکام اور بیرونی چیلنجز کے مقابلے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ جہاں ایک طرف حوزہ علمیہ قم کے جید اساتذہ ان کے 'درسِ خارج' اور فقہی پختگی کو سراہتے ہیں، وہیں دوسری طرف عالمی سطح پر مستحکم اسلامی وحدت، مظلومین کی نصرت اور استعمار دشمنی نے ان کے حلقۂ اثر کو محض جغرافیائی حدود سے ماورا کر دیا ہے۔

خلاصہ یہ کہ، تاریخ کے اس حساس موڑ پر جب مشرقِ وسطیٰ اور عالمِ اسلام گہرے سیاسی و فکری تحولات سے گزر رہا ہے، آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی شخصیت روایتی اصالت اور جدید عصری تقاضوں کا ایک ایسا مضبوط پل ہے جو آنے والے زمانوں میں ایران اور خطے کی تقدیر طے کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتا رہے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha