حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع عالی قدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تاراگڑھ اجمیر میں قرآن خوانی و جلسۂ تعزیت اور مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔
مدرسہ جعفریہ تاراگڑھ میں قرآن خوانی کے بعد جلسہ تعزیت میں امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی رحمۃ اللہ علیہ ملت تشیع کا عظیم سرمایہ تھے، ان کی علمی و دینی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں، انہوں نے اپنی پوری زندگی خدمتِ آل محمدؐ، درس و تدریس، تحقیق، تبلیغ و بیان اور دینی خدمات صرف کی، مولانا مظفر حسین نقوی نے بھی آپ کے دینی و علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

نماز مغربین کے بعد قدیمی مرکزی امامبارگاہ آل ابوطالب تاراگڑھ اجمیر میں مجلس ترحیم منعقد ہوئی جس میں امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے خطاب کرتے ہوئے عالم فقہ و فقاہت کا درخشاں ستارہ ، ماہر اصول فقہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کی رحلت اور فقدان پر حضرت ولی عصر عج کی خدمت میں پرسہ پیش کرتے ہوئے عالم تشیع و حوزات علمیہ کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کی اور مرحوم قدس سرہ کے حوزات علمیہ میں ولایتی سرپرستی کا ذکر کرتے ہوئے ان کی دقت علمی اور اہلبیت عصمت و طہارت کا ان کےنزدیک مقام کو اسوہ کے طور پر بیان کیا گیا اور مرحوم کے علو درجات کے لئے بارگاہ رب عزت میں دعا اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی درخواست کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ: آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی تعظیم شعائر اور اہل بیتؑ کی شہادت کے موقع پر عزاداری کے انعقاد اور فروغ پر خصوصی تاکید کرتے تھے، آپ بالخصوص ایامِ فاطمیہ کی عزاداری کے فروغ میں مؤثر شخصیات میں قرار دیئے جاتے ہیں، آپ محرم اور صفر میں عزاداری کے انعقاد کے ساتھ ساتھ حضرت فاطمہ(س)، امام علیؑ اور امام جعفر صادقؑ کی شہادت کے ایامِ میں بھی مجالسِ عزا منعقد کرنے کے ساتھ جلوس عزاء برپا کرتے تھے، حضرت فاطمہ(س) کے یومِ شہادت پر سرکاری تعطیل کا آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی نے سن 2000ء میں ایران کے اس وقت کے صدر سید محمد خاتمی سے ملاقات کے دوران حضرت فاطمہ(س) کی تاریخ شہادت کو ایران میں سرکاری تعطیل قرار دئے جانے کا مطالبہ کیا، اس تجویز کو کابینہ مطرح کرنےاور مجلسِ شورائے اسلامی سے منظوری کے بعد نافذ کر دیا گیا۔

امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی نے اپنی علمی تربیت اور تدریسی خدمات کے ذریعہ ایسی نامور شخصیات کی تربیت میں کردار ادا کیا جن پر امت فخر کرتی ہے، ان شخصیات میں رہبر معظم آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای، آیت اللہ شب زندہ دار، آیت اللہ علی میلانی، آیت اللہ علوی بروجردی، آیت اللہ صادق آملی لاریجانی، آیت اللہ علیرضا اعرافی سمیت دیگر علمی و دینی شخصیات کے نام قابل ذکر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ: شیعہ علماء کے درمیان سنہ 329 ہجری سال کو "عامُ تَناثُرِ النُّجوم‘"، ستاروں کے بکھرنے کا سال کے نام سے یاد کیا کرتے ہیں، اس کی وجہ یہ تھی کہ اس سال میں مکتبِ اہلِ بیتؑ کے متعدد جلیل القدر علماء و اکابر دنیا سے رخصت ہوئے، جن میں امام زمانہ عج کے چوتھے نائب علی بن محمد سمری، ثقۃ الاسلام شیخ محمد بن یعقوب کلینی اور شیخ علی بن بابویہ (والدِ شیخ صدوق) شامل ہیں، اور اب ایک مرتبہ پھر سے ایسا لگ رہا ہے "ستاروں کے بکھرنے کا سال" لوٹ آیا ہے، چنانچہ سال 2026 میں سب سے پہلے ہم رہبر شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسنی خامنہ ای کی جدائی کا صدمہ، آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد اسحاق فیاض کی رحلت، اسی طرح پھر آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی اور اب استاذ الفقہاء، احیاء گر عزائے فاطمیہ، ناشرِ معارفِ محمدؐ و آلِ محمدؑ، آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی قدس اللہ سرہ بھی دارِ فانی سے دارِ بقا کی جانب کوچ کرگئے۔

اس جلیل القدر فقیہ اور عظیم مرجعِ تقلید نے تقریباً ایک صدی پر محیط اپنی بابرکت زندگی کو تحصیلِ علم، تدریس، تحقیق، بے شمار شاگردوں کی تربیت، علمی آثار اور عوام و اہلِ علم کی رہنمائی و ہدایت میں گزاری، ان کی علمی خدمات سے فقہ، اصول، تفسیر، تاریخ اور دیگر اسلامی علوم میں تحقیق و جستجو کے نئے راستے کھلے، وہ فقاہت کے ایک تناور درخت تھے، علمی مباحث، درس و تدریس کی محفلوں، فقہی تحقیقات و باریک بینیوں، علمِ کلام اور تاریخ کے دقیق مباحث میں ان کی شخصیت آفتاب کی مانند روشن و تابندہ تھی، اسی طرح منبرِ حسینیؑ سے انکاخطاب، عوام کی رہنمائی اور دینی و فکری تربیت کے میدان میں بھی انہوں نے ایران اور دیگر ممالک میں اپنی گراں قدر یادیں اور بے شمار علمی و معنوی برکات چھوڑی ہیں، آپ اپنی جوانی میں منبر و خطابت سے بھی وابستہ تھے اور مشہور خطباء میں شمار ہوتے تھے، آج فقاہت کا وہ عظیم ستون ہم سے جدا ہوگیا۔
مجلس کے آخر میں مولانا نقی مھدی زیدی نے جناب حبیب ابن مظاہر کے مصائب کو کیاجس پر سامعین نے بے حد گریہ کیا۔
مجلس میں حجۃالاسلام مولانا مظفر حسین نقوی اور مولانا احتشام حسین کے علاوہ مومنین نے شرکت فرمائی۔











آپ کا تبصرہ