حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ مذہب کے عظیم علمائے کرام کی اولاد میں بہت کم ایسی شخصیات ملتی ہیں جن کی زندگی بیک وقت دو مختلف علمی و فکری ماحول یعنی حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی کا بہترین امتزاج ہو۔
حجت الاسلام والمسلمین میرزا عبدالرضا کفائی خراسانی، آخوند ملا محمد کاظم خراسانی کے پوتے ہیں۔ ان کی علمی اور خاندانی زندگی کو ایران کے اہم ترین مذہبی خاندانوں میں سے ایک کی تاریخ کے تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔
ایک طرف ان کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جس کا نام تحریکِ مشروطہ، حوزہ علمیہ نجف اور قاجار دور کے آخری زمانے میں ایران کی سیاسی تاریخ سے جڑا ہوا ہے جبکہ دوسری طرف انہوں نے ایسے دور میں تعلیم حاصل کی جب تہران یونیورسٹی ایران کی اہم ترین فلسفی شخصیات کی علمی سرگرمیوں کا مرکز تھی۔ یہی امتزاج انہیں روایتی مذہبی خاندانوں کی دیگر شخصیات سے ممتاز کرتا ہے۔
حجت الاسلام میرزا عبدالرضا کفائی، آیت اللہ میرزا احمد کفائی کے فرزند اور آخوند خراسانی کے پوتے ہیں۔ ان کے دادا، مشہور کتاب «کفایۃ الاصول» کے مصنف، شیعہ مذہب کے عظیم مراجع میں شمار ہوتے تھے اور تحریکِ مشروطہ کی حمایت کرنے والی اہم شخصیات میں سے ایک تھے۔ "کفائی" خاندانی نام بھی اسی مشہور علمی تصنیف سے ماخوذ ہے۔
ان کے والد میرزا احمد کفائی، حوزہ علمیہ مشہد کی ممتاز شخصیات میں سے تھے، جنہوں نے برسوں کی علمی اور سیاسی سرگرمیوں کے بعد مدارس کی بحالی اور حوزہ علمیہ خراسان کی تنظیم و استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ چنانچہ عبدالرضا کفائی نے ایسے خاندان میں پرورش پائی جہاں نجف، تحریکِ مشروطہ، علمائے کرام کی ہجرت اور ایران کی سیاسی تبدیلیوں کی یادیں آج بھی خاندانی حافظے کا زندہ حصہ تھیں۔
تاہم، اس خاندان سے تعلق رکھنے والی شخصیت کے بارے میں عمومی توقعات کے برخلاف، ان کا تعلیمی سفر صرف حوزہ علمیہ تک محدود نہیں رہا۔
انہوں نے 1340ھ شمسی/ 1961ء کی دہائی کے آخری برسوں میں تہران یونیورسٹی میں فلسفے کے شعبے میں تعلیم حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے شیخ ابوالحسن شعرانی سے اسلامی فلسفہ اور سید احمد فردید سے مغربی فلسفہ پڑھا۔ ان دونوں اساتذہ کی شاگردی بذاتِ خود ان کی فکری زندگی کا ایک دلچسپ پہلو ہے۔ ان میں سے ایک تہران میں فلسفیانہ اور اسلامی علوم کی وسیع روایت کے نمائندہ تھے جبکہ دوسرے معاصر ایران کی فلسفیانہ فکر کے ایک مؤثر اور نمایاں چہرے تھے۔
حجت الاسلام میرزا عبدالرضا کفائی کو بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کا موقع بھی ملا اور انہیں اسکالرشپ بھی حاصل ہوئی لیکن ان کی زندگی کے بارے میں شائع ہونے والی روایات کے مطابق، ان کے والد اور آیت اللہ سید محمد ہادی میلانی کے مشورے نے انہیں ایک مختلف راستہ اختیار کرنے پر آمادہ کیا۔ چنانچہ وہ حوزہ علمیہ مشہد چلے گئے اور اپنی حوزوی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔
یہ فیصلہ ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ ایک طرف انہیں ایران سے باہر یونیورسٹی کی تعلیم جاری رکھنے کا موقع حاصل تھا لیکن انہوں نے اس علمی ماحول کی طرف واپسی اختیار کی جس کے ساتھ ان کی خاندانی تاریخ اور روایات گہرا تعلق رکھتی تھیں۔
سنہ 1359 ہجری شمسی / 1980ء سے انہوں نے قم میں سکونت اختیار کی اور آیت اللہ سید محمد روحانی اور آیت اللہ حسین وحید خراسانی (رہ) کے پاس فقہ و اصول کے دروسِ خارج میں شرکت کی۔ اس طرح ان کا علمی سفر یونیورسٹی میں فلسفہ کی تعلیم، مغربی فلسفہ سے آشنائی اور اعلیٰ حوزوی تعلیم کے امتزاج سے تشکیل پایا۔
ان کے خاندانی روابط بھی معروف مذہبی خاندانوں کے ساتھ ان کے تعلقات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ وہ آیت اللہ محی الدین ممقانی کے داماد اور شہید سید محمد باقر حکیم کے ہم زلف ہیں۔ ان رشتوں نے انہیں ایسے مذہبی خاندانوں کے حلقے میں شامل کیا جن کے علمی، سماجی اور سیاسی تعلقات ایران سے عراق تک پھیلے ہوئے تھے۔
تاہم، حجت الاسلام عبدالرضا کفائی کی اہمیت صرف ان کے خاندانی مقام یا تعلیمی پس منظر تک محدود نہیں بلکہ اس کا ایک اہم پہلو مرحوم آخوند خراسانی کے خاندان کی یادوں اور تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اگلی نسلوں تک منتقل کرنے میں ان کا کردار ہے۔ درحقیقت، حجت الاسلام عبدالرضا کفائی کو آخوند خراسانی کے خاندان کی زبانی تاریخ اور خاندانی یادوں کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے والی اہم کڑی قرار دیا جا سکتا ہے۔










آپ کا تبصرہ