بدھ 18 نومبر 2026 - 14:02
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت پر رہبر انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں، انہیں حوزہ علمیہ میں فقہ اور اصول فقہ کی تعلیم کے بنیادی ارکان میں شمار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں، انہیں حوزہ علمیہ میں فقہ اور اصول فقہ کی تعلیم کے بنیادی ارکان میں شمار کیا ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

حوزۂ علمیہ کے بزرگ استاد آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی رحلت کی خبر موصول ہوئی۔ وہ حوزۂ علمیہ (اعلیٰ دینی تعلیمی مراکز) میں فقہ اور اصول فقہ کی تعلیم کے بنیادی ارکان میں شمار ہوتے تھے۔ روزانہ ان کے ان دروس کے دو جلسے، درس کے بنیادی ترین جلسوں میں تھے۔ ان دروس میں خود ان کے تحقیقی پہلوؤں کے علاوہ، حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے حالیہ دور کے بعض ممتاز ترین دانشوروں کے نظریات پر بھی بہت گہری اور برحق توجہ بھی نمایاں تھی۔ یہ پہلو جو ہمیشہ استاد بزرگوار کے بہترین، منظم اور محکم طرز بیان کے ہمراہ ہوتا تھا، طلاب اور افاضل کے لیے ان کے درس کے ہر جلسے کو غنیمت اور مفید جلسے میں تبدیل کردیتا تھا۔

آج حوزۂ علمیۂ قم بلکہ ملک کے سبھی حوزہ ہائے علمیہ کے اکثر مدرسین اور افاضل اس عظیم استاد کے درس میں شرکت کو افتخار کے ساتھ اپنے تعلیمی ریکارڈ میں شامل کرتے ہیں اور سبھی ان کی رفتار وگفتار میں، معصومین علیہم الصلوات والسلام کی مقدس ہستیوں سے وابستگی کی عکاسی کا ذکر کرتے ہیں۔ بے شک آپ راہ شریعت و مذہب میں اپنی مسلسل جاری رہنے والی کاوشوں کے سبب، مومنین اورحوزہ ہائے علمیہ پر عظیم حق رکھتے ہیں اور سبھی کو آپ کو یاد رکھنا اور آپ کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

میں اپنے آقا ومولا امام زمانہ عجّل اللہ فرجہ الشّریف، حوزہ ہائے علمیہ، مومنین اور بالخصوص آپ کے لواحقین کو اس دکھ پر تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند عالم سے آپ کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای

18 دسمبر 2026

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha