منگل 17 نومبر 2026 - 11:14
آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی علمی زندگی کا سفر

حوزہ / آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی رحلت حوزہ علمیہ اور عالمِ تشیع کے لیے ایک بڑا علمی نقصان ہے۔ آپ ایک بلند پایہ مرجعِ تقلید اور ممتاز فقیہ تھے، جنہوں نے کئی دہائیوں تک علمی سرگرمیوں، درسِ خارجِ فقہ و اصول اور بے شمار شاگردوں کی تربیت کے ذریعہ مرجعیتِ شیعہ اور معاصر حوزات علمیہ کی علمی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ آپ اہل بیت علیہم السلام کی معارف و تعلیمات کے فروغ اور تحفظ کے حوالے سے بھی ایک مؤثر علمی شخصیت شمار ہوتے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی | حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی غمناک رحلت کے موقع پر ان کی علمی زندگی، حوزوی سیرت اور علمی و مرجعیتی مقام کا خلاصہ پیش کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی زندگی اور مشہد میں حوزوی تعلیم کا آغاز

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی یکم فروردین 1300 ہجری شمسی (21 مارچ 1921ء) کو ایران کے شہر نیشاپور میں پیدا ہوئے۔ آپ نے دینی علوم کی ابتدائی تعلیم حوزہ علمیہ مشہد سے حاصل کی۔ مقدمات اور عربی ادب کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آیت اللہ شیخ محمد نہاوندی، صاحبِ تفسیر سے دروسِ سطح پڑھے اور اس مرحلے کی تکمیل کے بعد آیت اللہ العظمیٰ میرزا مہدی اصفہانی اور آیت اللہ میرزا مہدی آشتیانی کے درسِ خارجِ فقہ میں شرکت کی۔

فقہ و اصول کے ساتھ ساتھ آپ نے عقلی علوم کی تعلیم و تحصیل پر بھی توجہ دی اور میرزا ابوالقاسم الٰہی اور میرزا مہدی آشتیانی جیسے اساتذہ سے استفادہ کیا۔

آپ کی علمی زندگی کا ایک اہم مرحلہ 1327 ہجری شمسی (1948ء) میں شہرِ رَے میں آیت اللہ سید محمد حجت کوہ کمرہ‌ای سے ملاقات اور علمی مباحثہ تھا۔ ان علمی مباحث کے نتیجہ میں آپ کو ان کی جانب سے اجتہادِ مطلق کی اجازت حاصل ہوئی جو اس زمانے میں آپ کے علمی مقام اور احکامِ شرعی کے استنباط کی صلاحیت کا اظہار تھا۔

نجف اشرف کی جانب ہجرت اور ممتاز اساتذہ سے کسبِ فیض

حضرت آیت اللہ وحید خراسانی 27 سال کی عمر میں، اجتہاد کے مرتبے تک پہنچنے کے باوجود، اپنے علمی مبانی کی تکمیل اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے مراجع و ممتاز اساتذہ کے علمی افکار سے استفادہ کے لیے نجف اشرف تشریف لے گئے۔

نجف اشرف میں قیام آپ کی علمی شخصیت کی تشکیل کا ایک اہم مرحلہ ثابت ہوا۔ یہاں آپ نے آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی، آیت اللہ سید عبدالہادی شیرازی اور آیت اللہ سید محسن حکیم جیسے جلیل القدر اساتذہ سے کسبِ فیض کیا۔

ان اساتذہ میں آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی کو آپ کی علمی زندگی میں خصوصی مقام حاصل تھا۔ آپ ان کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوتے تھے اور آیت اللہ خوئی کی فقہی کونسل کے رکن بھی تھے۔ ان کے علمی مبانی اور استدلالی طریقۂ کار سے قریبی واقفیت نے آپ کے فقہی و اصولی منہج پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ اسی بنا پر آیت اللہ وحید خراسانی کے علمی طریقۂ کار کے ایک اہم حصے کو آیت اللہ خوئی کے فقہی مکتب کا تسلسل قرار دیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح امام خمینی (رہ) کے نجف اشرف میں قیام کے دوران آیت اللہ وحید خراسانی ان کے دروس میں بھی شرکت کرتے رہے۔

نجف اشرف میں درسِ خارج فقہ و اصول کا آغاز

کئی سال تک ممتاز اساتذہ سے تحصیلِ علم اور علمی استفادہ کے بعد حضرت آیت اللہ وحید خراسانی نے 1337 ہجری شمسی (1958ء) سے درسِ خارجِ فقہ و اصول کا آغاز کیا اور تقریباً بارہ سال تک حوزہ علمیہ نجف اشرف میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔

"درسِ خارج" حوزہ علمیہ کے نظامِ تعلیم کا اعلیٰ ترین تخصصی مرحلہ ہے، جس میں استاد فقہی و اصولی نظریات کا تفصیلی جائزہ لیتے، مختلف دلائل کا تجزیہ کرتے اور طلبہ کو احکامِ شرعی کے استنباط اور اجتہاد کے طریقۂ کار سے روشناس کراتے ہیں۔

نجف اشرف میں درسِ خارج کا آغاز آپ کی علمی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کی بنیاد بنا جسے بعد ازاں حوزہ علمیہ قم میں قیام اور متعدد شاگردوں کی تربیت کے ذریعہ مزید وسعت حاصل ہوئی۔

ایران واپسی اور حوزہ علمیہ قم کی جانب سفر

آیت اللہ وحید خراسانی 1349 ہجری شمسی (1970ء) میں ایران واپس تشریف لائے اور ابتدائی طور پر مشہد میں تدریس کا آغاز کیا تاہم اسی سال موسمِ خزاں میں مشہد چھوڑ کر حوزہ علمیہ قم منتقل ہو گئے۔

اس منتقلی کی وجوہات میں اس وقت کی حکومت کے ساتھ روابط کی مشکلات اور آپ سے وابستہ بعض توقعات کا ذکر کیا جاتا ہے۔ آیت اللہ سید محمد ہادی میلانی کے علمی مقام اور حمایت کے باوجود یہ حالات آیت اللہ وحید خراسانی کے لیے قابلِ قبول نہ تھے چنانچہ آپ نے اپنی علمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے قم کو منتخب کیا۔

آپ نے 1349 ہجری شمسی سے 1397 ہجری شمسی (2018ء) تک حوزہ علمیہ قم میں درسِ خارجِ فقہ و اصول کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس عرصہ میں آپ کے دروس حوزہ علمیہ کے انتہائی مقبول علمی حلقوں میں شمار ہوتے تھے بالخصوص علمِ اصول کے مباحث میں آپ کی گہری علمی بصیرت اور دقیق استدلالی انداز کو نمایاں شہرت حاصل تھی۔

علمِ اصول میں مباحث کی باریک بینی سے تحقیق اور پیچیدہ استدلالات پیش کرنے کے باعث آپ نے حوزہ علمیہ کے ممتاز اساتذہ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ تاہم 2018ء میں علالت کے باعث آپ کے تمام تدریسی دروس معطل کر دیے گئے۔

علمی منہج اور فقہی مبانی

حضرت آیت اللہ وحید خراسانی کا فقہی منہج کتاب ’’عروۃ الوثقیٰ‘‘ کے دلائل اور اس کی شروح کے دقیق مطالعہ پر استوار تھا۔ آپ کے فقہی مبانی کی تشکیل میں شہید اول، شہید ثانی، محقق کرکی اور صاحبِ جواہر جیسے فقہائے کرام کی علمی تصانیف اور آراء کو نمایاں اہمیت حاصل تھی۔

متأخر فقہاء میں محقق سبزواری، شیخ انصاری، سید عبدالہادی شیرازی، سید محسن حکیم اور آپ کے ممتاز استاد آیت اللہ سید ابوالقاسم خوئی کو بھی آپ کے فقہی نقطۂ نظر پر اثرانداز ہونے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔

آپ کے علمی منہج کی نمایاں خصوصیت عقلی استدلالات اور نقلی دلائل کا امتزاج تھا۔ آپ کے فقہی مباحث میں دقیق اور بعض اوقات پیچیدہ اصولی تحقیقات شامل ہوتیں جبکہ احادیث اور نقلی دلائل کی جانب توجہ اور ان سے وابستگی بھی آپ کے فقہی استنباط میں خصوصی اہمیت رکھتی تھی۔

مرجعیت کی ذمہ داری اور علمی سرگرمیوں کا تسلسل

1373 ہجری شمسی (1994ء) میں آیت اللہ محمد علی اراکی کی رحلت کے بعد حوزہ علمیہ قم میں جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم نے آیت اللہ وحید خراسانی کا نام بھی متعدد دیگر ممتاز فقہاء کے ہمراہ مرجعِ تقلید کے طور پر پیش کیا۔

اس کے بعد آپ نے تدریس، شرعی مسائل کے جوابات اور مرجعیت سے متعلق علمی و انتظامی امور کی انجام دہی کا سلسلہ جاری رکھا۔ فقہ و اصول کے تخصصی مباحث کے علاوہ قرآن کریم، حدیث اور معارفِ اہل بیت علیہم السلام بھی آپ کی تقاریر اور علمی سرگرمیوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔

شاگردوں کی تربیت اور نئی علمی نسل کی پرورش

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے طویل تدریسی دور میں حوزہ علمیہ کے بے شمار طلبہ اور فضلا نے آپ کے دروس میں شرکت کی اور آپ کے علمی و فقہی مباحث سے استفادہ کیا۔

آپ کے معروف شاگردوں میں آیات عظام اور حجج اسلام محمد مہدی شب زندہ دار، سید علی میلانی، سید محمد رضا مدرسی یزدی، سید محمد جواد علوی بروجردی، میر سید محمد یثربی، محسن وحید خراسانی اور صادق آملی لاریجانی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔

بڑی تعداد میں شاگردوں کی تربیت اور متعدد نسلوں پر مشتمل حوزوی علماء و محققین کی علمی پرورش آپ کی علمی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔

تحصیل، تدریس اور مرجعیت پر مشتمل ایک مسلسل علمی سفر

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی کی علمی زندگی کا سفر حوزہ علمیہ مشہد میں تعلیم سے شروع ہوا، نجف اشرف کے ممتاز اساتذہ سے کسبِ فیض اور وہاں برسوں تدریس کے مراحل سے گزرا اور بالآخر حوزہ علمیہ قم میں مستقل قیام، درسِ خارج فقہ و اصول اور مرجعیت کی ذمہ داریوں تک پہنچا۔

طویل عرصہ تک تدریس، فقہی و اصولی مباحث میں غیر معمولی دقت، گزشتہ فقہاء کے علمی ورثہ سے استفادہ اور بے شمار شاگردوں کی تربیت آپ کی علمی زندگی کے اہم پہلو ہیں۔ ان خدمات نے آیت اللہ وحید خراسانی کو معاصر شیعہ فقہ و اصول کی معروف شخصیات میں نمایاں مقام عطا کیا۔

بالآخر حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی نے عمر بھر اہل بیت علیہم السلام کی معارف و تعلیمات کے فروغ کے لیے علمی جدوجہد اور خدمات انجام دینے کے بعد 7 جمادی الثانی 1448 ہجری، بمطابق 26 آبان 1405 ہجری شمسی / 17 نومبر 2026ء کو داعیِ اجل کو لبیک کہا۔ یقینا ان کی رحلت حوزات علمیہ اور عالمِ تشیع کے لیے ایک عظیم علمی و دینی نقصان ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha