پیر 23 نومبر 2026 - 19:57
قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

حوزہ/ معروف محقق مولانا ابن حسن املوی واعظ کا مقالہ جو انٹرنیشنل سیمینار درگاہ عالیہ مشہد ہند سمانہ پنجاب میں پڑھا گیا,مکمل متن ہدیہ قارین ہے۔

تحقیق و تحریر: محقق و مصنف و مبلغ حجۃ الاسلام عالی جناب مولانا ابن حسن املوی، واعظ بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر ۔املو مبارکپور،ضلع اعظم گڑھ (یو پی) انڈیا

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

وَ مَا كَانَ عَطَآءُ رَبِّكَ مَحْظُوْرًا (پارہ:15، بنی اسرائیل:20)’’اور تمہارے رب کی عطا پر کوئی روک نہیں‘‘

عزیزان گرامی ! صدیوں سے انسان نے فطرت کے مختلف مناظر کو اپنے خیالات و جذبات کے کیمرہ میں قید کیا ہوا ہے۔جس سے انکار یا انحراف ممکن نہیں ہے۔

جیسے دریا و سمندر کے تصور سے خیال پیدا ہوتا ہے کہ ان میں نعمتوں کے اتھاہ خزانے ،بے پناہ رزق،شاندار زینت، اور سفرو تجارت کے بے شمار مواقع و ذرائع ہیں۔

۔ آسمان کی وسعتوں کو دیکھ کر کائنات کی لامحدودیت کا احساس ہوتا ہے۔

۔ اونچے اونچے پہاڑ قدرتی طور پر ثابت قدمی اور وقار کی علامت سمجھے جاتے ہیں ۔

۔ درختوں کی جڑیں استقامت اور زندگی سے جڑے رہنے کا پیغام دیتی ہیں۔

۔ چمکتا ہوا سورج امید،توانائی اور نئی شروعات کی علامت ہے جو تاریکی کے بعد روشنی کی یقین دہانی کراتا ہے۔

فرشتوں کا تصور انسانی ذہن میں ہمیشہ سے نور،پاکیزگی ،بے گناہی اور مکمل اطاعٹ خداوندی کی علامت رہا ہے۔

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

اسی طرح جب ہم امبیاء،ائمہ، اور اولیائے خدا کی ذوات مقدسہ کا تصور کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں فوراً معجزات،کرامات اور خرق عادت واقعات کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ویسے ہی جب بھی کہیں بھی کوئی بھی روضہ،مزاریا درگاہ نظر آتی ہے یا کسی اولیاءاللہ کا ذکر ہوتا ہے تو بادی النظر میں اس سے متعلق کراماتی واقعات کی تلاش و جستجو کا ذوق و شوق ذہن میں ہلچل پیدا کردیتا ہے۔اسی تحقیقی ذوق و شوق کی تسکین و تسلی کے لئے ہم نے اپنے مقالہ کا عنوان قرار دیا ہے قرآن کریم اور حدیث وتاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اورسمانہ ( ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت و کرامت۔ (1) (2)

واضح رہے کہ کائنات میں جتنی بھی چیزیں ہیں سب خداوند رحیم و کریم کی نعمت ہیں ۔اور لاتعداد و بے شمار ہیں،قرآن مجید میں ارشاد ہورہا ہے :۔﴿ وَإِن تَعُدُّواْ نِعۡمَةَ ٱللَّهِ لَا تُحۡصُوهَآۗ إِنَّ ٱللَّهَ لَغَفُورٞ رَّحِيمٞ ﴾[ النحل: 18] "اور اگر تم اللہ کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہو توہرگز شمار نہیں کر سکتے، بیشک اللہ بہت بخشنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔"

کائنات میں جس کے پاس جو کچھ بھی چیزہے وہ سب اللہ کی عطا کردہ ہے۔جس کے پاس مال ہے تو یہ اللہ کی عطا ہے۔جس کے پاس اولاد ہے تو یہ اللہ کی عطا ہے۔جس کے پاس جاہ و منصب ہے تو یہ اللہ کی عطا ہے۔جس کے پاس اقتدار و حکومت ہے تو یہ اللہ کی عطا ہے۔جس کے پاس علم و فن ہے تو یہ اللہ کی عطا ہے۔مختصر یہ کہ زندگی بھی اللہ کی عطا ہے اور موت بھی اللہ کی عطا ہے۔

معلوم ہوا کہ اللہ کی عطا میں کوئی رَوْک ٹوک نہیں، اللہ جسے جتنا چاہے عطا فرمائے، جو چاہے عطا فرمائے۔ اگر اللہ اپنے محبوب بندوں کو بےپناہ طاقتیں اور کرامات عطا فرمائے تو کسی کی کیا مجال کہ اللہ کی عطا اور قدرت پر اعتراض کرے۔

اس لئے کرامت کا انکار کرنااصل میں کرامت کا اِنْکار نہیں بلکہ اللہ کی عطا اور اس کی قُدْرت کا انکار ہے۔انّ اللہ علیٰ کل شیٔ قدیر’’بے شک اللہ ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے‘‘۔ بیشک کرامت حق ہے اوراولیائے کرام سے بہت ساری کرامات کا ظُہور بھی ہوا ہے ، ہوتا ہے اور ہوتا رہے گا۔

آج دنیا بھر میں ہندو ستان و پاکستان سمیت بہت سے ممالک میں خاص کر اسلامی جمہوری ایران میں یکم ؍ذیقعدہ یوم ولادت حضرت فاطمہ معصومہ تا ۱۱؍ذیقعدہ یوم ولادت حضرت امام رضا علیہ السلام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ’’عشرہ کرامت‘‘ منایا جاتا ہے۔ کیا یہ ’’کرامت ‘‘ کی عظمت و اہمیت سمجھنے کے لئے کافی ثبوت نہیں ہے۔آئیے قرآن کی روشنی میں کرامت کے واقعات ملاحظہ کریں۔

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

قرآنِ کریم میں کرامات کا ذِکْر:

1. اصحابِ کہف کا واقعہ (سورۃ الکہف)• کرامت: نوجوانوں کا غار میں صدیوں (309 سال) تک سوئے رہنا اور اس دوران اللہ تعالیٰ کا سورج کی روشنی اور رخ کو ان کے موافق کر دینا کہ سورج طلوع ہوتے وقت ان کے غار سے دائیں جانب جھک جاتا اور غروب ہوتے وقت بائیں جانب ہٹ جاتا تاکہ دھوپ ان کے جسموں کو نہ لگے۔

۔2. حضرت مریمؑ کا واقعہ (سورۃ آل عمران)• کرامت: حضرت زکریا علیہ السلام جب بھی حضرت مریمؑ کے حجرے (محراب) میں جاتے تو ان کے پاس بے موسمی اور غیب کا رزق پاتے۔ سردیوں میں گرمیوں کے پھل اور گرمیوں میں سردیوں کے پھل موجود ہوتے۔ پوچھنے پر حضرت مریمؑ فرماتیں کہ یہ اللہ کے پاس سے ہے۔

.3. حضرت آصف بن برخیاؑ کا واقعہ (سورۃ النمل - حضرت سلیمانؑ کا دربار)• کرامت: ملکہ بلقیس کا تخت یمن سے فلسطین (یا بیت المقدس) میں حضرت سلیمانؑ کے پاس لانے کا ذکر ہے۔ ایک شخص (آصف بن برخیا، جنہیں اسمِ اعظم کا علم تھا) نے پلک جھپکنے سے بھی پہلے اتنی بڑی اور وزنی چیز میلوں دور سے حاضر کر دی۔ (3)

4. حضرت موسیٰؑ اور حضرت خضرؑ کا واقعہ (سورۃالکھف)• کرامت: حضرت خضرؑ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے خا ص ’’علمِ لدنی‘‘ اور بعض ایسے امور پر قدرت عطا ہونے کا ذکر ہے جو عام انسانی عقل اور ظاہری اسباب سے بالاتر تھے۔

کرامت کا مفہوم اور شرعی حیثیت• کرامت کیا ہے؟ کرامت ایسے خارقِ عادات واقعے کو کہتے ہیں جو کسی نبی و امام معصوم کے علاوہ کسی نیک اور متقی ولی کے ہاتھ پربھی صادر ہو۔ معجزہ اور کرامت میں فرق یہ ہے کہ معجزہ دعویِٰ نبوت و امامت کے ساتھ ظاہر ہوتا ہے، جبکہ کرامت ولی خدا کی صداقت اور اللہ کے قرب کی علامت ہوتی ہے۔

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

شیعوں کے بعض اہم آثار جن میں ائمہ کی کرامات کو جمع کیا گیا ہے درج ذیل ہیں:

۔منتہی الآمال میں ابن شہر آشوب کے حوا لہ سے منقول ہے کہ حضرت عسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چارہزار چار چالیس (۴۴۴۰)معجزات و کرامات ظہور پزیر ہوئے جن میں سے صرف تین ہزار (۳۰۰۰)ذکر کئے گئے ہیں۔

۔سید ہاشم بحرانی کی کتاب مدینۃ المعاجز لآئمۃ الاثنی عشر یہ کتاب شیعوں کے ائمہ کی کرامات کے بارے میں ہے۔ اس کتاب کے 12 باب ہیں اور مولف نے ہر باب میں ایک امام کے کرامات کو بیان کیا ہے۔ اس کتاب میں 2606 کرامات اور معجزے بیان ہوئے ہیں اور 8 جلدوں میں شائع ہوئے ہیں۔[37]

۔شیخ حر عاملی کی کتاب اثبات الہدا بالنصوص و المجزات (ج ،3،4،5) اس کتاب میں ہر امام کی امامت سے مربوط روایات کو نقل کرنے کے بعد ہر امام کے معجزات اور کرامات کو ایک مستقل باب میں بیان کیا گیا ہے۔

۔الخرائج و الجرائح جس کے مصنف قطب الدین راوندی ہیں۔ بیس ابواب میں سے تیرہ ابواب پیغمبر اکرم ﷺ اور ائمہ ؑ کے کرامات اور معجزات سے مخصوص ہیں۔ یہ کتاب فارسی میں (کفایۃ المؤمنین فی معجزات الأئمۃ المعصومین) نام سے شائع ہوئی ہے۔

۔الھدایۃ الکبری چودہ معصومین ؑ کی زندگی اور کرامات سے متعلق ہے۔ اس کے مصنف حسین ابن ہمدان خصیبی (وفات 346 ھ) ہیں۔ یہ نہایت قدیم کتاب ہے جو ائمہؑ کی امامت کو ثابت کرتی ہے اور اس میں ہر امام کے معجزات و کرامات کو بھی نقل کیا گیا ہے۔

۔عیون المعجزات میں حسین ابن عبد الوہاب نے بالترتیب ائمہؑ کی روایات اور کرامات کو ہر امام ؑسے بیان کیا ہے۔

۔ایک کتاب نوادر المعجزات فی مناقب الائمۃ الہداۃ ہے جس کے مولف محمد بن جریر طبری صغیر پانچویں صدی کے شیعہ عالم ہیں۔مولف نے تیرہ ابواب کو ائمہ طاہرین اور حضرت زہراؑ کے معجزات اور کرامات کو نقل اور جمع کیا ہے۔

۔علامہ مجلسی نے بھی بحار الانوار کی بعض جلدوں (41،42،46،48،49،50) میں ائمہؑ کی کرامات کو نقل کیا ہے.

تاریخ شاہد ہے کہ ایران و عراق اور سرزمین عرب سے ہجرت کرکے ہندوستان میں آکر آباد اور شہید ہونے والے متعدد ایسے خدا کے بندوں کی خاصی طویل فہرست ہے جنھوں نے ہندوستان میں آکر ملک و ملت اور قوم و مذہب کی ایسی شاندار خدمات انجام دیں کہ ان کی درگاہیں آج زیارت گاہ خلائق بنی ہوئی ہیں۔ان ہی میں ایک اسم مبارک شیعوں کے آٹھویں امام حضرت علی رضا کے فرزند حضرت علی ولی (4) ( المعروف امام مشہد )کا ہے۔

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

سمانہ ( ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت:

کتاب ’’تاریخ فرشتہ‘‘مولف محمد قاسم فرشتہ اور دیگر تاریخی شواہد کی روشنی میں پنجاب کے شہر پٹیالہ سے 28 کلو میٹر دور ایک تاریخی قصبہ جسکا نام سمانہ ہے۔ جسکو اب’’ مشہد ہند‘‘ بھی کہا جانے لگا، کیونکہ اس سرزمین پر شیعہ فرقہ کے آٹھویں امام حضرت علی رضا علیہ السلام کے فرزند حضرت علی ولی ( معروف بہ امام مشہد ) دفن ہیں۔تاریخی حوالوں سے ملتا ہے کہ امام رضا علیہ السلام کو جب عباسی سلطنت کے بادشاہ مامون رشید لعین نے زہر دیکر شہید کر دیا اورانکے خاندان کے دوسرے لوگوں کا بھی جینا محال کیا تو امام علی رضا علیہ السلام کے بیٹے حضرت علی ولی اپنے کنبے کے ہمراہ مشہد شہر ایران سے ہجرت کر کے نویں صدی میں ہندوستان آ گئے اور پٹیالہ کے پاس ایک ویران مقام پر آکر ٹھہرے۔ پٹیالہ اس وقت تھانیسر کے راجہ کے ماتحت تھا۔راجہ نے اپنے سپاہیوں کو بھیج کر معلوم کیا کہ کون لوگ آئے ہیں تو سپاہیوں نے بتایا کہ ایران سے آئے ہوئے کچھ مہاجر سادات ہیں جنکے ساتھ عورتیں اور بچے بھی ہیں اور ان سے تھانیسر کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، یہ سنکر تھانیسر کے حکمران نے انکو وہیں رہنے دیا ۔جسکے بعد حضرت علی ولی نے آس پاس کے لوگوں سے زمین خرید کر اس جگہ کو اپنا گھر بنایا اور ایک نئی بستی آباد کی جسکا نام انہوں نے اپنی والدہ حضرت سمانہ خاتون کے نام پر سمانہ رکھا۔ اس سے پہلے تک شمالی ہندوستان میں مسلمان کہیں آباد نہیں تھے ۔ سمانہ شمالی ہندوستان کی پہلی مسلم بستی تھی ۔ تاریخ دانوں کا ماننا ہے کہ محمد غوری کے حملے سے پہلے جب حضرت خواجہ معین الدین چشتی بھارت آئے تو وہ کچھ دن سمانہ میں بھی رکے تھے کیونکہ اس وقت تک سمانہ علم و فضل کی ایک مشہور بستی بن چکا تھا ۔

2005 میں پنجاب پولس کے اے ڈی جی اظہار عالم تھے تو انکے پاس ایک سکھ انسپکٹر آیا اور اس نے انہیں اس درگاہ کے بارے میں بتایا، اظہار عالم صاحب اس وقت پنجاب وقف بورڈ کے سی ای ا و بھی تھے، انہوں نے وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر صادق حسین نقوی سے کہا کہ وہ درگاہ پر جائیں اور پتہ لگائیں کہ یہ کس کی درگاہ ہے ۔

جب صادق حسین نقوی، مشہور شاعر پروفیسر ناشر نقوی اور وقف بورڈ کے دوسرے ممبروں کے ساتھ وہاں پہنچے تو انہیں قبر کے پاس کی دیوار میں ایک پتھر پر لکھا کتبہ ملا جس سے معلوم ہوا کہ وہاں امام زادے حضرت علی ولی امام مشہد مدفون ہیں ‘‘۔

معروف اردو صحافی جناب شکیل شمسی نے لکھا ہے:

’’اس درگاہ کے ملنے کی جب خبر پھیلی تو اتر پردیش ، پنجاب اور ہریانہ کے شیعہ یہاں آنے لگے اور اس وقت گورنر کے مشیر حسنین آزاد زیدی اور دوسرے مومنین کی کوششوں سے سمانہ میں انجمن بنی،علم کا جلوس نکلا، محفل ہوئی اور مجلسیں بھی ہونے لگیں لیکن مزار سے کچھ فاصلے پر جو مسجد تھی اس کا قبضہ ملنے میں تین سال لگ گئے اور یہ اس وقت ممکن ہوا جب ۲۰۰۸ میں پاکستان سے ایک وفد وہاں کے پنجاب ہائی کورٹ کے جسٹس سید شبر رضا رضوی اور مولانا سید حسن ظفر نقوی کی قیادت میں سمانہ پہنچا تو پنجاب کی حکومت نے مسجد کو بھی بحال کر دیا اور وہاں ٦۱ سال بعد اذان اور نماز ہوئی، پھر وہاں شام کو ایک مجلس عزا منعقد ہوئی جس کو مولانا حسن ظفر نقوی نے خطاب کیا۔ (5)

اب دور دور سے شیعہ سمانہ میں آنے لگے ہیں حالانکہ وہاں مومنین کی آبادی بالکل نہیں کے برابر ہے ،مشکل سے بیس بائیس افراد وہاں مقیم ہیں۔خدا کے فضل سے اور انجمن والوں کی محنت کے باعث وہاں تعمیری کام بہت ہوا ہے، ایک گیسٹ ہائوس بن گیا ہے، ایک ہال بھی بنا ہے اور ایک امام صاحب کے قیام کے لئے ایک چھوٹا سا فلیٹ بھی بن گیا ہے۔ جو لوگ سمانہ جانا چاہتے ہیں وہ پٹیالہ سے سمانہ جاسکتے ہیں دہلی سے پٹیالہ کا فاصلہ ۲۵۰ کلومیٹر ہے۔اس کے علاوہ دہلی سے ہریانہ کے شہر کروکشیتر سے ہوکر ایک راستہ پیہوا اور چیکا ہو کر بھی جاتا ہے جو تھوڑا کم ہے۔ اس سال وہاں 19 اور 20 نومبر کو پروگرام ہے، مومنین کو وہاں جانا چاہئیے کیونکہ ہندوستان میں یہ ایک اکیلی ایسی درگاہ جسمیں ایک امام زادے کی قبر مبارک ہے‘‘ ۔

اولیاء، اہلِ بیتؑ، علما اور صالحین کے مزارات و مقامات کی زیارت کا حکم:

اہل ِ بیتِ اطہار، اولیاء، علما اور صالحین کے مزارات کی زیارت، ان کے آستانوں پر دعا کرنا، اور اللہ تعالیٰ کی رحمت و برکت ان کے وسیلے سے حاصل کرنے کے لیے جانا کتاب و سنت سے ثابت اور مشروع ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿قَالَ الَّذِينَ غَلَبُوا عَلَى أَمْرِهِمْ لَنَتَّخِذَنَّ عَلَيْهِمْ مَسْجِدًا﴾ترجمہ: جن لوگوں کو ان کے معاملے پر غلبہ حاصل ہوا، انہوں نے کہا: ہم ان (صالحین) کے اوپر ایک مسجد بنائیں گے۔[الكهف: 21]۔ اس آیتِ کریمہ نے صالحین کی قبور پر ان کی عبادت و بندگی کی برکت حاصل کرنے کے لیے مسجد بنانے کو مشروع قرار دیا ہے، جیسا کہ بہت سے مفسرین نے اس پر تصریح فرمائی ہے۔

قبرستان میں جانا ،اگر ماں باپ وفات پاچکے ہوں تو ان کی قبروں پر جانا اور رشتہ داروں سمیت عالم دین و نیک و صالح بندوں کی قبروں پر جانا اور وہاں اللہ سے دعاء کرناحاجت طلب کرنا متعدد صحیح احادیث و روایات سے ثابت ہے۔

قرآن کریم اور حدیث و تاریخ کی روشنی میں کرامت کا ثبوت اور سمانہ (ثمانہ)کی درگاہ کی حقیقت وکرامت

سمانہ (ثمانہ) درگاہ سے متعلق کرامات کےچند مشہور واقعات:

کرامات کسی شخصیت کی باطنی عظمت اور روحانی مرتبے کا آئینہ دار ہوتی ہیں جو لوگوں کو ان کے اصل مقام سے متعارف کراتی ہیں۔اور دوستان خدا کی شخصیات بلا شبہ کرامات کا مظہر ہوتی ہیں۔

کتاب ’’تذکرہ وشجرہ زیدی ساداتِ سامانہ‘‘ترتیب و تالیف جدید سید اشتیاق علی زیدی اور حوزہ نیوز کی راشنی میں سمانہ (ضلع پٹیالہ، پنجاب) کی تاریخی درگاہ، جسے درگاہِ عالیہ مشہدِ ہند اور مقامی طور پر "پنج پیر مزار" بھی کہا جاتا ہے، امام زادہ حضرت سید مشہد علی (فرزندِ امام علی رضا علیہ السلام) سے منسوب ہے۔ مقامی روایات اور حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق اس مزار کے تحفظ اور روحانی فیوض سے جڑے کئی کراماتی واقعات مشہور ہیں:۔

• ظالم بادشاہ کے قلعے کا الٹ جانا (امام گڑھ کا واقعہ): مقامی روایات کے مطابق جب امام زادہ حضرت مشہد علی نویں صدی عیسوی میں یہاں تشریف لائے تو علاقے کے باشندوں نے مقامی حکمران کے ظلم و ستم کی شکایت کی۔ روایت ہے کہ آپ کے تین بار سمجھانے کے باوجود جب وہ حکمران باز نہ آیا تو اس کا قلعہ زمین بوس ہو گیا یا الٹ گیا، اور درگاہ کے سامنے واقع یہ مقام آج بھی "امام گڑھ" کہلاتا ہے۔۔ (6)

• مزار پر غیر شرعی قبضے کی کوشش اور چھت گرنے کا واقعہ: 1947ء کی تقسیمِ ہند کے بعد جب سمانہ سے مسلم آبادی ہجرت کر گئی اور درگاہ ویران ہو گئی، تو کچھ افراد نے مزار کی جگہ پر اپنی عبادت گاہ تعمیر کرنے کی کوشش کی۔مگر جب بھی وہاں نئی چھت ڈالی جاتی تو وہ خود بخود گر جاتی، جس کے بعد ان لوگوں نے اس جگہ کو چھوڑ کر کچھ فاصلے پر تعمیر کر لی۔

• شیر کی موجودگی اور مزار کی حفاظت: مقامی لوگوں میں یہ روایت عام ہے کہ 1947ء کے بعد جب درگاہ کا کوئی متولی نہیں رہا تو اکثر ایک شیر مزار کے قریب آ کر بیٹھا رہتا تھا، جس کے خوف سے شرپسند عناصر مزار کو نقصان پہنچانے یا وہاں جانے کی جرات نہیں کرتے تھے۔

۔• لینڈ مافیا کے قبضے کی ناکامی: مقامی روایات کے مطابق چند دہائیاں قبل ایک بااثر شخص نے درگاہ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی، لیکن جلد ہی وہ اپنے خاندان سمیت مخالفین کے ہاتھوں مارا گیا اور مزار کی زمین محفوظ رہی۔۔

• صدیوں بعد مزار کی دوبارہ دریافت: 2005ء میں پنجاب وقف بورڈ اور پاکستان کے جسٹس سید شبر رضا رضوی کی کوششوں سے قبر کے پاس دیوار پر نصب ایک قدیم فارسی کتبے (967 ہجری، عہدِ اکبری) کی صفائی کے ذریعے اس مزار کی اصل شناخت دوبارہ منظرِ عام پر آئی، جس کے بعد یہاں باقاعدہ مجالس اور زائرین کی آمد کا سلسلہ بحال ہوا۔

تاریخی پس منظر:• تسمیہ: روایات کے مطابق حضرت مشہد علی نے یہ بستی آباد کر کے اس کا نام اپنی والدہ محترمہ حضرت سمانہ خاتون کے نام پر ’’سمانہ‘‘ رکھا تھا۔

• مذہبی ہم آہنگی: یہاں ہر مذہب کے عقیدت مند حاضری دیتے ہیں اور درگاہ کی تاریخ میں درج ہے کہ تقسیمِ ہند کے بعد مقامی سکھ اور ہندو باشندوں نے طویل عرصے تک اس مقام کا احترام اور تحفظ کیا۔

آخر میں اب میںسمانہ (ثمانہ) ایسی پررونق بستی اور متبرک درگاہ کے بانی مبانی امام زادہ حضرت علی ولی معروف بہ امام مشہد کی خدمت میں نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے خواجہ شایان حسن چشتی کا شعر پیش کرتے ہوئے رخصت چاہتا ہوںَ:۔

علی زادے شریعت کو یزیدوں سے سے بچاتے ہیں

علی ؑ کے لاڈلے ہی کر بلا میں کام آتے ہیں

ملاحظہ ہوں کتب:

.کتاب تذکرہ و شجرہ زیدی سادات سامانہ:ترتیب و تالیف جدید سید اشتیاق علی زیدی

.کتاب تاریخ فرشتہ :تصنیف محمد قاسم فرشتہ

.کتاب شہزادہ امام اور سامانہ:تالیف ڈاکٹر ناشر نقوی.

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha