اتوار 22 نومبر 2026 - 22:13
بین الاقوامی سیمینار،سمانہ پنجاب میں امام مشہد علیؑ کے تاریخی مقامِ مدفن پر مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی کا تحقیقی مقالہ

حوزہ/ معتبر تاریخی منابع کی روشنی میں سادات کی ہجرت اور امام علی رضا علیہ السلام کے فرزندان کے مدفن پر مدلل گفتگو، اہلِ علم اور حاضرین کی بھرپور پذیرائی

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سمانہ، پنجاب/ مزار امام مشہد علی، سمانہ پنجاب، ہندوستان میں منعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی نے ایک جامع اور مدلل تحقیقی مقالہ پیش کیا، جس میں امام علی رضا علیہ السلام کے فرزندان کی تعداد، ان کے مقاماتِ مدفن اور ہندوستان میں سادات کی ہجرت کے تاریخی اسباب و عوامل پر روشنی ڈالی گئی۔

بین الاقوامی سیمینار،سمانہ پنجاب میں امام مشہد علیؑ کے تاریخی مقامِ مدفن پر مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی کا تحقیقی مقالہ

مولانا نے دقیق تاریخی منابع اور مستند حوالہ جات کی بنیاد پر امام علی رضا علیہ السلام کے چھ فرزندان اور ان کے مدفن سے متعلق تحقیقی نکات پیش کیے۔ مقالے کا ایک اہم حصہ امام سید علی، معروف بہ امام مشہد علی، کے مزارِ مبارک سمانہ پنجاب سے متعلق تھا، جس میں مقالہ نگار نے تاریخی شواہد کی روشنی میں آپ کے مدفن اور ہندوستان میں سادات کی آمد و سکونت کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں سادات کی ہجرت کے اسباب اور ان کے مختلف مقامات پر قیام کا بھی ذکر کیا۔

مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی ایک عالمِ دین، محقق، مؤلف، خطیب اور سماجی خدمت گزار ہیں۔ آپ انٹرنیشنل نور مائیکروفلم سینٹر، ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کے شعبۂ تحقیق و تالیف کے رکن، نمایندگیِ رہبرِ معظمِ انقلابِ اسلامی ایران کے گروہِ شورای نشر کے رکن اور اے ایم آر میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ، دہلی کے صدر ہیں۔ آپ علمی و تحقیقی سرگرمیوں، دینی و تاریخی موضوعات پر تصنیف و تالیف، تبلیغ و خطابت اور خدمتِ خلق کے میدان میں مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔

آپ کے علمی و تحقیقی آثار میں تاریخ انجمن وظیفہ سادات و مؤمنین (دو جلدیں)، اجازات علمائے ہند (دو جلدیں)، تاریخ پھندیڑی سادات، حکم کفار از نظر طہارت و نجاست، شجرہ سادات اور دایرة المعارف (دو جلدیں) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف علمی، دینی، تاریخی اور سماجی موضوعات پر آپ کے تحقیقی مقالات اور تحریریں بھی قابلِ ذکر ہیں۔ ان دنوں آپ ’’ہندوستانی شیعہ انجمنیں: تاریخ، خدمات اور سماجی اثرات‘‘ کے عنوان سے ایک اہم تحقیقی کتاب پر کام کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی سیمینار،سمانہ پنجاب میں امام مشہد علیؑ کے تاریخی مقامِ مدفن پر مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی کا تحقیقی مقالہ

سیمینار میں مولانا کی علمی و تحقیقی گفتگو کو اہلِ علم، صاحبانِ قلم اور حاضرینِ مجلس نے نہایت دلچسپی اور سنجیدگی سے سنا۔ مقالے کے تاریخی استدلال اور حوالہ جاتی انداز کو سراہا گیا، جبکہ سادات کی ہجرت اور ہندوستان میں ان کے تاریخی مراکزِ سکونت سے متعلق گفتگو نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔

اس موقع پر مولانا نے مجالسِ عزا کے علمی و فکری مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کا ذکر سننے والا مجمع کسی پروفیسر، دانشور یا علمی و ادبی شخصیت سے کم نہیں ہوتا، کیونکہ مجالسِ عزا علم و معرفت کی ایسی درس گاہیں ہیں جو کسی یونیورسٹی سے کم نہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مومنین کے عمومی مجمع میں اس نوعیت کی سنجیدہ علمی گفتگو کو جس توجہ اور دلچسپی سے سنا گیا، وہ مجالسِ عزا کے علمی و فکری اثرات کی روشن مثال ہے۔ اہلِ علم کی جانب سے دادِ تحسین اور حاضرین کی بھرپور توجہ ایک نو عمر محقق کی علمی کاوش اور تحقیقی کامیابی کے لیے حوصلہ افزا سند ہے۔

سیمینار میں مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی کی علمی و تحقیقی خدمات اور پیش کردہ مدلل مقالے کے اعتراف میں پنجاب وقف بورڈ، حکومتِ پنجاب اور امام مشہد علی کمیٹی کی جانب سے انہیں اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز مولانا کی تحقیقی کاوشوں کی قدردانی اور تاریخی و علمی موضوعات پر ان کی سنجیدہ خدمات کا اعتراف ہے۔

بین الاقوامی سیمینار،سمانہ پنجاب میں امام مشہد علیؑ کے تاریخی مقامِ مدفن پر مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی کا تحقیقی مقالہ

بین الاقوامی سمینار کے کنوینر، عالیجناب پروفیسر ڈاکٹر ریحان رضوی صاحب، نیز امام مشہد علیؑ سمانہ، پنجاب کی کمیٹی، بالخصوص جنرل سیکریٹری جناب شبیر عباس صاحب، چیرمین جناب ضیغم عباس ایڈووکیٹ صاحب اور کمیٹی کے دیگر تمام ممبران و عہدہ داران لائقِ تحسین و مبارک باد ہیں کہ انہوں نے اس اہم علمی سمینار کا انعقاد کرکے نہ صرف ایک قابلِ قدر علمی و تحقیقی روایت کو فروغ دیا، بلکہ اہلِ علم و تحقیق کو فکر و دانش کے نئے افق عطا کیے۔ یقیناً یہ سمینار علمی، تاریخی اور فکری اعتبار سے ایک اہم پیش رفت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha