حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، حیدرآباد پاکستان کے زیرِ اہتمام عالمِ اسلام کے عظیم فلسفی، مفکر اور معلمِ ثانی ابو نصر فارابی کی علمی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 21 نومبر 2026ء کو ایک خصوصی علمی و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز ایران اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ تقریب کے میزبان، ثقافتی اتاشی قونصلیٹ جنرل اور ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، حیدرآباد ڈاکٹر سعید ہاشمی نے افتتاحی خطاب میں نشست کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ابو نصر فارابی کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی باقاعدہ علمی نشست ہے، جسے علمی و ادبی شخصیات کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارابی کے افکار آج بھی انسانی معاشرے میں امن، حکمت اور فکری ارتقا کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعید ہاشمی نے کہا کہ یومِ فلسفہ و حکمت اور عظیم فلسفی ابو نصر فارابی کی یاد میں اس نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں اہلِ علم و دانش، اساتذہ، جامعات کے اساتذہ اور علمی و ادبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے بالخصوص ایران سے ڈاکٹر علیرضا حسینی کی آن لائن شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابو نصر فارابی کی علمی و فلسفیانہ خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی اہم تصنیف ’’احصاء العلوم‘‘ کا تعارف بھی پیش کیا۔
دیگر مقررین نے بھی فلسفۂ سیاست اور علمی دنیا میں فارابی کے مقام و مرتبے پر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی ایسی علمی، ثقافتی اور فلسفیانہ نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔
نشست کے دوران مقررین اور محققین نے ابو نصر فارابی کی زندگی، افکار و نظریات اور بالخصوص فلسفہ، منطق اور حکمت کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

بین الاقوامی جامعہ امام خمینی، قزوین، ایران کے شعبۂ عربی زبان و ادب کے رکنِ تدریس اور غیر فارسی زبان بولنے والوں کے لیے مرکزِ آموزشِ زبان فارسی کے سربراہ ڈاکٹر علیرضا حسینی نے ایران سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے فارابی کی حیات، ان کے فلسفیانہ نظام، حکمت پر مبنی نظریات اور شہرۂ آفاق تصنیف ’’احصاء العلوم‘‘ کا تفصیلی اور مدلل تعارف پیش کیا۔
جامعہ سندھ، جامشورو کے ادارۂ سندھ شناسی کے سربراہ ڈاکٹر فیاض لطیف نے ابو نصر فارابی کی علمی و فکری خدمات اور ان کے فلسفیانہ ورثے پر اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، حیدرآباد کے شعبۂ سندھی کے سربراہ اور معروف مصنف ڈاکٹر احسان دانش نے فارابی کے افکار اور عصرِ حاضر میں ان کی معنویت پر جامع گفتگو کرتے ہوئے ان کی علمی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

معروف مصنف اور گورنمنٹ کامرس کالج کراچی کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف سموں نے تاریخِ اسلام اور عالمی فکر پر فارابی کے اثرات کو فارسی اور سندھی زبان میں بیان کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین مولانا نذیر رحمانی نے اسلامی حکمت و فلسفے کے فروغ میں معلمِ ثانی کے بنیادی علمی، صرفی، نحوی اور منطقی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

فلسفہ، علمِ کلام اور منطق کے علمی ورثے کے محقق اور خانہ فرہنگ کے شعبۂ فارسی زبان کے طالب علم حیدر علی صدیقی نے فارابی کی منطقی و کلامی تصانیف اور علمی روایت پر اظہارِ خیال کیا۔
اس علمی و ادبی نشست میں شہر کی نامور علمی و ادبی شخصیات، شعرا، مصنفین اور محققین نے شرکت کی، جن میں سابق پرو وائس چانسلر ڈاکٹر فرمان علی شاہ، صدر اردو لٹریری ایسوسی ایشن محترمہ کنیز فاطمہ اور فاطمیہ فاؤنڈیشن اکیڈمی انسٹی ٹیوٹ کے آغا اورنگزیب شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر ’’امن اور جنگ‘‘ کے موضوع پر شائع ہونے والی میناب کے شہید بچوں سے متعلق کتاب کی باقاعدہ رونمائی کی گئی اور معزز مہمانوں میں اس کے نسخے تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کی اس علمی و ثقافتی کاوش کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی فکری اور علمی نشستوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔










آپ کا تبصرہ