پیر 9 نومبر 2026 - 19:09
ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

حوزہ/اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سید ابوالقاسم رحیمیان کی قیادت میں جامعہ رکن الاسلام حیدرآباد پاکستان کا دورہ کیا اور صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان و صدر جمعیت علمائے پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملاقات میں پاک۔ایران برادرانہ تعلقات کے فروغ، مسئلہ فلسطین، غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم، تحریکِ طوفان الاقصیٰ کے اثرات اور امتِ مسلمہ کے اتحاد سمیت اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایرانی وفد کی قیادت سید ابوالقاسم رحیمیان کر رہے تھے، جو صدرِ جمہوریہ ایران کی کمیٹی برائے حمایتِ انقلابِ اسلامی از مردم فلسطین کے سینئر مشیر اور بین الاقوامی اتحاد برائے نوجوانان و طلبہ کے سیکرٹری جنرل ہیں۔

ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

وفد میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید ہاشمی، کمیٹی برائے حمایتِ مردم فلسطین کی نائب صدر اور انتظامی سیکرٹری پرستو سیفی ناجی، نائب سیکرٹری جنرل و مسؤول امورِ ثقافت حسن لطفی اور نائب سیکرٹری جنرل و مسؤول امورِ لاجسٹک شاپور میکائیل‌زاده قلعہ جوقی شامل تھے۔

ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے ترجمان ڈاکٹر یونس دانش بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران اسرائیل کا غاصبانہ قبضے، غزہ میں جاری مظالم، تحریکِ طوفان الاقصیٰ کے اثرات، بن یامین نیتن یاہو کو درپیش سیاسی چیلنجز، امریکی وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن اور امتِ مسلمہ کو درپیش مسلکی و سیاسی چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام گہرے دینی، تہذیبی اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں۔ موجودہ عالمی صورتِ حال میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تعاون، اعتماد اور روابط کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

انہوں نے تحریکِ طوفان الاقصیٰ اور فلسطینی عوام کی تاریخی مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین محض کسی ایک خطے یا قوم کا مسئلہ نہیں، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ انسانی، اخلاقی اور دینی مسئلہ ہے۔ فلسطینی شہداء کا پاکیزہ لہو عالمِ اسلام سے عملی یکجہتی اور باہمی اتحاد کا تقاضا کرتا ہے۔ امتِ مسلمہ کو مظلومینِ فلسطین کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔

صدر ملی یکجہتی کونسل نے اتحادِ امت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلکی اور گروہی اختلافات کو تصادم اور محاذ آرائی کا ذریعہ بنانے کے بجائے باہمی احترام، مکالمے اور مشترکہ دینی و ملی مقاصد کے حصول کے لیے تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ امتِ مسلمہ کو فرقہ وارانہ کشیدگی سے نکل کر اپنے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران حیدرآباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید ہاشمی نے پاک۔ایران دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے مظلومینِ فلسطین کی حمایت میں پاکستانی عوام کے جذبے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مظلومینِ فلسطین کی حمایت اور ظالم قوتوں کی مخالفت کے حوالے سے پاکستان اور ایران کے عوام اور حکومتوں کا مؤقف یکساں ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کا عوامی و سفارتی کردار قابلِ ستائش ہے۔

وفد کے سربراہ سید ابوالقاسم رحیمیان نے ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی دینی اور ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام اور مظلومین کی حمایت میں ان کی آواز ایک روشن مثال ہے۔ اس دورِ ابتلا میں ان جیسی بااثر اور اتحاد پسند شخصیات کا وجود امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔

ایرانی وفد کی ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات؛ پاک۔ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین اور اتحادِ امت کے فروغ پر تبادلۂ خیال

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مظلوموں کا مقدمہ عالمی ایوانوں میں پوری قوت کے ساتھ پیش کرنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا چاہیے۔

وفد کی نائب صدر پرستو سیفی ناجی نے پاکستانی عوام کے جذبۂ یکجہتی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد آمد کے دوران شہریوں کی گاڑیوں اور گلیوں میں فلسطین کے پرچم دیکھنا ان کے لیے اور مظلوم فلسطینی عوام کے لیے باعثِ تقویت و امید ہے۔

ان کے بقول، یہ سفر اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاکستان کے غیور عوام ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایران و پاکستان اپنے تاریخی مشترکات کی بنیاد پر ہمیشہ شانہ بشانہ رہیں گے۔

ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے ایرانی وفد کے تمام اراکین کو سندھ کی روایتی سوغات ’’لونگی‘‘ پیش کی۔

دونوں جانب سے پاک۔ایران تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مظلومینِ فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha