پیر 9 نومبر 2026 - 16:34
حکیمِ مشرق علامہ اقبال اور علامہ ہروی کی ابتدائی ملاقاتیں

حکیمِ مشرق علامہ اقبال اور علامہ ہروی کی ابتدائی ملاقاتیں

ایک چشم دید گواہ، فاضل محقق محمد بشیر علی لاہور کی یادداشتیں

حوزہ/ آج سے نصف صدی قبل کی بات ہے کہ انارکلی بازار میں ہماری ایک دکان تھی، جو ’’بٹ اینڈ کمپنی‘‘ کے نام سے موسوم تھی۔ اب یہ دکان ختم ہو چکی ہے۔ اس دکان کی بالائی منزل پر علامہ اقبال مرحوم کا دفتر واقع تھا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب علامہ مرحوم اپنی جوانی کے عروج پر تھے اور روزانہ صبح کے وقت اپنی گھوڑا گاڑی پر سوار ہو کر اس وقت کی عدالتِ عالیہ، یعنی چیف کورٹ، جایا کرتے تھے۔ اس زمانے میں بھی آپ نہایت پُروقار شخصیت کے مالک تھے اور قابلِ رشک صحت رکھتے تھے۔

تحریر: سید نثار علی ترمذی

حوزہ نیوز ایجنسی| آج سے نصف صدی قبل کی بات ہے کہ انارکلی بازار میں ہماری ایک دکان تھی، جو ’’بٹ اینڈ کمپنی‘‘ کے نام سے موسوم تھی۔ اب یہ دکان ختم ہو چکی ہے۔ اس دکان کی بالائی منزل پر علامہ اقبال مرحوم کا دفتر واقع تھا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب علامہ مرحوم اپنی جوانی کے عروج پر تھے اور روزانہ صبح کے وقت اپنی گھوڑا گاڑی پر سوار ہو کر اس وقت کی عدالتِ عالیہ، یعنی چیف کورٹ، جایا کرتے تھے۔ اس زمانے میں بھی آپ نہایت پُروقار شخصیت کے مالک تھے اور قابلِ رشک صحت رکھتے تھے۔

انگلستان اور جرمنی میں قیام و تعلیم کے دوران آپ اپنے اجتہادی اور فلسفیانہ مضامین کی بدولت ممتاز اہلِ علم میں عالمگیر شہرت حاصل کر چکے تھے۔ اس کے علاوہ آپ کی تجدیدی شاعری بھی آپ کی شہرت کا ایک اہم سبب تھی، جس نے دنیائے فکر و نظر میں ایک خاص مقام حاصل کر لیا تھا۔

غرض یہ کہ اس زمانے کے بلند پایہ علمی رسالے کے روحِ رواں، سر شیخ عبدالقادر مرحوم، علامہ اقبال کو نہایت عظمت و محبت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ علامہ صاحب کو ملتِ اسلامیہ سے روشناس کرانے میں بھی انہی کو سبقت حاصل تھی۔ یہی چند وجوہات تھیں جن کی بنا پر دور دراز مقامات سے بھی لوگ علامہ صاحب سے ملاقات کے لیے آتے رہتے تھے۔

یہ نووارد مشتاقین انارکلی بازار پہنچتے اور آہستہ آہستہ دریافت کرتے ہوئے اپنی گاڑی ہماری دکان کے سامنے لا کھڑی کرتے۔ وہ ہمیں گویا علامہ صاحب کے دربار کا حاجب سمجھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے آنے جانے والے ہر ملاقاتی کے بارے میں معلوم ہے کہ کون بزرگ تشریف لائے اور کب آئے۔ اگرچہ نواب صاحب کنج پورہ (کرنال)، مولانا شبلی، سر سید علی امام، صاحبزادہ آفتاب احمد اور اسی مرتبے کی دیگر شخصیات بھی تشریف لاتی رہیں، تاہم اس وقت میں صرف حضرت شیخ عبدالعلی ہروی تہرانی کے بارے میں چند گزارشات پیش کرنا چاہتا ہوں۔

غالباً 1910ء کا واقعہ ہے کہ ایک دن نواب فتح علی خان مرحوم کی ذاتی گھوڑا گاڑی ہماری دکان کے سامنے آ کر رکی۔ غنی لالہ، جو اس وقت حضرت شیخ کے ساتھ بطور خادم مقرر تھے، انہوں نے ہم سے علامہ صاحب کے دفتر کا راستہ دریافت کیا۔ دفتر اندرونی ڈیوڑھی سے گزر کر اوپر کی منزل پر واقع تھا۔ اس طرح مجھے حضرت شیخ کے آگے آگے چلنے کا شرف حاصل ہوا۔ جب ہم اوپر پہنچے تو مجھے یوں محسوس ہوا جیسے حضرت شیخ اور علامہ اقبال کیمبرج میں ایک ساتھ رہے ہوں۔ دونوں اس قدر مانوس تھے کہ ایک دوسرے کو دیکھتے ہی ان کے چہرے خوشی سے تمتما اٹھے۔

اس کے بعد حضرت شیخ کے مواعظ اکثر کربلا گامے شاہ میں منعقد ہوتے رہے۔ چونکہ آپ کے وعظ فارسی زبان میں ہوتے تھے، اس لیے ان کا اردو ترجمہ کرنے کی ذمہ داری علامہ اقبال ادا کرتے تھے۔ اس کے بعد میں نے یہ معمول دیکھا کہ حضرت شیخ روزانہ بعد از ظہر تشریف لاتے اور بعد از عصر واپس روانہ ہو جاتے۔

ان ملاقاتوں کے نتیجے میں حکیمِ ملت علامہ اقبال کے نظریات میں ایک عظیم انقلاب رونما ہوا۔ ’’اسرارِ خودی‘‘ اور ’’رموزِ بے خودی‘‘ (فارسی زبان میں) اسی انقلاب کا نتیجہ ہیں۔

ویسے بھی علامہ صاحب نے ابتدائی عمر ہی سے حضرت شمس العلماء علامہ سید میر حسن صاحب (سیالکوٹ) سے علمی استفادہ کیا تھا اور ان کے فیضِ صحبت سے بہرہ مند ہوئے تھے۔ تکمیلِ علم کے بعد حضرت شیخ جیسی یگانۂ روزگار شخصیت کی توجہ بھی انہیں حاصل ہوئی، جس سے علامہ صاحب کو نہ صرف علمی بلکہ روحانی فیض بھی نصیب ہوا۔

یہاں ایک بات قابلِ غور ہے کہ حضرت شیخ کی روحانی توجہ حاصل ہونے کے بعد علامہ صاحب نے اپنا مافی الضمیر ہمیشہ فارسی زبان ہی میں ادا فرمایا۔ اس سلسلے میں ایک واقعہ عرض کرتا ہوں۔

ایک دن میں نے بھی جسارت کرتے ہوئے ان بزرگوں کی زیارت کے لیے اوپر جانے کا ارادہ کیا۔ لیکن ان کی روحانی عظمت نے مجھے مزید آگے بڑھنے کی ہمت نہ دی۔ تاہم وہاں کھڑے کھڑے میں نے حضرت شیخ کی زبان سے محبت بھرے یہ الفاظ سنے:

’’اقبال من از دہن شما می گویم‘‘

(اقبال! میں تو تمہاری زبان سے اپنی بات کہتا ہوں۔)

اللہ اللہ! حضرت شیخ کی علامہ اقبال پر کس قدر مشفقانہ اور روح پرور توجہ تھی! مجھے یہ بات بیان کرتے ہوئے خوشی ہوتی ہے کہ حضرت شیخ اپنے زمانے کے مجددِ ملت تھے۔ حق کا جو پیغام بطور امانت آپ کے پاس تھا، اس کی تبلیغ و اشاعت کے لیے آپ نے اپنی بالغ نظری سے علامہ اقبال ہی کو منتخب فرمایا تھا۔

ملتِ اسلامیہ کے مسائل عالمگیر نوعیت کے ہوتے ہیں۔ یہ مسائل سطحی نہیں بلکہ نہایت عمیق اور گہرے ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس ہر شہر اور ہر ملک کے مقامی مسائل اپنی نوعیت کے اعتبار سے مختلف ہوتے ہیں۔ اس لیے ہمیں ان بزرگوں کی مقامی اہمیت کے بجائے ان کی ملی عظمت کو پیشِ نظر رکھنا چاہیے، کیونکہ ان کی تمام تر تصریحات اور ارشادات دور رس نتائج کے حامل ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر دور میں چند ہی لوگ ان قدسی نفوس کے علمی و روحانی فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہیں۔

جذبات سے بالاتر ہو کر سوچنا اور مستقبل کو پیشِ نظر رکھنا ایسا مقام ہے جو ہر صدی میں ایک یا دو ہی شخصیات کو نصیب ہوتا ہے۔ ظاہری نگاہ سے دیکھا جائے تو علامہ اقبال ایک غیر مذہبی شخصیت دکھائی دیتے ہیں، جبکہ حضرت شیخ اپنے وطن سے جلاوطن ایک سیاسی پناہ گزین نظر آتے ہیں۔ لیکن تقدیر کے قاضی کا فیصلہ ملاحظہ ہو کہ ان دو بزرگوں کی ملاقات کے نتیجے میں ملتِ اسلامیہ کے نوخیز تعلیم یافتہ طبقے میں ایک دائمی انقلاب برپا ہونا تھا، ایسا انقلاب جو مسجد و منبر کے ذریعے ممکن نہ تھا۔

یہی وہ مبارک صحبت تھی جس نے علامہ اقبال سے ’’تجدیدِ اسلام‘‘ جیسا مضمون لکھوایا۔ علامہ صاحب کی فکر میں یہ تبدیلی کیسے رونما ہوئی؟ اس پر غور کیا جائے تو حضرت شیخ کی روحانی توجہ کے سوا کوئی اور سبب نظر نہیں آتا۔

یہ بلند مقام، جو رسمی و دستوری قیود سے بالاتر ہوتا ہے، صرف غیر معمولی بصیرت اور دور اندیشی رکھنے والے بزرگوں ہی کو حاصل ہوتا ہے۔ ورنہ فرقہ پرستی، ملا پرستی، احبار پرستی اور ہر قسم کی نفس پرستی بالآخر خود غرضی ہی پر منتج ہوتی ہے۔

اللہ تعالیٰ ایسے بزرگوں کے ذریعے ہمیشہ ملتِ اسلامیہ کی دستگیری فرماتا رہے۔ آمین!

محمد بشیر علی

تاریخِ تحریر: 21 رمضان المبارک 1389ھ

ماخذ: ماہنامہ معارفِ اسلام، لاہور، اپریل 1961ء

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha