حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاراچنار/ دار القرآن والعترۃ، شاخ مسجد امام زین العابدینؑ پاراچنار میں 17 طلبہ و طالبات کے ناظرہ خوانی قرآن کریم کی تکمیل کے موقع پر تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد ہوئی۔ جمعرات، 22 اکتوبر 2026ء کو منعقدہ اس تقریب میں علمائے کرام نے قرآن کریم سے عملی وابستگی، سیرتِ اہل بیتؑ کی پیروی اور نئی نسل کی قرآنی تعلیم و تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔

دار القرآن والعترۃ پاراچنار کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس تقریب میں 8 طلبہ اور 9 طالبات نے قرآن کریم کی ناظرہ خوانی مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے طلبہ و طالبات کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم کو عملی زندگی کا حصہ بنانا انفرادی اور اجتماعی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
قرآن سے وابستگی روشن مستقبل کی ضمانت ہے
تحریک حسینی پاراچنار کے سینئر رہنما مولانا حاجی عابد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم سے انس و وابستگی کی ایسی محفلیں قوم و ملت، بالخصوص نوجوان نسل کے روشن اور کامیاب مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے قرآنی تعلیمات کو زندگی میں اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قائم مقام مرکزی امام جمعہ و جماعت مولانا نور حسین نجفی نے علاقے میں قرآنی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دار القرآن والعترۃ پاراچنار کا یہ اقدام اس سلسلے میں ایک اہم اور بابرکت قدم ہے۔ انہوں نے قرآنی تعلیم و تربیت کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
مدرسہ جعفریہ کے استاد اور بزرگ عالم دین علامہ سید احمد حسین الحسینی نے دار القرآن والعترۃ کے قرآنی مشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر معاشرہ قرآن کریم سے مضبوط وابستگی اختیار کر لے تو پورا علاقہ نورانیت، کامیابی اور الٰہی مقاصد کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔
قرآن و اہل بیتؑ سے وابستگی نئی نسل کی ضرورت ہے
تحریک حسینی کے سابق صدر علامہ سید تجمل حسینی نے قرآن کریم کی عظمت اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کی روشنی میں اس کی تعلیمات پر عمل کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام سے وابستہ کرنا ایک دینی اور لازمی ذمہ داری ہے۔

دار القرآن والعترۃ کے معلم علامہ جاوید حسین انقلابی نے تقریب میں شریک علمائے کرام، مہمانوں اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور قرآنی تعلیم و تربیت کے اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی تعاون کی اپیل کی۔
تقریب کی نظامت دار القرآن والعترۃ کے چیئرمین علامہ ذیشان حیدر نے انجام دی۔ انہوں نے قرآن کریم سے تمسک کی اہمیت بیان کرتے ہوئے علامہ محمد اقبال کے اس شعر کی وضاحت کی:
وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارکِ قرآن ہو کر

علامہ ذیشان حیدر نے شعر کی تشریح کرتے ہوئے قرآن کریم سے وابستگی کو امت مسلمہ کی عزت، سربلندی اور کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر ناظرہ قرآن کریم مکمل کرنے والے تمام 17 طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی علمی و دینی ترقی اور روشن مستقبل کے لیے دعا کی گئی۔










آپ کا تبصرہ