تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی
حوزہ نیوز ایجنسی | تاریخِ علم و فقاہت میں بعض شخصیات ایسی ہیں جن کی عظمت کا اعتراف صرف ان کے ہم عصر علماء و فقہاء تک محدود نہیں رہتا، بلکہ آنے والی نسلیں بھی ان کے علمی مقام کو تسلیم کرتی ہیں۔ ان کے افکار، تحقیقات اور علمی خدمات زمانے کی حدود سے آگے بڑھ کر صدیوں تک اہلِ علم کی رہنمائی کرتی ہیں۔ خاتم الفقہاء، شیخِ اعظم، نابغۂ فقاہت، محققِ کبیر، مجددِ علمِ اصول و معمارِ فقہِ استدلالی، آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ ایسی ہی تاریخ ساز شخصیت ہیں، جنہوں نے فقہ و اصول کے میدان میں اپنی غیر معمولی ذہانت، تحقیقی گہرائی، اجتہادی بصیرت اور علمی دیانت سے ایسا مقام حاصل کیا جو آج بھی حوزہ ہائے علمیہ کے لئے ایک بلند علمی معیار ہے۔
شیخ اعظم رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی عظمت کا اعتراف رہبر شہید آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے متعدد بیانات میں نمایاں طور پر ملتا ہے۔ ان بیانات میں شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت کے تین اہم پہلو سامنے آتے ہیں: ان کا غیر معمولی علمی و تحقیقی مقام، ان کی معنوی و اخلاقی زندگی اور ان کی شخصیت کی وہ آفاقی کشش جو مغربی مفکرین کو بھی اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔
آیۃ اللہ خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے 14 فروری 1993ء کو علماء کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عظیم فقہاء کی علمی خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے صاحبِ جواہر رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی فقہی کاوش پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک انسان کا تنہا فقہ کا مکمل دورہ اس قدر دقت اور تحقیق کے ساتھ مرتب کرنا اور اسلامی حقوق کے میدان میں ایک عظیم دائرۃ المعارف تخلیق کرنا، معجزہ سے مشابہ ہے۔ اس کے بعد انہوں نے شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ اور صاحبِ ریاض رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو بھی اسی قبیل کے عظیم علماء میں شمار کیا۔
یہ بیان شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی عظمت کو سمجھنے کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ ان عظیم فقہاء میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی علمی تحقیق، فقہی استنباط اور دینی علوم کی خدمت کے لئے وقف کر دی۔ ان کی علمی شخصیت محض تصنیف و تالیف تک محدود نہیں تھی، بلکہ انہوں نے فقہ و اصول کے تحقیقی منہج کو نئی گہرائی اور وسعت عطا کی۔
آیۃ اللہ خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے 24 مئی 1995ء کو علماء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی شخصیت کا ایک اور قابلِ توجہ پہلو بیان کیا۔ انہوں نے ایک ایرانی مفکر کا قول نقل کیا: ’’آج مغرب شیخ انصاری اور ملاصدرا جیسی شخصیات کی تلاش میں ہے۔ ان کی زندگی، معنویات اور اقدار آج مغربی شخصیات اور مفکرین کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔‘‘
یہ بیان شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی عظمت کو محض فقہی اور علمی دائرے سے نکال کر ایک وسیع انسانی و معنوی تناظر میں پیش کرتا ہے۔ کسی عالم کی شخصیت کا یہ غیر معمولی پہلو ہے کہ اس کی علمی تحقیقات کے ساتھ اس کی زندگی، اخلاق اور روحانی اقدار بھی دوسرے معاشروں کے اہلِ فکر کے لئے کشش رکھتی ہوں۔ شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی زندگی اسی حقیقت کی مثال ہے کہ علم جب تقویٰ، اخلاص اور اخلاقی پاکیزگی سے ہم آہنگ ہوتا ہے تو اس کی تاثیر جغرافیائی اور تہذیبی سرحدوں سے آگے بڑھ جاتی ہے۔
شیخ مرتضیٰ بن محمد امین انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ 1214 ہجری میں دزفول، ایران میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے بعد مختلف علمی مراکز میں تحصیلِ علم جاری رکھی اور بالآخر نجف اشرف میں فقہ و اصول کے میدان میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ مسلسل محنت، عمیق مطالعہ، فکری استقلال اور تحقیقی ذوق نے انہیں ایسا بلند مقام عطا کیا کہ بعد کے فقہاء نے ان کے علمی منہج سے بھرپور استفادہ کیا۔ 18 جمادی الثانی 1281 ہجری میں ان کی وفات ہوئی، لیکن ان کی علمی میراث آج بھی زندہ ہے۔
شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی سب سے بڑی علمی خصوصیت یہ تھی کہ انہوں نے فقہ و اصول کو محض سابقہ آرا کی تکرار تک محدود نہیں رکھا، بلکہ تحقیق، تجزیے اور دقیق استدلال کے ذریعہ ان علوم کو ایک نئے علمی مرحلے میں داخل کیا۔ وہ ہر مسئلے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے، دلائل کو باریک بینی سے پرکھتے اور علمی احتمالات کے درمیان موازنہ کرکے نتیجے تک پہنچتے تھے۔ یہی تحقیقی مزاج ان کی فقاہت کی امتیازی شناخت بنا۔
ان کی دو عظیم کتاب المکاسب اور فرائد الاصول المعروف بالرسائل ان کے علمی نبوغ کی روشن مثالیں ہیں۔ المکاسب میں فقہی معاملات کے پیچیدہ مسائل کو گہری تحقیقی نظر سے پیش کیا گیا، جبکہ الرسائل میں علمِ اصول کے دقیق مباحث کو منظم اور استدلالی انداز میں مرتب کیا۔ ان کتابوں کی علمی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود یہ حوزہ ہائے علمیہ کے اعلیٰ علمی مراحل میں تدریس و تحقیق کا اہم حصہ ہیں۔
شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے فقہی استنباط میں اصولی قواعد کی اہمیت کو واضح کیا اور علمی اختلافات کو دلیل و برہان کی بنیاد پر پرکھنے کا منہج مضبوط کیا۔ ان کے دور میں اخباری اور اصولی مکاتب کے درمیان علمی مباحث نمایاں تھے۔ انہوں نے اصولی فکر کو دقیق تحقیق اور مضبوط استدلال کے ذریعہ استحکام بخشا، جس سے فقہ جعفری میں اجتہادی تحقیق کے منہج کو مزید وسعت اور پختگی حاصل ہوئی۔
تاہم شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی عظمت صرف ان کی علمی تحقیقات اور فقہی تالیفات تک محدود نہیں تھی۔ ان کی زندگی سادگی، تواضع، تقویٰ، زہد اور اخلاص کا نمونہ تھی۔ انہوں نے علم کو شہرت، منصب اور دنیوی وجاہت کا ذریعہ بنانے کے بجائے رضائے الٰہی اور خدمتِ دین کا وسیلہ سمجھا۔ ان کی شخصیت میں علم و عمل، فقاہت و معنویت اور تحقیق و اخلاق کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔ یہی وہ پہلو ہے جسے رہبر شہید آیۃ اللہ خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے مغربی مفکرین کی توجہ کا باعث قرار دیا ہے۔
ان کی علمی خدمات کا ایک اہم ثمرہ شاگردوں کی تربیت بھی تھا۔ ان کے حلقۂ درس سے متعدد ممتاز علماء اور فقہاء نے علمی فیض حاصل کیا۔ نابغہ روزگار، زعیمِ کبیرِ عالمِ تشیع، معمارِ بیداریِ اسلامی، میرزائے بزرگ شیرازی آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد حسن شیرازی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ جیسی عظیم شخصیت ان کے شاگردوں میں شامل تھی، جنہوں نے بعد میں عالمِ تشیع کی علمی اور سماجی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اس طرح شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے صرف کتابیں نہیں چھوڑیں، بلکہ ایک مضبوط علمی روایت اور تربیت یافتہ نسل بھی تیار کی۔
رہبر شہید آیۃ اللہ خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے 24 اکتوبر 2010 ء کے ایک بیان میں شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے علمی مرتبے کی غیر معمولی بلندی کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کے بعد آنے والے شاگردوں اور شاگردوں کے شاگردوں میں بھی کوئی ان کے مقام تک نہیں پہنچ سکا۔ یہ اعتراف شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی انفرادیت اور اجتہادی نبوغ کی گہرائی کو نمایاں کرتا ہے۔ اس کا مطلب بعد کے فقہاء کی علمی خدمات کی نفی نہیں، بلکہ شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی غیر معمولی تحقیقی صلاحیت، فکری گہرائی اور علمی اثرات کا اعتراف ہے۔
شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی علمی میراث آج بھی نجف اشرف، قم مقدسہ اور دنیا کے مختلف حوزہ ہائے علمیہ میں زندہ ہے۔ ان کی تصنیفات پر لکھی جانے والی شرحیں، حواشی اور تحقیقی تعلیقات اس بات کی گواہ ہیں کہ ان کی فکر نے فقہ و اصول کی علمی روایت پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کئے ہیں۔
عصرِ حاضر میں شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی زندگی علماء، محققین اور طلبہ کے لئے ایک اہم پیغام رکھتی ہے۔ وہ یہ کہ علمی عظمت محض معلومات کی کثرت سے حاصل نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لئے عمیق مطالعہ، وسعتِ نظر، مسلسل محنت، علمی دیانت، فکری استقلال اور روحانی پاکیزگی ضروری ہے۔ حقیقی عالم وہ ہے جس کا علم اس کے کردار میں جھلکے، جس کی تحقیق میں اخلاص ہو اور جس کی زندگی علم و عمل کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرے۔
آج دنیا سائنسی اور تکنیکی ترقی کے باوجود اخلاقی بحران اور معنوی تشنگی جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے ماحول میں شیخ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ جیسی شخصیات کی زندگی اس حقیقت کی یاد دہانی کراتی ہے کہ علم کی حقیقی قدر اسی وقت سامنے آتی ہے جب وہ انسان کو اخلاق، تقویٰ اور ذمہ داری کی طرف لے جائے۔ ان کی زندگی صرف حوزہ ہائے علمیہ کے طلبہ کے لئے نہیں، بلکہ ہر اس انسان کے لئے قابلِ مطالعہ ہے جو علم، کردار اور روحانیت کے درمیان حقیقی تعلق کو سمجھنا چاہتا ہے۔
بلاشبہ، شیخ مرتضیٰ انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی عظمت ان کی فقہی تحقیقات، اصولی تصنیفات و تالیفات، شاگردوں کی تربیت اور معنوی زندگی کے مجموعے میں جلوہ گر ہے۔ شہید آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے مذکورہ بیانات اسی حقیقت کے مختلف پہلوؤں کو روشن کرتے ہیں۔ شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ صرف ایک عظیم فقیہ نہیں، بلکہ ایسی علمی و معنوی شخصیت ہیں جن کی زندگی اور اقدار اپنے عہد سے آگے بڑھ کر دوسری تہذیبوں کے اہلِ فکر کو بھی متوجہ کر سکتی ہیں۔
شیخ اعظم شیخ مرتضی انصاری رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کا علمی چراغ آج بھی روشن ہے۔ ان کی کتابیں درس گاہوں میں پڑھی جاتی ہیں، ان کے نظریات علمی مباحث کو نئی جہت دیتے ہیں اور ان کی معنوی زندگی اہلِ علم کو یہ سبق دیتی ہے کہ علم کی معراج صرف ذہن کی وسعت نہیں، بلکہ روح کی پاکیزگی بھی ہے۔ یہی وہ عظمت ہے جو کسی عالم کو محض تاریخ کا حصہ نہیں، بلکہ تاریخ کا زندہ حوالہ بنا دیتی ہے۔










آپ کا تبصرہ