۲۸ مهر ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الثانی ۱۴۴۶ | Oct 19, 2024
متحدہ علماء محاذ پاکستان

حوزہ/ علماء مشائخ نے کہا کہ اسرائیل حماس و حزب اللہ کو شیعہ و سنی نہیں بلکہ مسلمان مجاہد سمجھ کر شہید کررہا ہے، فرقہ وارانہ تفریق کی سازشیں کرنے والے اسرائیلی عزائم کو تقویت دے رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکر کے جید علماء و مشائخ، بشمول مرکزی قائدین علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا محمد امین انصاری، علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، اور علامہ محمد حسین مسعودی، نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار اور ان کے ساتھیوں کی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی ہے۔ انہوں نے اس سانحے کو مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

علماء نے کہا کہ حماس و حزب اللہ کے قائدین اور مقاومتی مجاہدین نے مسلمانوں کے مشترکہ قبلہ اول، بیت المقدس کی حفاظت اور آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے کر شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوکر اپنے رب، رسول اکرمؐ، اہل بیتؑ اطہار اور اصحابِ رسولؓ کی بارگاہ میں کامیاب و سرخرو ہو رہے ہیں اور جنت کے حقدار بن رہے ہیں۔ دوسری جانب، فلسطینی مظلوموں کا ساتھ نہ دینے والے اللہ کے غیض و غضب اور عذاب کے مستحق بن رہے ہیں۔

شہدائے القدس نے بدر، اُحد، حنین اور خندق کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ اسرائیل حماس اور حزب اللہ کے مجاہدین کو شیعہ و سنی کے فرق کے بغیر، صرف مسلمان مجاہد سمجھ کر نشانہ بنا رہا ہے۔ فرقہ وارانہ تفریق کی سازشیں کرنے والے عناصر دراصل اسرائیلی عزائم کو تقویت پہنچا رہے ہیں، جس کے خلاف تمام مسلمانوں کو متحد ہونا چاہیے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .