۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ عارف حسین واحدی

حوزہ / شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب نے پاکستان کی معروف درسگاہ جامعہ امام خمینی (رہ) میں عظیم الشان پروگرام بعنوان "تحفظ حقوق ملت جعفریہ اور استحکام پاکستان" میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے پاکستان کی معروف درسگاہ جامعہ امام خمینی (رہ) میں علامہ سید افتخار حسین نقوی حفظہ اللہ کے زیر صدارت مرکزی عزاداری کونسل میانوالی کی طرف سے منعقدہ عظیم الشان پروگرام بعنوان "تحفظ حقوق ملت جعفریہ اور استحکام پاکستان" میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے اپنے خطاب کے دوران تاریخ میں مکتب تشیع کے شاندار کردار اور مقابلے میں آنے والے دشمنوں کے مقابلے میں قربانیوں اوں اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: بنو امیہ اور بنو عباس کی ملوکیت کے مقابلے میں تشیع نے یہ ثابت کیا کہ ہم ظلم و جبر،قید و بند اور طاقت و تلوار سے شکست کھانے والے نہیں بلکہ حق کی سربلندی اور اصولوں کی پاسداری کے لئے قربانی دے کر یہ حقیقت عیاں کرتے آئے ہیں کہ مظلوم کا خون ہمیشہ تلوار،اسلحے،پابندی،دہشتگردی اور تعصب پر مبنی ظالمانہ قانون سازی پر غالب رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: وہ یزیدی قوت جو 61 ہجری میں نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی دہشتگردی کی مرتکب ہو کر مشن اہلبیت اطہار علیہم السلام کو نہ مٹا سکی اور دنیا نے دیکھا کہ مظلومیت اور قربانی تلوار پر غالب آگئی تو آج کے دور میں یہ یزیدی کیسے حسینیت پر غالب آئیں گے۔

علامہ عارف واحدی نے ملتِ تشیع کی قیادت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالی کا ہم پر خاص کرم ہے کہ ہر دور میں ہمیں بیدار اور مخلص قیادت عطا فرمائی ہے۔

انہوں نے کہا: قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے اپنی حکمت و دانائی اور تدبر و فراصت سے جہاں اپنی ملت کی بہترین قیادت و راہنمائی کی ہے وہیں پاکستان کے استحکام،سالمیت اور وحدت و اتحاد میں اپنا بنیادی کردار بھی ادا کیا ہے۔ ان کی مدبرانہ قیادت میں ہم نے ہمیشہ اسلام و پاکستان اور دشمن قوتوں کی شرپسندی اور فرقہ وارانہ سازشوں اور دہشتگردی کو ناکام و نامراد بنایا ہے اور ان شاءاللہ ناکام بناتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا: الحمد للہ ہم نے ہمیشہ مسلکی پاکستان بنانے والوں کی سازشوں کو کامیاب حکمت عملی سے روکا ہے قوم پھر بھی تیار رہے جب بھی قائد محترم کوئی سازش محسوس کرتے ہوئے بلائیں گے تو ہر وقت بیدار و تیار رہیں۔ ہم پاکستان کی بڑی محب وطن قوت کے طور پر ملک میں موجود ہیں ہماری مشاورت کے بغیر ملی مفادات کے خلاف کوئی قانون کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ ہماری قیادت اتحاد بین المسلمین کی بانی ہے لذا اتحاد امت کی فضا کو آگے بڑھانے میں سب شیعہ سنی ملکر کردار ادا کرتے رہیں اسی میں امت کی بھلائی اور وطن عزیز پاکستان کی سرفرازی، کامیابی اور سلامتی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ پروگرام میں چیئرمین امام خمینی ٹرسٹ علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ سید انتصار نقوی، علامہ سید انتظار مہدی نقوی، ایڈووکیٹ سید اقرار حسین شاہ اور دیگر عمائدین نے بھی خطاب کیا۔

مظلوم کا خون ہمیشہ تعصب پر مبنی ظالمانہ قانون سازی پر غالب رہتا ہے، علامہ عارف حسین واحدی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .