اتوار 29 نومبر 2026 - 16:41
انجمن امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ میں چار اہل اور فعال علمائے کرام شامل، صدر آغا باقر الحسینی نے حلف لیا

حوزہ/ سکردو کے فعال اور باصلاحیت علماء کو ان کی علمی و تبلیغی خدمات کی بنیاد پر مرکزی کابینہ کا حصہ بنایا گیا۔ نئے اراکین میں آغا سید ذیشان رضوی، آغا سید علی حسینی ظہور، شیخ ذاکر حسین آغا اور شیخ ذاکر حسین مقپون شامل ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ انجمن امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ کا ایک اہم اجلاس آج امامیہ مرکز بلتستان میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور اور ادارہ جاتی فعالیت کو مزید مؤثر بنانے کے سلسلے میں سکردو سے تعلق رکھنے والے چار فعال، باصلاحیت اور اہل علمائے کرام کو مرکزی کابینہ کے رکن کے طور پر شامل کیا گیا۔

اس موقع پر صدر انجمن امامیہ بلتستان حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی نے نئے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ مرکزی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے اراکین میں شیخ ذاکر حسین آغا، شیخ ذاکر حسین مقپون، آغا سید علی حسینی ظہور اور آغا سید ذیشان رضوی شامل ہیں۔ نئے اراکین اپنی علمی، تبلیغی اور سماجی خدمات کے حوالے سے علاقے میں نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔

شیخ ذاکر حسین آغا گنگوپی محلہ میں دینی تبلیغ، ذکر و مصائب اور وعظ و نصیحت کے حوالے سے معروف ہیں۔ شیخ ذاکر حسین مقپون شبیہ قتل گاہ شریف کی مسجد کے امام جماعت ہیں اور اپنے مؤثر و پُراثر اندازِ وعظ کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔

آغا سید علی حسینی ظہور نوجوان عالم دین اور اچھے مقرر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ آغا سید ذیشان رضوی حسنین نگر سکردو کے میرواعظ ہونے کے ساتھ ایک اچھے خطیب بھی ہیں۔

انہوں نے رواں سال محرم الحرام میں حسنین نگر کی مرکزی امام بارگاہ میں عشرۂ مجالس سے خطاب کیا، جسے مومنین کی جانب سے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان چاروں علمائے کرام کی علمی و تبلیغی صلاحیتوں، دینی خدمات اور اہلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر انجمن امامیہ بلتستان اور مرکزی کابینہ نے انہیں مرکزی کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

حلف برداری کے موقع پر نئے اراکین نے انجمن امامیہ بلتستان اور امامیہ مرکز بلتستان کے ساتھ خلوص، وفاداری اور بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت عالم دین وہ پہلے بھی معاشرے میں دینی تبلیغ، اصلاح اور خدمت کے فرائض انجام دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ امامیہ مرکز کے ساتھ ان کا تعلق نیا نہیں بلکہ وہ پہلے بھی اس مرکز کے ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ آج کا دن دراصل اسی سابقہ عہد اور وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی اور مرکزی کابینہ کا اعتماد کرنے اور انہیں یہ ذمہ داری سونپنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر انجمن امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی نے اپنی اور مرکزی کابینہ کی جانب سے نئے اراکین کو ذمہ داری قبول کرنے پر مبارک باد پیش کی، ان کے اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی علمی، دینی اور تبلیغی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انجمن امامیہ بلتستان کے تنظیمی، دینی اور اجتماعی اہداف کے حصول میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر شیخ زاہد حسین زاہدی، سیکریٹری جنرل محمد نذیر شگری، نائب صدر شیخ الیاس قمی، رابطہ سیکریٹری آغا سید قمر عباس حسینی، سیکریٹری نشر و اشاعت آغا زمانی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل شاکر ریحان اور لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ کاچو ظفر علی خان بھی موجود تھے۔ انجمن امامیہ بلتستان کی مرکزی کابینہ میں ان نئے اراکین کی شمولیت کو تنظیمی فعالیت میں اضافے، علماء کے باہمی تعاون اور دینی و سماجی خدمات کے دائرے کو مزید وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha