منگل 16 دسمبر 2025 - 14:03
انجمنِ امامیہ بلتستان کا ضلع گانچھے میں اجتماع؛ شیخ یعسوبی صدر منتخب/علاقائیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایک قوم بننے کی ضرورت پر زور

حوزہ/ ولادتِ حضرت فاطمہ زہراء کے موقع پر گانچھے میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی؛ اس موقع پر حجت الاسلام شیخ ذوالفقار علی یعسوبی کو انجمنِ امامیہ بلتستان گانچھے کا صدر منتخب کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان حجت الاسلام آغا سید باقر الحسینی اور نائب صدر مولانا ذوالفقار علی انصاری نے خپلو کریس کا دورہ کیا؛ اس موقع پر انہوں نے سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت کے سلسلے میں منعقدہ عظیم الشان تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر انجمنِ امامیہ بلتستان شیخ ذوالفقار علی انصاری نے کہا کہ انجمنِ امامیہ بلتستان کا بنیادی مقصد معاشرے کو اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے روشناس کروانا اور امامِ زمانہ عج کے ظہور کے لیے فکری اور عملی تیاری کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتِ محمد و آلِ محمد علیہم السلام کا تحفظ، اسلامی تعلیمات کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین و المؤمنین انجمنِ امامیہ کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔ علاقائیت، لسانیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید باقر الحسینی نے انجمنِ امامیہ خپلو کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور صدر و اراکین کو مبارک باد پیش کی۔

انجمنِ امامیہ بلتستان کا ضلع گانچھے میں اجتماع؛ شیخ یعسوبی صدر منتخب/علاقائیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایک قوم بننے کی ضرورت پر زور

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمنِ امامیہ بلتستان ایک مرکزی اور منظم پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد بلتستانی قوم کو بیدار اور باخبر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد کی صورت میں نہ صرف ہماری زمینیں، بلکہ ہمارے وسائل اور معدنیات بھی محفوظ رہیں گے۔ بلتستان میں کسی بھی مسئلے کی صورت میں تمام مسالک کے علماء کو ساتھ بٹھا کر مشترکہ بیانیہ جاری کیا جاتا ہے، تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع گانچھے کے علماء کی مشاورت سے حجت الاسلام شیخ ذوالفقار علی یعسوبی کو انجمنِ امامیہ بلتستان گانچھے کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ نو منتخب صدر اور کابینہ انجمن کے اہداف و مقاصد کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انجمنِ امامیہ بلتستان گانچھے کی نو منتخب کابینہ درج ذیل ہے: حجۃ الاسلام شیخ ذوالفقار علی یعسوبی(صدر)، شیخ محمد علی جعفری ''امام جمعہ گون'' (نائب صدر)، شیخ اصغر ''امام جمعہ غواڑی کورو'' (نائب صدر)، شیخ محسن علی محسنی (جنرل سیکرٹری)، شیخ غلام محمد کراروی (سیکرٹری نشر و اشاعت)، حجۃ الاسلام سید بشارت موسوی (سیکرٹری مالیات)۔

نو منتخب صدر حجت الاسلام والمسلمین شیخ ذوالفقار علی یعسوبی نے اس موقع پر کہا کہ وہ انجمنِ امامیہ کے پلیٹ فارم سے دینی، مذہبی اور قومی مسائل کے حل کے لیے پوری دیانت داری اور باہمی تعاون کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha