حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو بلتستان کے معروف عالم دین اور نائب امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن سروری نے گزشتہ دنوں حضرت فاطمہ زہراء سلام الله علیہا کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے کہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کا نورانی وجود حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق سے بھی پہلے موجود تھا، جس کا مقصد عالم انسانیت کی رہنمائی کرنا تھا۔
علامہ شیخ سروری نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عبادت، صبر و استقامت، سخاوت اور اعلیٰ اخلاق پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سیدہ کا کردار ہمارے لیے ایک عملی نمونہ ہے جس سے ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی ملتی ہے۔
انہوں نے جناب سیدہ کے دور میں جنتی خواتین کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے اسے سیدہ کے مقام و مرتبے اور عظمت کی دلیل قرار دیا۔
علامہ سروری نے سیدہ کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے دیئے گئے چار اہم اعمال: قرآن کی تلاوت، انبیاء علیہم السّلام کی شفاعت، مؤمنین کی مغفرت کے لیے دعا اور حج و عمرہ کا ثواب، بیان کرتے ہوئے معاشرے میں قرآنی علوم پر زور دیا۔









آپ کا تبصرہ