منگل 9 دسمبر 2025 - 14:10
حسین آباد پبلک اسکول سکردو کے سالانہ امتحانات کے نتائج؛ تقریب تقسیمِ انعامات

حوزہ/حسین آباد پبلک اسکول سکردو میں سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کے باوقار اعلان اور اسپورٹس ویک 2025ء میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم کی پروقار تقریب نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات کی علمی و ہم نصابی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حسین آباد پبلک اسکول سکردو میں سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کے باوقار اعلان اور اسپورٹس ویک 2025ء میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم کی پروقار تقریب نہایت شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات کی علمی و ہم نصابی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔

اسکول انتظامیہ نے نہایت سلیقے اور خوبصورتی کے ساتھ رنگارنگ پروگرام ترتیب دیا، جس میں بچوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا دلکش اظہار کیا۔

تقریب کا آغاز طلبہ کی لبوں سے سجی حمد، نعت اور منقبت کی روح پرور پیشکش سے ہوا۔ بعد ازاں طالبات نے اردو اور انگریزی میں مدلل، بامقصد اور پراعتماد تقاریر پیش کیں جنہیں سامعین نے بے حد پسند کیا۔ پروگرام کے دوران بچوں کی تربیت، تخلیقی صلاحیتوں اور تعلیمی استعداد کار کو نمایاں کرنے والے مختلف سلسلے بھی شامل تھے جو ادارے کے اعلیٰ تدریسی معیار کا منہ بولتا ثبوت تھے۔

مہمانانِ خصوصی ڈپٹی کنٹرولر ایگزامینیشن یونیورسٹی آف بلتستان جناب وزیر آفتاب، صدرِ محفل محکمہ تعلیم کے سابق ایماندار آفیسر و استاد نذیر تاج صاحب اور پرنسپل حسین آباد پبلک اسکول برادر وزیر اظہر مہدی نے اپنے خطابات میں کہا کہ انسان اشرف المخلوقات ہے، اس لیے بچوں کو محض پوزیشنز کی دوڑ تک محدود کرنا دانش مندی نہیں۔ ہر بچہ اپنی الگ فطری خصوصیات کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔

تعلیم کا مقصد صرف نمبرات کا حصول نہیں، بلکہ شعور، کردار، اخلاق، خود اعتمادی اور عملی زندگی کے لیے تیاری پیدا کرنا ہے۔ اسکول کا دور بچے کی زندگی کا بنیادی اور فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے، اس لیے والدین اور اساتذہ دونوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں کی پہچان کر کے انہیں درست سمت عطا کریں۔ تقریب کے اختتام پر سال بھر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات، اعزازی میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ کھیلوں میں کامیاب ٹیموں کی بھی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی گئی، جس سے ان میں ٹیم ورک، اعتماد اور مثبت مسابقت کا جذبہ مزید پروان چڑھا۔

حسین آباد پبلک اسکول کی سب سے نمایاں خوبی اس کا دوستانہ، پراعتماد اور خوف سے پاک ماحول ہے جہاں بچے بلا جھجھک سوال کرتے ہیں اور اساتذہ محبت و توجہ سے رہنمائی کرتے ہیں۔ برادر وزیر اظہر مہدی اپنی شفقت، فوری تعاون اور والدین کے ساتھ مسلسل رابطے کے باعث ایک بہترین معلم اور شفیق رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسکول مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ادارے کو محض کاروبار نہیں بلکہ ایک مقدس امانت سمجھیں۔ بہترین، محفوظ اور باوقار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اساتذہ کا کردار صرف پڑھانا نہیں بلکہ کردار سازی اور شخصیت سازی بھی ہے۔ بچے کو سوچنے، سمجھنے، سوال کرنے اور اپنی رائے کے اظہار کا موقع دینا ہی اصل تعلیم ہے۔ والدین، اساتذہ اور انتظامیہ کے مضبوط روابط ہی کسی کامیاب تعلیمی نظام کی بنیاد ہوتے ہیں۔

آخر میں میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ برادر وزیر اظہر مہدی اور ان کی پوری ٹیم کے اخلاص، محنت اور خدمت میں مزید برکت عطا فرمائے اور تمام اساتذہ کو اپنے فرائض بہترین انداز میں ادا کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha