حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سید محسن شہریار نے گزشتہ رات احتجاجی مظاہرے میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پر حکومت کی جانب سے کیے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اس فعل کی مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر واٹر کینن کے ذریعے زہریلا اور کیمیائی مادوں سے آلودہ پانی پھینکا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کو برداشت کرنے کے بجائے اسے ریاستی طاقت کے ذریعے دبانا ن لیگ کی سیاست کا پرانا اور شرمناک وطیرہ ہے۔ ماڈل ٹاؤن سے لے کر مرید کے تک، ہر سانحے میں عام شہریوں پر ظلم و جبر کے پیچھے ن لیگ کی حکومت ہی کھڑی نظر آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ محض اتفاقات نہیں، بلکہ تشدد پسند جماعتی پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام پر ظلم و جبر کر کے حکمرانی کرنا ہے۔
ترجمان مجلسِ وحدت المسلمین نے کہا کہ کل اڈیالہ جیل کے باہر جو کچھ ہوا وہ ریاستی بربریت کی ایک اور واضح مثال ہے، پرامن مظاہرین پر واٹر کینن کے ذریعے زہریلا اور کیمیائی مادوں سے آلودہ پانی پھینکا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزرگ عالمِ دین، سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ناقابلِ برداشت فعل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وحشیانہ، غیر انسانی اور غیر آئینی کارروائی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
سید محسن شہریار نے کہا کہ ہماری قیادت کو معمولی آنچ بھی آئی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ملتِ تشیع خاموش نہیں رہے گی، بلکہ سڑکوں پر آ کر بھرپور اور فیصلہ کن احتجاج کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ ظلم، جبر اور فسطائیت کے ذریعے قوموں کو دبایا نہیں جا سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ